مسجد ہاشمی تلنگانہ سیکریٹریٹ کی تعمیرِ نو کے لیے کل 25 نومبر کو وزیراعلیٰ کے سی آر اور مفتی خلیل احمدکے ہاتھوں سنگِ بنیاد

مسجد ہاشمی تلنگانہ سیکریٹریٹ کی تعمیر نو کے لیے
کل 25 نومبر کو وزیراعلیٰ کے سی آر اور مفتی خلیل احمد کے ہاتھوں سنگ بنیاد
 بیرسٹر اسد الدین اویسی،کشن ریڈی،کیشوراؤ، ریاستی وزرا کوپولا ایشور،سرینواس یادو
ارکان اسمبلی و قانون سازکونسل،صدرنشین وقف بورڈ،مئیر اور دیگر مدعو

حیدرآباد : 24۔نومبر (سحرنیوز ڈاٹ کام)

            تلنگانہ سیکریٹریٹ میں مسجد ہاشمی کی تعمیر نو کے لیے کل 25 نومبر، بروز جمعرات کو منعقد کی جانے والی ایک تقریب میں ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندرا شیکھر راؤ اور مولانا مفتی خلیل احمد،شیخ الجامعہ،جامعہ نظامیہ حیدرآباد سنگ بنیاد رکھنے والے ہیں۔

   جبکہ اس سنگ بنیاد کی تقریب میں بحیثیت مہمانان خصوصی مرکز وزیر سیاحت جی۔کشن ریڈی،ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمود علی،ریاستی وزیر اقلیتی بہبود کوپولا ایشور، وزیر عمارات و شوارع ویمولا پرشانت ریڈی، وزیر برائے افزائش مویشیان تلسانی سرینواس یادو، رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے۔کیشوراؤ،بیرسٹر اسدالدین اویسی رکن پارلیمنٹ حلقہ حیدرآباد،مئیر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپویشن گدوال وجیہ لکشمی،

    ارکان قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین،سید امین الحسن جعفری،ایم ایس پربھاکر راؤ،رکن اسمبلی چندرائن گٹہ اکبر الدین اویسی،رکن اسمبلی خیریت آباد،دانم ناگیندر،رکن اسمبلی بودھن محمدشکیل عامر،صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ محمدسلیم،ڈپٹی مئیر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ایم۔شری لتا ریڈی، پی۔وجیہ ریڈی کارپوریٹر خیریت آباد اور ایل شرمن آئی اے ایس ضلع کلکٹر حیدرآباد شرکت کریں گے۔

مصدقہ ذرائع سے دستیاب اطلاع کے مطابق مسجد ہاشمی کی تعمیر نو کے لیے کل دوپہر 12 بجے اس سنگ بنیاد کی تقریب کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ اور مسجد کے مقام پر باقاعدہ نماز ظہر بھی ادا کی جائے گی۔!!

    یاد رہے کہ زائد از دیڑھ سال قبل تلنگانہ سیکریٹریٹ کی عمارت کو اسی مقام پر ایک عالیشان سیکریٹریٹ عمارت کی تعمیر کی غرض سے منہدم کردیا گیا تھا۔اس کے ساتھ سیکریٹریٹ کی عمارت میں موجود دونوں مساجد کو بھی شہید کیا گیا تھا وہیں ایک مندر بھی منہدم کی گئی تھی۔

   تب سے ریاست کے مسلمانوں میں غم و غصہ کی لہر پیدا ہوگئی تھی بعد ازاں وزیراعلیٰ کے سی آر نے اس معاملہ میں معذرت خواہی کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ سیکریٹریٹ کی جدید عمارت میں ان مساجد کی دوبارہ شاندار پیمانے پر تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔تاہم اس اعلان میں تاخیر کے باعث وقفہ وقفہ سے مسلم تنظیموں اور نوجوانوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری تھا۔

  اسی دؤران 12 جون کو دفتر وزیر داخلہ تلنگانہ سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا تھا کہ ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمودعلی کی جانب سے سکر یٹریٹ مساجد کی تعمیرکے سلسلہ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں حکومتی مشیر برائے اقلیتی بہبود اے کے خاں،آکار آرکٹیکچرکے نمائندہ اور ایگزیکٹیو انجنئیرحفیظ الدین فاروقی موجود تھے۔

اس وقت وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا تھا کہ سیکریٹریٹ کی دونوں مساجد کا نقشہ تیار کرلیا گیا ہے جو ترکی کی مساجد کے طرز پر ہے اور دونوں مساجد خوب صورت تیار ہورہی ہیں اور ملک بھر میں اس طرز کی مساجد شاذ و نادر ہی دیکھنے کو ملیں گی۔

ماہ جون کی فائل فوٹو۔

وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے اس وقت اعلان کیا تھا کہ ماہ جون کے اواخر تک دونوں مساجد کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا اور 9 ماہ میں یعنی مارچ 2022 تک دونوں مساجد کا تعمیراتی کام مکمل کر لیا جائے گا۔

تاہم 28 جون کو دفتر وزیر داخلہ سے جاری کردہ پریس نوٹ میں کہا گیا تھا کہ مساجد کے نقشوں کی اجرائی کے وقت اعلان کیا گیا تھا کہ اس ماہ کے اواخر تک دونوں مساجد کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا تاہم تمام ریاستی وزراء کی رائے ہے کہ مساجد کے سنگِ بنیاد کے ساتھ ساتھ مندر اور چرچ کا سنگِ بنیاد بھی رکھا جائے تو مناسب رہے گا۔لہذا دوسروں کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے مساجد کے سنگ بنیاد کو چند دنوں کے لیے ملتوی کیا جارہا ہے!

اور اعلان کیا تھا کہ سکریٹریٹ کی مساجد،مندر اور چرچ کے افتتاح کے بعد ہی سکریٹریٹ کی عمارت کا افتتاح عمل میں لایا جائے گا۔

بالآخر پانچ ماہ کے طویل انتظار کے بعد اب کل 25 نومبر کو سیکریٹریٹ میں مسجد ہاشمی کے سنگ بنیاد کی تقریب کا ایک انگریزی میں تحریر کردہ ایک میسیج آج بعد دوپہر سوشل میڈیا کے ذریعہ بڑے پیمانے پر وائرل ہوا تھا۔!

بعد ازاں آج ہی رات ہوتے ہوتے اس تقریب کے دعوت نامے اور شرکا کی تفصیلات بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں!!