اسکول انوویشن چیلنج ،گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول تانڈور کی طالبات کا یونیسف کے ساؤتھ ریجنل آفیسر کے روبروشاندارتخلیقی مظاہرہ

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

سنگ گراں ہے راہ میں حائل تو کیا ہوا
منزل چھپی ہوئی تو ہمارے حوصلوں میں ہے

اسکول انوویشن چیلنج 2021
گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اردو میڈیم تانڈور کی طالبات نے
یونیسف کے ساؤتھ ریجنل آفیسرایشین کنٹریز کے روبرو شاندارتخلیقی مظاہرہ پیش کیا

وقارآباد/تانڈور: 20۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

عالمی ادارہ یونیسیف (انڈیا) کے اشتراک سے تلنگانہ اسٹیٹ انوویشن سیل، یووا اور انقلاب فاؤنڈیشن کی جانب سے اسکول انو ویشن چیلنج 2020ء مقابلہ کا ماہ نومبر اور ڈسمبر میں حیدرآباد میں آغاز ہوا تھا اور جنوری 2021ء میں پہلے دؤر کا اختتام عمل میں آیا تھا۔اس اختتامی تقریب میں ریاستی وزیر آئی ٹی کے۔تارک راماراؤ اور ریاستی وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے بھی شرکت کرتے ہوئے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اردو میڈیا تانڈور کی ان طالبات سے بات کرتے ہوئے ان کی ستائش کی تھی۔

اس ریاستی سطح کے باوقار مقابلہ میں ریاست تلنگانہ کے جملہ 7093 سرکاری اسکولس کے طلبہ نے حصہ لیتے ہوئے انو ویٹیو ائیڈیاس (تخلیقی خیالات) پیش کیے تھے۔

اس مقابلہ میں وقارآباد ضلع کے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول (اردو میڈیم ) تانڈور کی چار طالبات نے بھی حصہ لیتے ہوئے پہلے ٹاپ۔25 میں جگہ حاصل کی تھی پھر ریاستی سطح پر ٹاپ۔10 اسکولس میں سے پانچواں مقام حاصل کیا تھا اس مقابلہ کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

اس ریاستی سطح کے مقابلہ میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول تانڈور کی دو طالبات ثانیہ بیگم،دختر شیخ ایوب متعلم دسویں جماعت اور عذرا تبسم،دختر محمدمقبول احمد متعلم نویں جماعت اور انکی گائیڈ ٹیچر ایم۔شیلجہ کے ساتھ آج اسی مقابلہ کے تحت ٹی۔ہب ،آئی آئی آئی ٹی۔ایچ کیمپس،گچی باؤلی حیدرآباد میں دوبارہ ان دونوں طالبات ثانیہ بیگم اور عذراتبسم نے مسٹر جان بی ٹرئیو،ریجنل آفیسر فار ساؤتھ ایشین کنٹریز یونیسف کے روبرو لڑکیوں کو درپیش مسائل کے عنوان   شی فار اَزSheForUs# پر اپنی تخیلی پیشکش کیا۔

اردومیڈیم گورنمنٹ اسکول کی مسلم طالبات ہونے کے باؤجود ان دونوں طالبات نے مکمل عزم و حوصلہ،برقعہ اور مکمل حجاب کے ساتھ اس مقابلہ میں شرکت کرتے ہوئے مسٹر جان بی ٹرئیو،ریجنل آفیسر فار ساؤتھ ایشین کنٹریز یونیسف سے انگریزی میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی تخلیق کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا۔

مسٹر جان بی ٹرئیو،ریجنل آفیسر فار ساؤتھ ایشین کنٹریز عالمی ادارہ یونیسف جو بتایا جاتا ہے کہ 25 ممالک کے انچارج ہیں کو اور ان کے ساتھ موجود اس مقابلہ کے اسپانسرس حکومت تلنگانہ،انقلاب فاؤنڈیشن اور عالمی ادارہ یونیسف کے دیگر عہدیداروں کو حیرت زدہ کردیا۔

ان دونوں طالبات کی گائیڈ ٹیچر ایم۔شیلجہ جو کہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اردو میڈیم تانڈور میں طالبات کو انگریزی پڑھاتی ہیں نے اس مقابلہ کے بعد سحرنیوز ڈاٹ کام کے اس نمائندہ خصوصی سے فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ مسٹر جان بی ٹرئیو،ریجنل آفیسر فار ساؤتھ ایشین کنٹریز یونیسف کے بشمول اس موقع پر موجود دیگر اہم اور ممتاز شخصیتوں نے ان دونوں طالبات ثانیہ بیگم اور عذرا تبسم کی صلاحیتوں کی خوب سراہنا کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں طالبات اپنی صلاحیتوں کے دم پر اپنا مستقبل رؤشن بنائیں گی۔

ایم۔شیلجہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بالخصوص مسلم طالبات بہترین صلاحیتوں کی حامل ہوتی ہیں اور صرف ضرورت ہوتی ہے کہ ان کے والدین اور ٹیچرس ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو پہچان کر اپنے مذہبی دائرہ میں رکھتے ہوئے ہی ان کی ہمت افزائی کریں۔

ایم۔شیلجہ ٹیچر نے کہا کہ انہوں نے ان طالبات کی صلاحیتوں کو بہت پہلے پہچان لیا تھا اور یہی وجہ تھی کہ اتنے بڑے اسکول انوویشن چیلنج 2020ء میں مقابلہ کے لیے انہیں تیار کروایا تاکہ یہ قوم اور اسکول کا نام رؤشن کرسکیں

انہوں نے بتایا کہ اس اسکول انوویشن مقابلہ کے مزید پرگرام منعقد ہونگے اور امید ہے کہ ان میں بھی ثانیہ بیگم اور عذرا تبسم اپنی بے پناہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔

آج اس مقابلہ کے دؤران دونوں طالبات کے ساتھ ان کی گائیڈ ٹیچر ایم۔شیلجہ کے علاوہ گورنمنٹ گرلزہائی اسکول میں سماجی علم کی معلمہ عائشہ جبین اور اسکول کے سی آر پی سبھاش بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے