حیدرآباد ایرپورٹ پر دبئی سے پہنچے تین مسافرین کے قبضہ سے چار کلو سے زائد دو کروڑ روپئے مالیتی سونا ضبط

حیدرآباد ایرپورٹ پر دبئی سے پہنچے تین مسافرین کے قبضہ سے
چار کلو سے زائد دو کروڑ روپئے مالیتی سونا ضبط

حیدرآباد:22۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ(شمس آباد ایرپورٹ) پر محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں کی چوکسی کےباعث بیروں ممالک سے آنے والے اور چند بیرون ممالک جانے مسافرین کے قبضہ سے بڑی مقدار میں اسمگل کیا جانے والا سونا،بیرون ممالک کی کرنسی اور دیگرممنوعہ اشیا ضبط کیے جانے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ان اشیاء کی اسمگلنگ میں مصروف افراد بھی مختلف طریقوں سے سونا اور دیگر قابل ضبط اشیا چھپاکر لانے میں مصروف ہیں۔

حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر محکمہ کسٹمس کے عہدیداروں نے شبہ کی بنیاد پر کل 21 جولائی کو دو الگ الگ واقعات میں تین مسافرین کے قبضہ سے جملہ چار کلو 331 گرام سونا ضبط کیا ہے۔جس کی مالیت زائد از دو کروڑ 29 لاکھ بتائی جاتی ہے۔

محکمہ کسٹمس حیدرآباد کے ٹوئٹر ہینڈل سے آج کیے گئے ٹوئٹ کے مطابق کل 21 جولائی کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پرکسٹم عہدیداروں نے دبئی سے فلائٹ نمبر EK-526 کے ذریعہ حیدرآباد ایرپورٹ پہنچنے والے دو مسافروں کے قبضہ سے 3.591 گرام (ساڑھے تین کلوگرام سے زائد) سونا ضبط کرلیا ہے۔کسٹمس عہدیداروں کے مطابق اس ضبط شدہ سونا کی مالیت ایک کروڑ 87 لاکھ روپئے ہے۔

کسٹمس عہدیداروں کے مطابق شک کی بنیاد پر جب ان دونوں مسافروں کی تلاشی لی گئی تو یہ سونا ان دونوں مسافرین کی پتلون،انڈر ویئر اور ایک مسافر کی بڑی آنت میں چھپاکر لایا گیا تھا۔

دوسری جانب حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ(شمس آباد ایرپورٹ) پرکسٹمس عہدیداروں نے کل 21 جولائی کو ہی فلائٹ نمبر AI-952کے ذریعہ پہنچے مسافر کے قبضہ سے 740 گرام سونا ضبط کیا گیا ہے۔جس کی مالیت 29 لاکھ روپئے سے زائد ہے۔یہ سونا ایگزاسٹ فیان اور الیکٹرک جوسر میں چھپاکر لایا گیا تھا۔محکمہ کسٹمس حیدرآباد کی جانب سے ان تینوں مسافرین کےخلاف کیس درج رجسٹر کرتےہوئے تحقیقات کی جارہی ہیں۔