وقارآباد اور پرگی میں شدید ژالہ باری، تانڈور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش،بجلی گرنے سے ایک نوجوان اور 8 بکریاں ہلاک

وقارآباد اور پرگی میں شدید ژالہ باری
بجلی گرنے سے ایک نوجوان اور 8 بکریاں ہلاک
تانڈور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش

وقارآباد/تانڈور: 18۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع کےمختلف مقامات پرآج شام تیز ہواؤں اور شدید ژالہ باری کے ساتھ بارش ہوئی۔اس دؤران وقارآباد کے دھارورمنڈل کے نرساپور موضع میں بجلی گرنے سے ایک نوجوان ہلاک ہوگیا۔جبکہ ضلع کے ہی پدیمول منڈل میں بجلی گرنے سے 8 بکریاں ہلاک ہوگئیں۔

شام چار بجے بعد وقارآباد ضلع کے پرگی میں بارش کے آغاز سے قبل شدید ژالہ باری ہوئی اورسڑکوں پر ہر طرف اولے ہی نظر آرہے تھے گھروں میں خواتین اور بچوں سے ان اولوں کو جمع کیا۔جبکہ وقارآباد میں بھی شدید ژالہ باری کے ساتھ اور تانڈور میں تیز ہواؤں کےساتھ شدید بارش ہوئی۔

اس بارش کے بعد ضلع میں موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا اور شدید گرما سے پریشان عوام نے راحت کی سانس لی۔تاہم اس بارش کے دؤران پرگی اور تانڈور میں زائد از دیڑھ گھنٹہ تک اور وقارآباد میں نصف گھنٹہ تک برقی سربراہی مسدو د کردئیے جانے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ہفتہ کی رات دیرگئے بھی ضلع وقارآباد کے تانڈور اور کوڑنگل میں گرج چمک کے ساتھ شدیدبارش ہوئی تھی جس کا سلسلہ نصف شب تک جاری رہا تھا۔اس دؤران بھی زائد از ڈھائی گھنٹوں تک برقی مسدودی سے تانڈور شہر مکمل طور پر اندھیرے میں غرق رہا۔

گزشتہ تین دنوں سے وقارآباد ضلع کے اسمبلی حلقہ جات وقارآباد،تانڈور،پرگی اور کوڑنگل سمیت مختلف منڈلات میں وقفہ وقفہ سے غیر موسمی ہلکی اور تیز بارش کے علاوہ ابر آلود موسم کے باعث دن کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔

" ژالہ باری اور بارش کا منظر اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے "

دوسری جانب تانڈور میں دن اور رات کے اؤقات وقفہ وقفہ سے برقی مسدودی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔جس سے عوام اور بیوپاریوں کو مشکلات درپیش ہیں۔اس سلسلہ میں خود ٹی آر ایس قائدین اور عوام راست طور پر رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی سے شکایت کرچکے ہیں کہ شدید گرما اور پھر ماہ رمضان کے دؤران تانڈور میں برقی مسدودی سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اطلاع ہے کہ رکن اسمبلی نے محکمہ برقی کے عہدیداروں کو تاکید بھی کی ہے کہ بلا وقفہ برقی سربراہ کی جائے لیکن یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے!!۔

دوسری جانب آج شام ہونے والی غیر موسمی بارش کے دؤران تیز ہواؤں کے باعث موضع ناگ سمندر گیٹ کے قریب موجود بائیو کیم انڈسٹری کی چھت اُڑکر 33 کے وی کے برقی سب اسٹیشن پر گرگئی جس سے برقی پول ٹوٹ گیا۔اے ای محکمہ برقی سندیپ نے بتایا کہ پدیمول سب اسٹیشن میں اس کی مرمت کی جارہی ہے اور کئی مواضعات میں برقی سربراہی بند ہے۔رات دیڑھ بجے تک برقی سربراہی بحال کی جائے گی۔