پرینکا گاندھی اور اکھلیش یادو کی دہلی۔لکھنؤ فلائٹ پر ملاقات،سوشل میڈیا پر تصویر وائرل 

پرینکا گاندھی اور اکھلیش یادو کی دہلی۔لکھنؤ فلائٹ پر ملاقات
سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر تصویر وائرل

نئی دہلی: 22۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

جنرل سیکریٹری کل ہند کانگریس و انچارج کانگریس اترپردیش پرینکا گاندھی واڈرا اور سابق چیف منسٹر اتر پردیش و سماج وادی پارٹی سپریمو اکھلیش یادو کی آج جمعہ کو دہلی-لکھنؤ فلائٹ پر ملاقات ہوئی۔اور یہ تصویر سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر بڑے پیمانے پر وائرل ہوئی ہے بتایا جارہا ہے کہ یہ ملاقات اتفاقاً ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان دونوں سیاسی شخصیتوں نے کوویڈ کے سفری قواعد کے مطابق اپنے اپنے چہرے پر ماسک پہنے ہوئے ہیں اور جہاز کے اندر ایک دوسرے سے کچھ گفتگو میں مصروف ہیں۔

دہلی۔لکھنئو اس فلائٹ سے پرینکا گاندھی واڈرا لکھنؤ اور پھر بارہ بانکی کے لیے ریاست گیر یاترا کو جھنڈی دکھانے کے لیے لکھنئو کا سفر کر رہی تھیں جس کے دؤران پارٹی اترپردیش کے رائے دہندگان کو کانگریس پارٹی کے سات وعدوں سے واقف کرے گی جبکہ اکھلیش یادو دہلی کے اپنے دؤرے کے بعد لکھنئو واپس ہورہے تھے۔

اب جبکہ آئندہ سال کے اوائل میں اترپردیش اسمبلی کے انتخابات ہونے والے ہیں تو جنرل سیکریٹری کل ہند کانگریس و انچارج کانگریس اترپردیش پرینکا گاندھی واڈرا اور سابق چیف منسٹر اتر پردیش و سماج وادی پارٹی سپریمو اکھلیش یادو اپنے اپنے انداز میں اترپردیش میں برسراقتدار بی جے پی اور چیف منسٹر آدتیہ ناتھ کے خلاف احتجاج اور انہیں تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

تاہم اس معاملہ میں پرینکا گاندھی واڈرا اترپردیش میں عوامی مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوتی نظر آرہی ہیں جنہوں نے اتر پردیش کے ہاتھرس اورلکھیم پور کھیری تشدد کی شدید مخالفت، گرفتاری اور عوامی سطح پر احتجاج کے بعد زیادہ سرخیاں بٹورنے میں بھی کامیاب ہوئی ہیں۔

بعدازاں جنرل سیکریٹری کل ہند کانگریس و انچارج کانگریس اترپردیش پرینکا گاندھی واڈرا نے گزشتہ دنوں یہ اعلان کرکے بشمول بی جے پی دیگر سیاسی جماعتوں کو مخمصے میں ڈال دیا کہ اترپردیش کے آنے والے انتخابات میں کانگریس پارٹی 40 فیصد نشستیں خواتین کے لیے مختص کرے گی۔

2017ء میں کانگریس اور سماج وادی پارٹی نے اترپردیش انتخابات میں مفاہمت کی تھی لیکن یہ مفاہمت ناکام ثابت ہوئی تھی کیونکہ کانگریس پارٹی نے 105 نشستوں پر مقابلہ کرتے ہوئے صرف سات نشستیں اور سماج وادی پارٹی نے 47 نشستیں حاصل کی تھیں۔

جبکہ 2012 کے انتخابات میں سماج وادی پارٹی نے 224 نشستیں حاصل کرتے ہوئے اترپردیش کے اقتدار پر قبضہ کیا تھا اور اکھلیش یادو نے چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالا تھا۔

چند ماہ قبل اکھلیش یادو اشارہ دے چکے ہیں کہ وہ 2022ء کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس سے انتخابی مفاہمت نہیں کریں گے۔

وہیں لکھیم پور کھیری تشدد کے بعد پرینکا گاندھی واڈرا نے اکھلیش یادو اور بی ایس پی سربراہ مایاوتی کو اترپردیش کے شہریوں کی نمائندگی اور مسائل کو اجاگر کرنے میں ناکامی پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ صرف ان کی پارٹی تھی جو کہ بی جے پی کا پیچھا کررہی ہے۔وہیں اکھلیش یادو بھی اترپردیش میں اپنی یاترا کا آغاز کرچکے ہیں۔