مسجد الحرام میں دیڑھ سال کے وقفہ کے بعد جسمانی فاصلہ کے بغیر نماز جمعہ کی ادائیگی، روح پرور مناظر

مسجد الحرام میں دیڑھ سال بعد جسمانی فاصلہ کے بغیر نماز جمعہ کی ادائیگی
روح پرور مناظر،ٹوئٹر پر حرمین شریفین کی جانب سے ویڈیو اور تصاویر پوسٹ کی گئیں

ریاض: 22۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

وزارت سعودی مملکت کی جانب سے 17 اکتوبر سے مملکت میں کورونا وائرس کے قواعد و ضوابط میں نرمی کے بعد آج مسجدالحرام میں زائد از دیڑھ سال بعد پہلی مرتبہ جسمانی فاصلہ کے بغیر نماز جمعہ ادا کی گئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں خوش نصیب مسلمانوں نے خشوع و خضوع اور مکمل نظم و ضبط کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی تاہم اس موقع پر نمازیوں کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

کوویڈ قواعد میں نرمی کے سعودی مملکت کے اعلان کے بعد مسلمانوں کی کثیر تعداد میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کی غرض سے حرم شریف پہنچی تھی۔

قبل ازیں سربراہ حرمین شریفین شیخ عبدالرحمٰن السدیس کی جانب سے انتظامیہ کو سہولتوں کی فراہمی کی خصوصی ہدایات دی گئی تھیں۔اور مسجد الحرام و مسجد نبویﷺ میں آنے والے نمازیوں کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت بھی دی گئی تھی۔

حرمین شریفین انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام کے مزید 50 دروازے آج نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے کھولے گئے تھے اور مسجدالحرام کے اندرونی صحن اور راہداریوں کو سینی ٹائز بھی کیا گیا تھا۔

وہیں حرمین شریفین انتظامیہ کے مطابق مسجدالحرام کے مختلف مقامات پر 500 سے زائد خود کار سینی ٹائزر کی بوتلیں نصب کی گئی ہیں۔  جبکہ احتیاطی اقدامات کے طور پر آنے والوں کو ماسک لازمی طور پر پہننے کی ہدایت دی گئی تھی۔

اسی طرح مسجد الحرام کے مختلف مقامات پر 50 ہزار سے زائد آبِِ زم زم کی بوتلوں کا خصوصی نظم کیا گیا اور ایک لاکھ لیٹر آبِِ زم زم واٹر کولرس اور کینوں میں رکھا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی حکومت نے عمرہ کی ادائیگی پر سے چند کوویڈ قواعد پر عمل آوری کے احکامات کے ساتھ پابندیوں کو برخاست کیا تھا۔پھر 16 اکتوبر کو سعودی حکومت نے کوویڈ قواعد پر عمل آوری اور حرم مکی میں جسمانی فاصلہ پر پابندی کو برخاست کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عالم اسلام کو ایک خوش خبری اور نوید مسرت فراہم کی تھی۔

اس کے بعد ہفتہ 16 اکتوبر کے دن صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین مسجد الحرام کی ہدایت پر حرم مکی کو مکمل طور پر نمازیوں کے لیے کھولے جانے کے بعد حرم شریف میں جسمانی فاصلے کی ہدایات کے لیے جگہ جگہ لگائے گئے بورڈس اور اسٹیکرس ہٹا دئیے گئے تھے اور نماز کے دؤران جسمانی فاصلہ قائم رکھنے کی غرض سے گزشتہ سال فرش پر چسپاں کیے گئے اسٹیکرس کو بھی نکال دیا گیا تھا۔

دیڑھ سال کے وقفہ کے بعد پہلی مرتبہ 17 اکتوبر بروز اتوار مسجد الحرام میں دوبارہ جسمانی فاصلہ کے بغیر نماز فجر ادا کی گئی تھی۔جس کے بعد بنا جسمانی فاصلہ کے مسجد الحرام میں نماز فجر کی ادائیگی والے دلکش اور روح پرور مناظر پرمشتمل ویڈیوس اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے جنہیں دیکھ کر عالم اسلام میں خوشی کی لہر دؤڑ گئی تھی۔

اب آج جسمانی فاصلہ کے بغیر مسجد الحرام میں نماز جمعہ کی ادائیگی نے اقطائے عالم کے مسلمانوں میں خوشی و انبساط کی لہر دؤڑادی ہے۔

مسجدالحرام میں دیڑھ سال نمازِ فجر کی ادائیگی کا روح پرورمنظر،کوویڈ قواعد میں نرمی، جسمانی فاصلہ کی پابندی ختم

Photos Courtesy Twitter Handle: Haramain Sharifain @hsharifain