طلبہ کا مستقبل ہی اہم، تلنگانہ ہائی کورٹ کا ریمارک
انٹرمیڈیٹ سال اول کے امتحانات کے انعقاد کو ہری جھنڈی
حیدرآباد: 22۔اکتوبر(سحر نیوزڈاٹ کام)
اب جبکہ ریاست تلنگانہ میں انٹرسال اول کے امتحانات کا پیر 25 اکتوبر سے انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے اس سلسلہ میں تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے 24ستمبر کو ان امتحانات کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے اور حکومتی سطح پر ان امتحانات کے انعقاد کی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔
ایسے میں آج تلنگانہ ہائی کورٹ میں ان امتحانات کو منسوخ کرنے کے مطالبہ کے تحت داخل کردہ درخواست کو ہائی کورٹ نے مسترد کرتے ہوئے امتحانات کے شیڈول کے مطابق انعقاد کو ہری جھنڈی دکھادی ہے۔
ہائی کورٹ نے واضح طور پر کہا ہے کہ طلبہ کے مستقبل کو دیکھتے ہوئے ان امتحانات کی منسوخی اور امتحانات کے انعقاد سے عین قبل اس معاملہ میں مداخلت نہیں کی جاسکتی۔

طلبہ کے والدین کی تنظیم کی جانب سے تلنگانہ ہائی کورٹ میں داخل کردہ ایک درخواست کی عدالت نے آج سماعت کی جس میں معزز عدالت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ پروموٹ کیے گئے طلبہ کے لیے جاریہ ماہ کے اواخر میں انٹر سال اول کے منعقد ہونے والے امتحانات کو منسوخ کرنے کی حکومت کو ہدایت دی جائے۔
اس درخواست کی آج سماعت کرتے ہوئے معزز تلنگانہ ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ اب جبکہ 25 اکتوبر سے ان امتحانات کا آغاز ہورہا ہے تو آخری لمحات میں اس طرح کی درخواست کیسے داخل کی جاسکتی ہے؟اور اس معاملہ میں ہائی کورٹ کوئی مداخلت نہیں کرے گی۔
ساتھ ہی معزز ہائی کورٹ نے درخواست گزاروں کے وکیل کو ہدایت دی کہ وہ اس درخواست کو واپس لیں۔
عدالت نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ان امتحانات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کرچکی ہے اور طلبہ کے مستقبل کے پیش نظر ان امتحانات کو منسوخ نہیں کیا جاسکتا۔جس کے بعد درخواست گزار کے وکیل نے اپنی درخواست واپس لے لی۔
اب ہائی کورٹ کی جانب سے اس فیصلہ کے بعد ریاست میں انٹر میڈیٹ سال اول کے امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔
ہائی کورٹ میں اس درخواست کی سماعت کے دؤران تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے وکیل نے معزز عدالت کوبتایا کہ کورونا وبا کے باعث دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے سالانہ امتحانات کا انعقاد عمل میں نہیں لایا گیا تھا اور ان تمام کو پروموٹ کردیا گیا تھا انہوں نے استفسار کیا کہ اگر آئندہ سال بھی کسی وجہ سے انٹرمیڈیٹ سال دوم کے امتحانات منعقد نہ ہوں تو پھر ان طلبہ کے تعلیمی معیار کو کیسے جانچا جائے!!

