گاندھی ہسپتال کو دوبارہ کوویڈ ہسپتال میں تبدیل کرنے اور دیگرطبی خدمات روک دینے کا فیصلہ
حیدرآباد: 16۔اپریل(سحرنیوز ڈاٹ کام)
ریاست اور حیدرآباد میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر حکومت نے اہم فیصلہ لیتے ہوئے گاندھی ہاسپٹل کو دوبارہ مکمل طورپر " کوویڈ ہاسپٹل” میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے! اور ساتھ ہی ریاست میں موجود تمام بڑے اور اہم ہسپتالوں کو بھی کوویڈ مراکز میں تبدیل کیا جائے گا۔اس سلسلہ میں ریاستی محکمہ صحت و طبابت کی جانب سے ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
اسی کے تحت گاندھی ہسپتال میں تمام ایمرجنسی خدمات کو روک دینے نان کوویڈ مریضوں کو داخل نہ کرلینے اور گاندھی ہسپتال میں آؤٹ پیشنٹ خدمات کو بھی روکتے ہوئے صرف کورونا وائرس متاثرین کے علاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ساتھ ہی ہسپتال میں داخل ایمرجنسی اور شدید بیمار افراد کو علاج کے بعد منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اطلاع ہے کہ گاندھی ہسپتال میں مختلف امراض کا علاج کروانے والے زائد از450 مریض زیر علاج ہیں۔
جبکہ کل ایک ہی دن میں گاندھی ہسپتال میں 150 کورونا وائرس متاثرین کو شریک کروایا گیا ہے جس کے بعد گاندھی ہسپتال کا ان پیشنٹ سیکشن بھرتی ہوگیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ محکمہ صحت و طبابت نے فیصلہ کیا ہے کہ گاندھی ہسپتال میں ایمرجنسی خدمات بھی روک دی جائیں اور کل 17 اپریل سے گاندھی ہسپتال کو مکمل طور پر کوویڈ ہسپتال میں تبدیل کردیا جائے۔اس سلسلہ میں ہدایت نامہ بھی جاری کردیا گیا ہے کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے باعث ہسپتال میں نان کوویڈ ڈپارٹمنٹس کو خالی کروایا جارہا ہے۔!
یاد رہے کہ گزشتہ سال کورونا وائرس کی وباء کے آغاز کے بعد بھی اسی گاندھی ہسپتال کو ” کوویڈ ہسپتال” میں تبدیل کردیا گیا تھا جہاں ریاست کے تمام اضلاع میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کا علاج کیا گیا تھا۔