حیدرآباد میں اسکولوں کو 13 اور 14 اگست کو نصف دن اور یوم آزادی کی تعطیل
چیف منسٹر کا اجلاس،تین دنوں تک انتہائی شدید بارش کی پیش قیاسی، ریڈ الرٹ جاری
حیدرآباد: 12۔اگست (سحرنیوزڈاٹ کام)
خلیج بنگال میں ہواکے دباؤ میں کمی کے باعث حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ کے چند اضلاع میں آئندہ تین دنوں تک انتہائی شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر ڈائرکٹر محکمہ تعلیمات نے 13 اگست بروز چہارشنبہ اور 14 اگست بروز جمعرات کو حیدرآباد کے تمام اسکولوں کو نصف دن کی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔جبکہ 15 اگست،بروز جمعہ یوم آزادی ہند کو اسکولوں کو تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ حیدرآباد میں ان تین دنوں تک شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کے مدنظر محکمہ تعلیمات نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب حیدرآباد کی ڈیزاسٹر ریلیف ایجنسی نے غیر ضروری سفر پر روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے تو محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں کے لیے حیدرآباد میں ہائی الرٹ کی ہدایت جاری کی ہے۔
کمشنر حیڈرا اے وی رنگا ناتھ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر ) پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہےکہ حیدرآباد کے کئی حصوں میں 13 اگست (چہارشنبہ) سے 15 اگست (جمعہ) تک انتہائی شدید بارشوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔سب سے زیادہ بارش شمالی حیدرآباد اوراس کے مضافاتی ضلع میڑچل اور سائبر آباد علاقوں میں 10 تا 15 سینٹی میٹر (100 تا 150 ملی میٹر) اور چند مقامات پر 20 سینٹی میٹر (200 ملی میٹر ) تک بارش ہوسکتی ہے۔
انہوں نے نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا، وہیں ڈائرکٹر اسکولی تعلیم نے گریٹر حیدرآباد کے حدودمیں موجودتمام اسکولوں کے لیے 13 اور 14 اگست کو نصف دن کی تعطیلات کا حکم دیا،محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ ان تین دنوں کے دوران بہت زیادہ اور انتہائی شدید ترین بارش کا امکان ہے۔
کمشنر حیڈرا اے وی رنگا ناتھ نے اپنے ٹوئٹ میں شہریوں کومشورہ دیا ہےکہ آئندہ 3 دنوں کےدوران گاڑیوں کی نقل و حرکت کو کم کریں۔نشیبی علاقوں کے مکین محفوظ مقامات پر چلے جائیں اور چوکس رہیں، جی ایچ ایم سی اور حیڈرا کی ٹیمیں بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر مکمل طور پر تیار ہیں۔
دوسری جانب سربراہ محکمہ موسمیات حیدرآباد ڈاکٹر کے ناگارتنا نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود کے لیے اورینج الرٹ اور سیلاب کےخطرے کےساتھ ” موسلا دھار، بہت تیز بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش” کا انتباہ دیا ہے۔
اسی طرح محکمہ موسمیات کی جانب سے چہارشنبہ 13 اگست کوریاست کے اضلاع ہنمکنڈہ، جنگاؤں، محبوب آباد، ورنگل اور یادادری بھونگیرکےلیے انتہائی شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کےساتھ ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جبکہ جمعرات 14 اگست کے لیے اضلاع وقارآباد، میدک اورسنگاریڈی کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
جبکہ آئندہ دو دنوں کے لیے اضلاع حیدرآباد،رنگاریڈی ،بھدرادری کوتہ گوڑم، جے شنکر بھوپال پلی، کریم نگر، میڑچل ملکاجگیری، ملگ، پیداپلی، نلگنڈہ اورکھمم کے لیے پیش قیاسی کی گئی ہے کہ ان اضلاع میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔ وہیں منگل 12 اگست کو بھی پیش قیاسی کے باوجود حیدرآباد میں نصف شب تک کوئی بارش نہیں ہوئی جبکہ چند اضلاع میں بارش ہوئی۔تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کےمطابق ملگ کےمنگاپیٹ میں 130.8 ملی میٹر،مالور میں 101 ملی میٹر اور وینکٹا پورم میں 96 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی کا جائزہ اجلاس،مختلف ہدایات :
حیدرآباد اور تلنگانہ کے اضلاع میں تین دنوں کے دوران انتہائی شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 12 اگست کو ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اضلاع کے انچارج وزراء، تمام متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں،ضلع کلکٹرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ چوکس رہیں۔ لا اینڈ آرڈر اورٹریفک پولیس کو بھی مستعد رہنے اور ان کی خدمات بھی حاصل کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے یہ ہدایت بھی دی کہ ان تین دنوں کے دوران سیلابی پانی میں پھنسنے والے عوام کو بحفاظت نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹرز کو تیار رکھا جائے۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ہدایت دی کہ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں ہمیشہ متحرک رہیں، برقی سربراہی کی مسدودی پرموبائل برقی ٹرانسفارمرس کو تیار رکھا جائے، حیدرآباد میں سیلاب کے پیش نظر حیڈرا کو 24گھنٹے خدمات انجام دینے کی ہدایت دی اور عوامی شکایتوں کو فوری حل کرنے کے لیے ٹول فری نمبرس جاری کیے جائیں۔
اس اجلاس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بارش کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے طلبہ اور آئی ٹی کمپنیوں کے ملازمین کی سہولت کے لیے اقدامات کرنے اور کمپنیوں کے انتظامیہ سے اپنے ملازمین کو ورک فرم ہوم کی سہولت فراہم کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ ساتھ ہی چیف منسٹر نے عوام کو بھی مشورہ دیا کہ غیرضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور عہدیدار بھی اس جانب عوام کو ضروری مشورے دیتے رہیں۔