وقارآبادضلع کے سیاحتی مقام اننت گیری ہلز کی ترقی کے لیے 200کروڑصرف کیے جائیں گے: چیئرمین تلنگانہ ٹورازم سرینواس گپتا

وقارآباد ضلع کے سیاحتی مقام اننت گیری ہلز کی ترقی کے لیے 200 کروڑ صرف کیے جائیں گے
تانڈور میں چیئرمین تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن سرینواس گپتا کی پریس کانفرنس

وقارآباد/تانڈور: 10۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

چیئرمین تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن(ٹی ایس ٹی ڈی سی) اُپلا سرینواس گپتانے کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے حکومت ریاست میں شعبہ سیاحت کو ترقی دینے کے لئے بڑے پیمانے پر مختلف اقدامات کرنے میں مصروف ہے۔

آج اپنے نجی دؤرہ تانڈور کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اُپلا سرینواس گپتانے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں تلنگانہ میں شعبہ سیاحت کے ساتھ بھی امتیازی سلوک برتا گیا تھا تاہم تلنگانہ جہد کار و ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے ریاست کے تمام تاریخی،سیاحتی مقامات اور منادر کو ترقی دینے میں مصروف ہیں۔

وقارآباد ضلع میں موجود سیاحتی مقام ” اننت گیری ہلز "

انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ 1,500 کروڑ کے صرفہ سے یادادری مندر اور وہاں کے مذہبی مقامات کو تروپتی کی طرز پر ترقی دیتے ہوئے تلنگانہ میں دوسرے مذہبی مقام تروپتی کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔

چیئرمین تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اُپلا سرینواس گپتا نے کہا کہ رامپا مندر اور ورنگل کی ایک ہزار ستون والی مندر کو بین الاقوامی پہچان فراہم کرنے میں وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ کا بہت بڑا رول ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ اور ریاستی وزیر سیاحت سرینواس گوڑ کے تعاون سے بشمول حیدرآباد کے ریاست کے تمام سیاحتی مقامات کو ترقی دی جائے گی اور ریاست تلنگانہ کی پہچان سیاحتی ریاست کے طور پر بھی بنائی جائے گی۔

چیئرمین تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اُپلا سرینواس گپتا نے تانڈور میں پریس کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا کہ حیدرآباد سے 70 کلومیٹر کے فاصلہ پر وقارآباد ضلع میں موجود اننت گیری ہلز کو مکمل طور پر سیاحتی علاقہ میں تبدیل کرنے کے لیے 200 تا 300 کروڑ روپئے صرف کئے جائیں گے۔

اور اس کے لیے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے۔تارک راما راؤ، وزیر سیاحت سرینواس گوڑ کے علاوہ دیگر ریاستی وزرا کے ساتھ مل کر ایک منصوبہ تیار کیا جائے گا اور اس کے تحت اننت گیری ہلز میں ریسارٹس کی تعمیر ، ہیلتھ ٹورازم،اڈوینچر کھیلوں کے علاوہ ندیوں اور پراجکٹوں میں کشتی رانی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

چیئرمین تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اُپلا سرینواس گپتا نے کہا کہ ساتھ ہی وقارآباد ضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں موجود مختلف سیاحتی مقامات،آبپاشی پراجکٹس کی تزئین اور انتارام فاریسٹ کے حدود میں زیر تعمیر اربن پارک کی مزید ترقی کو بھی ترجیح دی جائے گی اور اس کے لیے رکن قانون ساز کونسل متحدہ ضلع رنگاریڈی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے منصوبہ تیار کیا جائے گا۔