وقارآباد میں نقلی ٹی وی سیٹس پر مشہور کمپنی کا لیبل لگاکر فروخت کرنے والی گینگ کا پردہ فاش, 9 گرفتار دو فرار, 71 ٹی وی، 9 گاڑیاں ضبط

وقارآباد میں نقلی ٹی وی سیٹس پر مشہور کمپنی کا لیبل لگا کر فروخت کرنے والی گینگ کا پردہ فاش
9 گرفتار دو فرار، 71 ایل ای ڈی ٹی وی، ایک کار، ایک ویان اور سات ایکٹیوا گاڑیاں ضبط

حیدرآباد/وقارآباد : 31۔ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآبادضلع پولیس نے چین کی اشیاء سے تیار کردہ نقلی اور ناقص ٹیلی ویثرنس پر مشہور کمپنی سونی کے لیبل اور اسٹیکرس لگا کر عوام کو دھوکہ دیتےہوئے فروخت کرنے میں مصروف ایک گینگ کا پردہ فاش کیاہے۔اس معاملہ میں 9 افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیاجبکہ اس گروہ کےدو افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس نے اس گروہ کے قبضہ سے 71 ٹیلی ویثرن سیٹس،ایک کار،ایک ویان اور سات ہونڈا ایکٹیوا گاڑیاں بھی ضبط کرلی ہیں۔

اس سلسلہ میں ڈی ایس پی وقارآباد نرسملو نےپریس کانفرنس میں گرفتار شدگان اور ضبط شدہ اشیا کو پیش کرتےہوئے بتایا کہ نواب پیٹ منڈل کے پل مامڑی میں پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی تلاشی مہم کے دوران شبہ کی بنیاد پر ایک کار اور دو ہونڈا ایکٹیوا گاڑیوں پر سونی کمپنی کے ایل ای ڈی ٹی وی لے جا رہے افراد کو روک کر تلاشی لی تو انکشاف ہوا کہ ناقص و نقلی ٹی وی سیٹس پر سونی کمپنی کے اسٹیکر لگاکر یہ لوگ مواضعات میں کم قیمت پر ناقص ٹی وی اور گیس کے اسٹو فروخت کرتےہوئے مواضعات کے بھولے بھالے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ مزید تفتیش پر معلوم ہوا کہ یہ گینگ سنگا ریڈی سے اپنا کاروبار چلارہا ہے۔گرفتار شدگان میں 8 افراد کا تعلق اتر پردیش سے ہے۔

ڈی ایس پی نرسملو نے بتایاکہ یہ گینگ ناقص اینڈرائد ٹی وی سیٹس میں سونی کمپنی کا سافٹ ویئر ڈال کر دس سیکنڈ میں انہیں سونی کمپنی کا بنادیا کرتے تھے۔پولیس نےسنگاریڈی میں اس گروہ کے اڈہ سے دیہاتوں میں فروخت کےلیے رکھےگئے 71 ایل ای ڈی ٹی وی سیٹس،6 گیس اسٹوز، ایک سوئفٹ ڈیزائر کار،ایک ٹاٹا ایچر ویان،سات ہونڈا ایکٹیوا گاڑیاں،موبائل فونس کےعلاوہ سونی کمپنی کے مختلف اسٹیکرز، ریموٹ کنٹرولس ضبط کرلیے گئے ہیں۔ جن کی مالیت 18 لاکھ روپئے ہے۔جبکہ اس گینگ نے اضلاع وقارآباد،سنگاریڈی اور رنگاریڈی کے دیہاتوں میں کئی نقلی ٹی وی فروخت کرچکے ہیں۔اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے گرفتار شدہ 9 افراد کو عدالتی تحویل میں روانہ کر دیا گیا اور دیگر دو مفرور ملزمین کی تلاش جاری ہے۔

ڈی ایس پی وقارآباد نرسملو نے بتایا کہ تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ دہلی کے ساکن پون ورما اور سلیم اس گروہ کو نقلی ٹی وی سیٹس دے کر ان سے دیہاتوں میں فروخت کر واتے تھے۔گوگل پے کے ذریعہ مالی لین دین ہوتا تھا اور کھپت کےحساب سے نقلی ٹی وی اور گیس کے اسٹو دہلی سے منگوایا کرتے تھے۔

انہوں نے بتایاکہ ماضی میں یہ گینگ تمل ناڈو اور آندھرا پردیش میں بھی یہی کام کرچکا ہے اور چند دنوں سےضلع وقارآباد کے دیہاتوں میں ہونڈا ایکٹیوا پر گھوم کر لوگوں کو سونی کمپنی کے ٹی وی کے نام پر دھوکہ دیتے ہوئے کم قیمت پر ٹی وی فروخت کر رہے تھے۔اس گینگ کا پردہ فاش کرنے پر ڈی ایس پی وقارآباد نے سرکل انسپکٹر پولیس مومن پیٹ انجانائیلو اور سب انسپکٹر پولیس نواب پیٹ بھرت بھوشن کو مبارکباد دی۔

” یہ بھی پڑھیں ”

بہار میں ہوائی جہاز فلائی اوور بریج کے نیچے پھنس گیا!، گھنٹوں تک ٹریفک جام، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

آئندہ پانچ سال کے دوران 3 ہزار کروڑ کے صرفہ سے وقارآباد ضلع کو ترقی دی جائے گی، کوٹ پلی پراجکٹ میں کشتی رانی کا دوبارہ آغاز، اسپیکرگڈم پرساد کمار کا خطاب

تلنگانہ میں ایس ایس سی کے سالانہ امتحانات کے انعقاد کا شیڈول جاری