یوٹیوب پر جرائم سے متعلق ویڈیوز دیکھ کر چوری کرنے والے دو گرائجویٹ نوجوان گرفتار، 42 لاکھ مالیتی مسروقہ زیورات برآمد

جرائم و حادثات ریاستی خبریں

یوٹیوب پر جرائم سے متعلق ویڈیوز دیکھ کر چوری کرنے والے دو گرائجویٹ نوجوان گرفتار
42 لاکھ مالیتی مسروقہ زیورات برآمد،کمشنر پولیس ورنگل سنیل جوشی کی پریس کانفرنس

حیدرآباد/ورنگل: 12۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

جدید ٹکنالوجی نے جہاں نوجوانوں کو زندگی میں آگے بڑھنے اور اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو ابھارتے ہوئے ایک بہتر مسقتبل بنانے کے مواقع فراہم کیے ہیں وہیں چند نوجوان اس کا غلط استعمال کرتے ہوئے جرائم کی جانب راغب ہورہے ہیں۔

ورنگل سی سی ایس اور پولیس نے دو ایسے نوجوانوں کو گرفتارکیا ہے جو کرکٹ کا سٹہ کھیل کر قرضدار ہوگئے قرض کی ادائیگی اور اپنے شوق پورے کرنے کے لیے یوٹیوب پر مختلف جرائم کے ویڈیوس دیکھ کر سرقہ کی وارداتیں انجام دینی شروع کردیں۔جنہیں آج گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے لاکھوں روپئے مالیتی مسروقہ سونا اور چاندی کے زیورات اور لیاپ ٹاپ برآمد کرلیا گیا۔

کمشنر پولیس ورنگل سنیل جوشی نے آج کمشنریٹ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ان دونوں سارقوں اور مسروقہ زیورات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ محبوب آباد ضلع،کوتہ گوڑہ منڈل کے موضع ایلامار کے ساکن اینا بوتولا سنیل اور کراوی منڈل کے موضع تٹو پلی کے ساکن لاؤڈیا ساگر چند دنوں سے ورنگل،ہنمکنڈہ کے علاوہ دیگر مواضعات میں مقفل مکانات میں قفل شکنی کے ذریعہ سرقہ کی وارداتیں انجام دینے میں مصروف تھے۔

کمشنر پولیس نے بتایاکہ اس طرح سنیل نے تنہا 15 سے زائد مکانات میں سرقہ کی وارداتیں انجام دیں اور اس کے قریبی رشتہ دار ساگر آخری دو سرقہ کی وارداتوں میں سنیل کے ساتھ ملوث تھا۔

کمشنر پولیس سنیل جوشی نے بتایا کہ دؤران تفتیش ان دونوں نوجوانوں نے بتایا کہ یہ دونوں اعلیٰ تعلیمیافتہ ہیں اور گرائجویٹ مکمل کیے ہوئے ہیں۔سنیل نے ایم ایس سی کمپیوٹر سائنس کی تکمیل کی ہے وہیں ساگر نے بھی بی کام کی تکمیل کی ہے۔

یہ دونوں کرکٹ پر بٹنگ (سٹہ ) کھیل کر قرض دار ہوگئے تھے اور اس کے لیے اپنے جان پہچان والوں سے انہوں نےقرض بھی لیا تھا۔

قرض ادا کرنے اور ساتھ ہی انہیں اپنے شوق پورے کرنے کے لیے رقم کی ضرورت تھی تو سنیل نے سرقہ کی وارداتیں کیسے انجام دی جاتی ہیں اس کے ویڈیوس اور جرائم کی انجام دہی سے متعلق مختلف ویڈیوس یوٹیوب پر دیکھے۔

اور یہ دن کے اؤقات گھوم کر مقفل مکانات کی نشاندہی کرتے،مسلسل دو تین دنوں تک ان مقفل مکانات پر نظر رکھتے اور نصف شب کے بعد قفل شکنی کے ذریعہ ان مکانا ت میں سرقہ کی وارداتیں انجام دیا کرتے تھے۔

کمشنر پولیس ورنگل سنیل جوشی نے میڈیا کو بتایا کہ صوبہ داری علاقہ میں پیش آئی ایک سرقہ کی واردات کے بعد ان دونوں پر پولیس کو شبہ ہوا اور عصری ٹکنالوجی کی مدد سے ان دونوں سارقوں کو پکڑلیا گیا۔

اور ان کے قبضہ سے 42 لاکھ روپئے مالیتی 825 گرام سونا کے زیورات،846 گرام چاندی کی اشیاء، ایک موٹرسیکل اور لیاپ ٹاپ ضبط کیے گئے ہیں اور ان دو سارقوں کو آج عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے