مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے سابق چیف منسٹر پنجاب امریندرسنگھ کی ملاقات

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے سابق چیف منسٹر پنجاب امریندرسنگھ کی ملاقات
بی جے پی میں شمولیت کی پیشکش پر غور کرنے کی اطلاعات؟

نئی دہلی :29۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام؍ایجنسیز)

حالیہ سابق چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندرسنگھ نے آج چہارشنبہ کو دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔

یاد رہے کہ کیپٹن امریندرسنگھ جو کہ کانگریس کے سینئر قائد ہیں نے 18ستمبر کو چیف منسٹر پنجاب ے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے دوسرے ہی دن چرنجیت سنگھ چنی کو چیف منسٹر پنجاب منتخب کیا گیا تھا۔

صدر پنجاب پردیش کانگریس نوجوت سنگھ سدھو اور کیپٹن امریندرسنگھ کے درمیان ایک طویل عرصہ سے رسہ کشی جاری تھی اور اپنے استعفیٰ کے بعد امریندرسنگھ نے کہا تھا کہ وہ نوجوت سنگھ سدھو کو کسی بھی حال پاکستان کی سرحدی ریاست پنجاب کا چیف منسٹرنہیں بننے دیں گے۔استعفیٰ کے بعد انہوں نے کہاتھا کہ وہ اپنے اگلے لائحہ عمل کا چند دنوں بعد اعلان کریں گے۔

اس درمیان آج مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے امریندر سنگھ کی ملاقات کو انتہائی اہم مانا جارہا ہے۔آج رات سابق چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔

اور اس ملاقات کے دؤران انہوں نے کسانوں کے جاریہ طویل احتجاج پر بات کی اور مرکزی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ کسان قوانین کو منسوخ کیا جائے اور اجناس کی اقل ترین قیمت کا اعلان کیا جائے اور کاشت کاری کے جاریہ بحران کو ختم کیا جائے۔

جبکہ کیپٹن امریندر سنگھ کے میڈیا اڈوائزر روین ٹھکرال نے اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ٹوئٹر پر امیت شاہ اور امریندرسنگھ کی ایک فائل فوٹو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سابق چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندرسنگھ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی ہے۔

اس ملاقات کے بعد ایسی اطلاعات گشت کرنے لگی ہیں کہ 79 سالہ سابق چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندرسنگھ بی جے پی میں شمولیت کی پیشکش پر غور کرسکتے ہیں!!۔

جبکہ کل دہلی پہنچے کیپٹن امریندرسنگھ نے انڈیا ٹوڈے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے دہلی دؤرہ کے دؤران کسی بھی سیاسی قائد سے ملاقات نہیں کریں اور وہ  چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی کے لیے کپورتھلا ہاؤس خالی کرنے کی غرض سے دہلی آئے ہیں!!۔

یاد رہے کہ اپنے استعفیٰ کے فوری بعد کیپٹن امریندرسنگھ نے بارہا مرتبہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس کی قومی قیادت میں انہیں ذلیل کیا ہے۔

دوسری جانب صدر پنجاب کانگریس کی حیثیت سے نوجوت سنگھ سدھو کے استعفیٰ کے بعد سے پنجاب کانگریس شدید بحران کا شکار ہے جن کی تائید میں کل ریاستی وزیر رضیہ سلطانہ اور تین ریاستی سطح کے کانگریسی قائدین اپنے عہدوں سے مستعفی ہوچکے ہیں۔