حیدرآباد میں ہفتہ کے دن بھی شدید گرج چمک کے ساتھ بارش
مسجد میں سیلابی پانی داخل،موسیٰ ندی میں مگرمچھ,سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب
حیدرآباد:9۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ اور دارالحکومت حیدرآباد میں موسم کی آخری اور تباہ کن بارش کاسلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔
کل جمعہ کے دن رات 8 بجے سے 11 بجے تک ہونے والی شدید بارش نے سارے شہر کو جھیل میں تبدیل کرکے رکھ دیا تھا اور سڑکوں پر بہنے والے سیلابی پانی میں کئی گاڑیوں کے ڈوب جانے سے گاڑی مالکین کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔کئی شورومس میں بھی سیلابی پانی داخل ہوجانے سے فرنیچرس،الیکٹرانک اور دیگر اشیا کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

جبکہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں کئی کالونیز،نشیبی علاقوں کے مکانات، دُکانات اور سڑکیں زیر آب آگئی تھیں۔ جمعہ کی رات گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں رات ساڑھے آٹھ بجے سے دس بجے تک 3157.8 ملی میٹر (316 سنٹی میٹر) بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
اسی دؤران کالا پتھر کی مسجد غوث الثقلین میں بڑی مقدار میں سیلابی پانی داخل ہوگیا تھا۔
جبکہ گڈی انارم/دلسکھ نگر میں موجود شیوا گنگا تھیٹر میں بھی پانی داخل ہوجانے سے سینما تھیٹر کا اندرونی علاقہ تالاب کا منظر پیش کررہا تھا اس سینما تھیٹر کی تمام کرسیاں پانی میں ڈوب گئی تھیں۔وہیں اس تھیٹر کی دیوار گرجانے سے پارکنگ کے احاطہ میں 50 سے زائد موٹرسیکلوں کو نقصان پہنچا تھا۔
” پرکاش نگر،بیگم پیٹ کا میٹرو اسٹیشن جہاں سیلابی پانی کے باعث ٹریفک نظام مفلوج ہوگیا تھا”
آج ہفتہ کے دن بھی ریاست کے مختلف مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔جہاں تک بات دارالحکومت حیدرآباد کی ہے تو دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد میں خوفناک گرج اور چمک کے ساتھ ہونے شدید اور پھر موسلادھار بارش نے عام زندگی کو مفلوج کردیا تھا۔
کوکٹ پلی میں بجلی گرنے سے ایک مکان کو شدید نقصان پہنچا جس کے باعث اطراف کے متعدد مکانات میں برقی اشیا ناکارہ ہوگئیں اور اس علاقہ میں برقی سربراہی مسدود ہوگئی تھی۔
دوسری جانب حیدرآباد کی تاریخی موسیٰ ندی میں مگرمچھ کے نظر آنے کے بعد ندی کے کنارے رہنے والے خوف کا شکار ہوگئے۔
” موسیٰ ندی میں مگرمچھ ” (ویڈیو)
جمعہ کی رات ہونے والی شدید بارش کے بعد آج ذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر سے زائد پانی کا موسیٰ ندی میں اخراج عمل میں لایا گیا تھا۔
راجندرنگر عطاپور کے علاقے میں موسیٰ ندی میں پانی کی سطح دیکھنے کی سے چند غرض سے پہنچے تھے۔اس دوران انہوں نے ندی کے کنارے مگر مچھ کو دیکھا اور اس کی ویڈیو لے کر عہدیداروں کو اطلاع دی۔
موسیٰ ندی میں مگرمچھ کی اطلاع سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد اس مگرمچھ کو دیکھنے کی غرض سے عوام کی بڑی تعداد موسیٰ ندی پہنچنے لگی تھی۔
نہرو زوالوجیکل پارک(حیدرآباد زو) اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے جائے مقام پر پہنچ کر اس مگرمچھ کو پکڑنے کی کوشش کی تاہم اس وقت تک مگرمچھ کنارے سے پانی میں اترچکی تھی۔
جس کے فوری بعد عہدیداروں نے موسٰی ندی کے کنارے رہنے والوں کو چوکس کرتے ہوئے وہاں انتباہی بورڈ آویزاں کردیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل قسمت پور کے نواحی علاقے میں دو مگرمچھوں کی لاشیں دستیاب ہوئی تھیں۔

