ضلع وقارآباد میں آج ایک ہی دن میں 397 افراد کورونا سے متاثر

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

ضلع وقارآباد میں آج ایک ہی دن میں 397 افراد کورونا سے متاثر

تانڈورمیں 89 اور وقارآباد میں 85 افراد متاثر

وقارآباد/تانڈور۔16۔اپریل (سحرنیوز ڈاٹ کام)

ضلع وقارآباد کوروناوائرس کی دوسری لہر کے دؤران بہت زیادہ متاثر ہورہا ہے دن بہ دن متاثرین کی تعداد میں اضافہ ضلع انتظامیہ کیلئے پریشان کن ہے توعوام میں بھی خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔

آج 16 اپریل کو ایک ہی دن ضلع کے مختلف مقامات پر جملہ 397 افراد کوروناوائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ ضلع وقارآباد کی جانب سے آج جاری کردہ تفصیلی رپورٹ کے مطابق آج 16 اپریل کوضلع کے چار اسمبلی حلقہ جات وقارآباد،تانڈور،پرگی اور کوڑنگل کے بشمول 18 منڈلات میں کوروناوائرس سے متاثر ہونے والے 397 افراد میں سے 89 کا تعلق تانڈور سے اور   85 متاثرین کاتعلق وقارآباد سے ہے۔

جبکہ بھمرس پیٹ میں 32، کوڑنگل میں6 ، پرگی میں 17،کلک چیرلہ میں 29 ، دؤلت آباد میں 19، مرپلی میں 17؍، دوما میں 16، بشیر آباد میں 17، یالال، کوٹ پلی اوربنٹارم میں بالترتیب 6,6، مومن پیٹ میں 4 ،دھارورمیں 3، پدیمول میں11، پوڈور میں 10 اور نواب پیٹ میں 8 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

گزشتہ ایک سال کے دؤران اور جاریہ سال ماہ مارچ میں آغاز ہونے والی کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دؤران ضلع میں کوروناوائرس سے متاثر ہونے والوں کا تقابل کیا جائے تو یہ اعداد و شمار انتہائی پریشان کن ہی کہے جاسکتے ہیں!

 گزشتہ سال کورونا وبا کے آغاز کے بعد سے ایک سال کے دؤران یعنی 15؍مارچ 2021ء تک ضلع وقارآباد میں جملہ 3,625 افراد کوروناوائرس سے متاثر ہوئے تھے۔

تاہم کوروناوائرس کی دوسری لہر کے دؤران جاریہ سال 16 مارچ سے آج 16اپریل تک ایک ماہ کے دؤران ضلع وقارآباد میں انتہائی تشویشناک حدتک 2,797 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سب سے زیادہ یعنی 522 متاثرین کا تعلق تانڈورسےہے اور وقارآباد میں 420 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

اس طرح گزشتہ سال سے آج 16 اپریل تک ضلع وقارآباد میں سرکاری طورپر جملہ 6,422 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ ضلع وقارآباد کی جانب سے جاری کردہ اس میڈیکل رپورٹ کے مطابق آج تک ضلع وقارآباد میں جملہ 1,72,243 افراد کے نمونے جانچ کی غرض سے حاصل کیے گئے تھے ان میں سے 3,993 متاثرین صحتیاب ہوچکے ہیں اور سرکاری طورپر 65 متاثرین کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔

ضلع میں آج مزید 3,340 افراد کے نمونے جانچ کی غرض سے حاصل کیے گئے ہیں۔ضلع میں 16 ایکٹیو کیس کیساتھ 2,348 افراد کو ہوم قورنطین کیا گیا ہے ان میں وہ 397 افراد بھی شامل ہیں جنہیں آج ہوم قورنطین کیا گیا ہے۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور روی کمار قدیم تانڈور میں کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے واقف کرواتے ہوئے۔

اسی دؤران تانڈور میں بڑھتے ہوئے کوروناوائرس متاثرین کی تعداد پر بالخصوص محکمہ پولیس اورصحت کے عہدیداروں بھی پریشان ہیں۔حکومت کی جانب سے جی او جاری کرتے ہوئے ” ماسک ” پہننے کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور ماسک نہ پہننے والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے فی کس ایک ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے کیس بھی درج رجسٹر کیے جارہے ہیں تاہم افسوس کہ عوام کوروناوائرس اور روز بڑھتے ہوئے معاملات پر خوفزدہ اور پریشان تو ہیں لیکن چند غیر ذمہ دار افراد احتیاطی اقدامات اختیار کرنے میں کاہلی کا مظاہرہ کررہے ہیں!!

اس سلسلہ میں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) مسٹر روی کمار کی کوششیں قابل ستائش ہیں جو گزشتہ سال سے آج تک بھی کورونا وائرس سے متلعق عوام میں مسلسل شعور پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں سے سرکل انسپکٹر پولیس روی کمار یہاں کے بازاروں، بس اسٹانڈ،عام چوراہوں پر گھوم گھوم کر بناء کسی سختی کہ عوام کو ماسک پہننے ،سماجی فاصلہ قائم رکھنے، تقاریب اور بھیڑبھاڑ والے علاقوں میں نہ جانے اور سینی ٹائزر کے استعمال کا مشورہ دے رہے ہیں۔

سرکل انسپکٹر پولیس روی کمار آر ٹی سی بس ڈپو کے احاطہ میں ڈرائیورس، کنڈاکٹرس اور دیگر عملہ سے بات کرتے ہوئے۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) مسٹر روی کمار آج بھی بس اسٹانڈ پہنچ کر مسافرین کیساتھ ساتھ آرٹی سی محکمہ کے ڈرائیورس، کنڈاکٹرس اور دیگر ملازمین سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ کوروناوائرس سے تحفظ کیلئے تمامتر اقدامات کو یقینی بنائیں اور اس سلسلہ میں ہرگز غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کریں۔

سرکل انسپکٹر پولیس روی کمار نے آج شام قدیم تانڈور پہنچ کر وہاں بھی عوام میں کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے لازمی اقدامات سے واقف کروایا۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سرکل انسپکٹر پولیس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہے لیکن باربار توجہ دلانے کے باؤجود عوام کی بڑی تعداد حکومت اور ماہرین طب کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے جہاں خود کی جانوں کو خطرہ میں ڈال رہے ہیں وہیں اپنے افراد خاندان اور ملنے جلنے والوں کیلئے خطرہ پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کورونا وائرس متاثرین کی تعداد یونہی بڑھتی رہی تو پھر لاک ڈاؤن لازمی ہوجائے گا اور اس سے عوام کو ہونے والی مشکلات سے سب واقف ہیں۔

Circle Inspecter Of Police Tandur Ravi Kumar Appeals Tandur Public About Covid-19 (Video)

سرکل انسپکٹر پولیس روی کمار نے انکشاف کیا کہ چند کورونا وائرس کے متاثرین بھی کھلے عام گھومتے ہوئے عوام کیلئے مصیبت اور پریشانیوں کا باعث بن رہے ہیں!۔ سرکل انسپکٹر پولیس نے انتباہ دیا کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے انکے خلاف مقدمات بھی درج کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی اقدامات کے ذریعہ اپنی اور دوسروں کی قیمتی جانوں کا تحفظ کرسکتے ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے