تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات سے قبل
شرکت کرنے والے طلبہ کو اردو نصاب فراہم کیا جائے
اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیر داخلہ محمدمحمود علی کی ہدایت
حیدرآباد: 16۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)
ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے گروپ4,3,2,1 کے امتحانات میں شرکت کرنے والے اردو میڈیم طلباوطالبات کے لیے امتحانات کے انعقاد سے قبل نصاب کا پورا مواد اردو زبان میں تیار کرتے ہوئے انہیں فراہم کیا جائے تا کہ امتحانات لکھنے میں انہیں آسانی حاصل ہو۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اردو مواد فراہم کرنا درحقیقت اردو کے طلبہ کی حقیقی خدمت کرنے کے مترادف ہے۔

اس سلسلہ میں وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے اپنے دفتر واقع لکڑی کا پُل میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا جس میں چیئرمین مینارٹی فینانس کارپوریشن چیرمن جناب محمد امتیاز اسحاق،قانونی مشیر برائے اقلیتی امور جناب اے کے خاں،پرنسپال سکریٹری جناب احمد ندیم، ڈائرکٹر جناب شاہنواز قاسم،سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سیکریٹری جناب سیدعمرجلیل،سیکریٹری ٹمریز جناب شفیع اللہ،پروفیسر ایس اے شکور اور ڈسٹرکٹ مینارٹی ویلفیئر آفیسر جناب قاسم شریک تھے۔
ریاستی وزیرداخلہ جناب محمدمحمود علی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے اعلان کردہ تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ 80.039 سرکاری جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔اور اردو والوں کو اردو زبان میں امتحان دینے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیر داخلہ نےاس اجلاس میں شریک عہدیداروں سے مسابقتی امتحانات میں موجود اردو مواد اور اسٹڈی سنٹرس کی تفصیلات حاصل کیں۔
بعدازاں وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے کہا کہ اردو میڈیم طلبہ کے لیے یہ ایک سنہری موقع ہے۔بالخصوص وزیراعلیٰ کے سی آر اس سلسلہ میں کافی سنجیدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بازار میں انگریزی اور تلگو کا نصاب وافر مقدار میں موجود ہے۔لیکن اردو زبان میں کوئی مواد دستیاب نہیں ہے۔اسی لیے اردو کے طلبہ کو نصابی مواد فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس اجلاس میں ڈائرکٹر شاہنواز قاسم نےبتایا کہ حیدرآباد میں محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اردو میڈیم طلبہ کے لیے ایک خصوصی اسٹڈی سنٹر کا آغاز کیا جارہا ہے۔جس کے لیے اردو کے ماہر اساتذہ کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ڈاکٹر شاہنواز قاسم نے ریاست کے تمام اردو میڈیم طلبا و طالبات سےخواہش کی ہے کہ وہ اپنے علاقہ کے ڈسٹرکٹ مینارٹی ویلفیر آفسر (ڈی ایم ڈبلیو او) سے رابطہ قائم کرتےہوئے اپنے ناموں کا اندراج کروالیں یا حیدرآباد میں موجود مینارٹی اسٹڈی سنٹر کے فون نمبر 23236112-040 پر 10 بجے صبح تا شام 5 بجے ربط قائم کرکے اپنا نام اور پتہ درج کروائیں۔
اردو میڈیم طلبہ کے لیے اپنا نام درج کروانے کی آخری تاریخ 23 مئی مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اردو میڈیم طلبہ کے لیے یہ ایک سنہری موقع ہے جس سے فائدہ اٹھایا جائے۔
چیئر مین مینارٹی فینانس کارپوریشن جناب محمد اسحاق کے استفسار پر ڈائرکٹر جناب شاہنوازقاسم نے تیقن دیا کی اندرون ایک ہفتہ ” ٹیچرز ایلجیبیٹی ٹسٹ( ٹیٹ TET)”کے امیدواروں کےلیے جدید مواد پر مشتمل نصاب شائع کرکے فراہم کیا جائے گا تاکہ انہیں امتحانات میں اعلیٰ نشانات حاصل ہوسکیں۔
وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے اردو کے طلبہ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ اردو طلبہ کو آسانیاں اور مواقع فراہم کرنے میں سنجیدہ ہے اسی لیے ان کو اردو زبان میں امتحان دینے اورسرکاری ملازمت فراہم کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔ان مواقعوں کو اردو کے طلبہ سنجیدگی سے لیں اور سخت محنت کریں تاکہ سرکاری ملازمت کا حصول ممکن ہو۔

انہوں نے تمام اقلیتی طلبا و طالبات کو مشورہ دیا ہے کہ جن جن مقامات پر حکومت کی جانب سے کوچنگ فراہم کی جارہی ہے اس میں شرکت کرکے کامیابی کو ممکن بنائیں اور سرکاری ملازمت کے حصوک کو ممکن بنائیں۔
سیکریٹری ٹمریز جناب شفیع اللہ نے کہا کہ ریاست بھر میں ٹمریز اسکولوں میں جاری حکومتی کوچنگ سنٹر کے طلبہ کوحکومت تلنگانہ کی جانب سے مفت ظہرانہ اور چائے پانی کا انتظام کیا جائے گا۔جبکہ حیدرآباد اور سکندرآباد میں واقع مینارٹی کوچنگ سنٹرس میں حکومت کی جانب سے ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔
اس اجلاس میں شریک تمام عہدیداروں نے کہا کہ اردو میڈیم طلباء و طالبات کو اب جو مواقع فراہم ہورہے ہیں ماضی میں اس کی مثال کہیں نہیں ملتی،حتی کہ ان کے دؤر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسابقتی امتحانات کی کوچنگ اور مواد کے لیے مختلف لائبرریز کی خاک چھانتے تھے۔جبکہ اب موجودہ حکومت ملازمت کے متلاشیوں کے لیے تمام سہولتیں فراہم کررہی ہے۔

