حیدرآباد میں تین گھنٹوں تک گرج چمک کے ساتھ شدید بارش،316 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ
سڑکیں اورنشیبی علاقے جھیلوں اور تالابوں میں تبدیل،ٹریفک نظام مفلوج
حیدرآباد: 08۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کے کئی علاقوں میں آج شام دیر گئے سے تین گھنٹوں تک زبردست گرج و چمک کے ساتھ ہونے والی شدید بارش نے عام زندگی مفلوج کردی۔
اس بارش کے باعث تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے کئی علاقے اور سڑکیں تالابوں اور جھیلوں میں تبدیل ہوکر رہ گئے۔

کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور کئی مقامات پر ٹریفک نظام جام ہونے سے عوام کوپھر ایک مرتبہ شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے ٹھکانوں سے باہر نہ آئیں۔
حیدرآباد کے قدیم شہر کے بشمول لکڑی کا پُل،جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، منی کونڈا، شمس آباد، راجندرنگر، گولکنڈہ، سعید آباد، سنتوش نگر،دلسکھ نگر، ایل بی نگر، ونستھلی پورم، پیدا عنبرپیٹ،حیات نگر،چمپاپیٹ سمیت کئی علاقوں میں دھواں دھار اور شدید ترین بارش کے باعث زیر آب آجانے والی سڑکوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی تھیں اور سڑکیں زیر آب آگئی تھیں۔
اس شدید گرج و چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے دؤران کئی علاقوں میں برقی سربراہی مسدود ہوگئی تھی۔شہریوں کا کہنا تھا کہ بارش کی شدت سے احساس ہورہا تھا کہ بادل پھٹ گئے ہیں۔
گزشتہ ماہ ستمبر کے نصف سے اختتام تک ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے بشمول حیدرآباد میں بھی شدید ترین بارش کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
آج ہونے والی شدید بارش کے بعد سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں سیلابی پانی کے بہاؤ میں گرجانے سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔اور مختلف علاقوں میں سیلابی پانی میں گاڑیاں بھی بہہ گئیں جبکہ کئی کالونیوں اور دیگر علاقوں کے نشیبی علاقوں کے مکانات میں سیلابی پانی داخل ہوگیا۔
وہیں بارش کے پانی میں نصف ڈوبی ہوئی گاڑیوں کے فیل ہوجانے سے کئی مصروف علاقوں میں گاڑیوں کی قطاریں دیکھی گئیں جبکہ کئی مقامات پر عوام بھیگتے ہوئے اپنی فیل ہونے والی گاڑیوں کو ڈھکیلتے ہوئے لے جانے پر مجبور تھے تو دوسری طرف سڑکوں پر موجود میان ہولس کا خوف بھی ان پر طاری تھا۔
چمپا پیٹ میں ایک گاڑی سوار میان ہول میں گرگیا جسے مقامی افراد نے بچالیا جبکہ کرمن گھاٹ میں ایک سیلابی پانی میں بہہ جانے والے جگدیش کو بھی مقامی افراد نے عین وقت پر بحفاظت پانی میں سے نکال لیا۔
Video Credit: Akai News India
آج رات سرونگر کے لنگوجی گوڑہ میں سب سے زیادہ یعنی 128.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ سعید آباد کے کرما گوڑہ میں 117 ملی میٹر،ایل بی نگر میں 110.3 ملی میٹر،حیات نگر میں 108.5ملی میٹر،آسمان گڑھ سعیدآباد میں 105.8 ملی میٹر،
سرور نگر کے ویراٹ نگر میں 103.5 ملی میٹر،بنڈلہ گوڑہ میں 100 ملی میٹر، چارمینار(سردارمحل) میں 99.5 ملی میٹر،بہادرپورہ (زوپارک) میں 98.8 ملی میڑ،چارمینار(رین بازار)میں 92 ملی میٹر، راجندرنگر شیورام پلی میں 89.8 ملی میٹر،اوپل میں 85 ملی میٹر،سرورنگر میں 84.3 ملی میٹر،عنبر پیٹ (ملک پیٹ ) میں 81.8 ملی میٹر،راجندرنگر(عطاپور) میں 81.5 ملی میٹر،
نام پلی میں 70 ملی میٹر،آصف نگر میں 69 ملی میٹر،حمایت نگر میں 68.3 ملی میٹر،بنڈلہ گوڑہ میں 68 ملی میٹر،مشیر آباد میں 51.8 ملی میٹر اور کندیکل گیٹ میں 50.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس طرح آج رات ساڑھے آٹھ بجے سے رات دس بجے تک گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں جملہ 3157.8 ملی میٹر (316 سنٹی میٹر) بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

