حیدرآباد میں نقلی انکم ٹیکس عہدیدار مکان کی تلاشی کے بعد
تین کلوسونا اور دو لاکھ روپئے نقد رقم لے کر فرار
حیدرآباد: 14۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کے ایک مکان میں خود کو انکم ٹیکس عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے داخل ہوکر پانچ گھنٹوں تک تلاشی کے بعد پانچ رکنی دھوکہ بازوں کی ٹیم اس مکان کی الماری کے لاکر میں موجود تین کلو سونا اور دو لاکھ روپئے نقد رقم لے کر فرار ہوگئی۔
حیدرآباد کے گچی باؤلی علاقہ میں کل پیر کے دن دوپہر پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح پانچ نامعلوم افراد کار کے ذریعہ نانک رام گوڑہ کے آرینج کاؤنٹی میں مقیم بھاگیہ لکشمی کے مکان پہنچے اور خود کو محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے مکان میں داخل ہوگئے۔
مکان میں داخل ہونے کے بعد ان نامعلوم افراد نے مکینوں کے پاس موجود موبائل فونس اپنی تحویل میں لے لیے تاکہ مکینوں کو یقین ہوجائے کہ وہ محکمہ انکم ٹیکس کے ہی عہدیدار ہیں۔
ان نقلی دھوکہ بازوں نے کئی گھنٹوں تک مکان میں تلاشی کے بعد اس مکان میں موجود الماری کی کنجیاں طلب کرتے ہوئے الماری کے لاکر میں موجود تین کلو سونا اور دو لاکھ روپئے کی نقد رقم لے کر فرار ہوگئے۔
ان دھوکہ باز اور نقلی عہدیداروں کی جانب سے جاتے وقت کسی بھی قسم کی کوئی نوٹس،تفصیلات یا تحریری نوٹ حوالے نہ کیے جانے کے بعد بھاگیہ لکشمی کو شبہ ہوا کہ انہیں لوٹ لیا گیا ہے۔جس کے بعد انہوں نے گچی باؤلی سے اس واقعہ کی شکایت کی۔
گچی باؤلی پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور ان دھوکہ باز نقلی انکم ٹیکس عہدیداروں کی تلاش میں مصروف ہے۔
متاثرہ خاتون کے مکان میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کی مدد سے ان دھوکہ بازوں کی شناخت کی جارہی ہے۔ جو ہوبہو انکم ٹیکس عہدیداروں کی طرح سوٹ بوٹ میں اس مکان پہنچے تھے۔!!
عوام کو لوٹنے کے اس جدید طریقہ کار سے خود کو محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے اور اس قسم کے کوئی بھی افراد مکانات پہنچیں تو پہلے ان کے شناختی کارڈس طلب کرتے ہوئے تسلی کرلی جائے کہ واقعی یہ سرکاری عہدیدار ہیں۔

