تلنگانہ میں لاک ڈاؤن یا کرفیو سےمتعلق ریاستی وزیرصحت کا اہم بیان
حیدرآباد:16۔اپریل(سحر نیوزڈاٹ کام)
ریاست میں بھی بڑھتی ہوئی کورونا متاثرین کی تعداد کے دؤران عوام کیساتھ ساتھ میڈیا میں بھی ایسے اندیشات ظاہر کیے جارہے ہیں اور عوام اس تجسس میں ہیں کہ کیا تلنگانہ میں بھی ملک کی ایک درجن سے زیادہ ریاستوں کی طرح لاک ڈاؤن، کرفیو یا دفعہ 144 کا نفاذ ہوگا؟؟؟
اس سلسلہ میں ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر اور خود وزیراعلیٰ کے سی آر ریاستی اسمبلی میں اعلان کرچکے ہیں کہ تلنگانہ میں لاک ڈاؤن یا کرفیو نافذ کرنے کا حکومت کا ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
تاہم اس کو روکنے کیلئے لازمی ہے کہ عوام کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے تمامتر احتیاطی اقدامات کریں، ماسک کا لازمی طورپر استعمال کریں ، عوامی بھیڑ بھاڑ والے علاقوں سے دور رہیں اور ساتھ ہی سماجی فاصلہ قائم رکھیں۔
ماسک کو لازمی قرار دیتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے جی او ایم ایس نمبر 82 بھی جاری کردیا ہے اور ریاست میں ماسک نہ پہننے والوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے جارہے ہیں۔

لاک ڈاؤن اور کرفیو کے نفاذ کے عوامی اندیشات کے دؤران آج ریاستی وزیرصحت ایٹالہ راجندر نے پھر ایک مرتبہ ایک اہم بیان دیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں لاک ڈاؤن، کرفیو یا دفعہ 144کے نفاذ کی ضرورت نہیں ہے۔
تاہم اسکے لیے ضروری ہے کہ عوام کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے تمامتر احتیاطی اقدامات اختیار کریں اور ضرورت پر ہی اپنے مکانات سے باہر نکلیں۔
آج وزیرصحت ایٹالہ راجندر حضور آباد میں دھان خریدی مرکز کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کررہے تھے۔
ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے یہ انکشاف بھی کیا کہ مرکزی حکومت سے نمائندگی کی گئی ہے کہ ریاست تلنگانہ کو کوویڈویکسین کی مقدار بڑھائی جائے۔
اسی طرح 25 سال کی عمر کی تکمیل کرلینے والوں کو بھی کوویڈ ویکسین دینے کے انتظامات کرنے کی مرکزی وزیرصحت ہرش وردھن سے نمائندگی کی گئی ہے۔ (یاد رہے کہ مرکزی حکومت نے 45 سال کی عمر مکمل کرلینے والے ہر فرد کو کوویڈ ویکسین دینے کے احکام جاری کیے ہیں)۔ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ اس تجویز پر مرکزی وزیرصحت ہرش وردھن نے مثبت جواب دیا ہے تاہم کوئی تیقن نہیں دیا۔
ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ریاست میں آکسیجن کی قلت پیدا نہ ہو اس کے لیے تمامتر ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
وزیرصحت نے انکشاف کیا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر بہت ہی تیزی کیساتھ پھیل رہی ہے۔اور اس سے تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ عوام ہرگز غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کریں،تما م احتیاطی اقدامات کو خود کیلئے لازمی کرتے ہوئے ماسک ضرور پہنیں اور سماجی فاصلہ قائم رکھیں۔
دوسری جانب میڈیا کے ایک گوشہ میں ایسی اطلاعات زیر گشت ہیں کہ ریاستی محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں نے حیدرآباد میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات پر ریاستی وزیراعلیٰ کے سی آر اور وزیرصحت ایٹالہ راجندر سے سفارش کی ہے کہ حیدرآباد کے حدود میں چند دنوں کیلئے رات کا کرفیو نافذ کیا جائے!!؟

