بہترین اخلاق کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، معاشرہ کے بناؤ اور بگاڑ کا دارومدار عمدہ اخلاق پر : تلنگانہ گرلز اسلامک آرگنائزیشن

بہترین اخلاق کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں،معاشرہ کے بناؤ اور بگاڑ کا دارومدار اخلاق پر
اخلاقی برائیوں کے خاتمے کیلئے تلنگانہ میں دوہفتہ طویل برائی مٹاؤ مہم”و نہی عن المنکر” کا اعلان
گرلس اسلامک آرگنائزیشن کی پریس کانفرنس،تشہیری پوسٹرس کی رسم اجراء

حیدرآباد:10۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)
"
گرلز اسلامک آرگنائزیشن تلنگانہ (GIO) کی جانب سے معاشرے میں پھیلی اخلاقی برائیوں کے ازالے کیلئے ریاستی سطح پر 11 اکتوبر تا 24 اکتوبر 2021ء ایک مہم بعنوان ” ونہی عن المنکر” منائی جارہی ہے۔

اس سلسلہ آج منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ آسیہ تسنیم،ریاستی ناظمہ،شعبہ خواتین،جماعت اسلامی ہند تلنگانہ،محترمہ رمیصہ فاطمہ،ریاستی صدرجی۔آئی۔او تلنگانہ اور محترمہ اُم مہیمن صائمہ،جنرل سکریٹری جی،آئی، او تلنگانہ نے کہا کہ اس مہم کا مقصد معاشرہ سے اخلاقی برائیوں کو ختم کرناہے اور ان کے سد باب کی راہیں ہموار کرنا ہے۔

آ پﷺ فرماتے ہیں” سب سے کامل ایمان اس شخص کا ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہیں”۔

لیکن افسوس کہ آج جب ہم دیکھتے ہیں کہ گلی گلی،محلہ محلہ،جگہ جگہ لڑائی جھگڑا،گالی گلوچ،ظلم و زیادتی،فساد،کینہ،حسد، حق تلفی اور مفاد پرستی عام ہے۔چوری، ڈاکہ زنی، قتل وغارت گری،زنا کاری، رشوت خوری، سود و حرام خوری، دھوکہ دہی، بددیانتی، جھوٹ،خوشامد، دوغلے پن، حرص، طمع، لالچ، ملاوٹ، ناپ تول میں کمی آخر وہ کون سا اخلاقی مرض اور بیماری ہے جو ہم میں داخل نہیں ہوگیا؟۔

انہوں نے کہا کہ اخلاق کسی بھی قوم کی زندگی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،معاشرہ کے بناؤ اور بگاڑ کا دار و مدار اخلاق پر ہے۔اگر معاشرہ اخلاقی برائیوں کے بحران سے دو چار ہو تو پھر ایسا معاشرہ ترقی کے اعلی درجات کو نہیں پاسکتا بلکہ پستی ایسے معاشرے کا عین مقدر بن جاتی ہے۔

اس کام کی سنگینی کو جانتے ہوئے اور معاشرہ کے نازک حالات کو سمجھتے ہوئے گرلز اسلامک آرگنائزیشن تلنگانہ نے 14 روزہ مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔اس مہم کے دؤران اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ معاشرہ میں پھیلی ہوئی برائیوں کو ختم کیا جائے اور اُس کے مضر اثرات جو سماج اور معاشرہ پر مرتب ہو رہے ہیں ان سے عوام کو واقف کروایا جائے۔

” گرلس اسلامک آرگنائزیشن تلنگانہ GIO# کے عہدیداران کی پریس کانفرنس "

مہم کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے محترمہ آسیہ تسنیم ، ریاستی ناظمہ، شعبہ خواتین، جماعت اسلامی ہند،تلنگانہ، محترمہ رمیصہ فاطمہ، ریاستی صدر، جی۔آئی۔او،تلنگانہ اور محترمہ ام مہیمن صائمہ، جنرل سکریٹری، جی۔آئی۔او، تلنگانہ نے بتایا کہ اس 14 روزہ مہم کے دوران ورکشاپ منعقد کیے جائیں گے اور ساتھ ہی سلم پروگرامس، کیمپس،ہاسٹل پروگرامس، مٹیرئیل کے ذریعہ مہم کے پیغام کی ترسیل،ریاستی سطح پر کوئز کا انعقاد اور عوام سے راست ملاقات کا اہتمام کیا جائے گا۔

ساتھ ہی انہوں نے طالبات،نوجوانوں اور خواتین سے خواہش کی کہ وہ اس مہم میں اپنا بھر پور حصہ ادا کریں اور یہ عزم کریں کہ وہ اپنے اندر اچھا بدلاؤ لائیں گے اور اپنے ساتھ ساتھ معاشرہ کو اخلاقی برائیوں سے پاک کریں گے

بعد ازاں اس پریس کانفرنس میں اس مہم کے تشہیری پوسٹرز کی رسم اجرا انجام دی گئی اس موقع پر انجینئر جناب مرزا محمد اعظم علی بیگ،سٹی سکریٹری جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد،جناب سید قمر الحسن رضوی اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ اور گرلز اسلامک آرگنائزیشن تلنگانہ اور شہر حیدرآباد کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔