تانڈور یوتھ ویلفیئر اور مہاسیوا انسانیت کی ناقابل فراموش حقیقی خدمات میں مصروف
عید ملاپ پروگرام سے صدر ٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف اور دیگر کا خطاب
وقارآباد/تانڈور: 15۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
صدر تانڈور ٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف نے کہا ہے کہ تانڈور یوتھ ویلفیئر اور مہاسیوا انسانیت کی ناقابل فراموش اور حقیقی خدمات انجام دے رہے ہیں جوکہ گزشتہ سال سے کوویڈسے فوت ہونے والوں کی بلاء مذہبی تفریق تدفین اور ان کی آخری رسومات کی مفت ادائیگی جیسا اہم کام کرتے ہوئے گنگا جمنی تہذیب کو مزید مضبوط کرنے میں مصروف ہیں۔وہ آج یہاں تانڈور یوتھ ویلفیئر کی جانب سے مسجد عالیہ شانتی نگر میں منعقدہ عید ملاپ پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔
اس پروگرام کا آغاز مولانا سہیل احمد عمری کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔اس عید ملاپ پروگرام میں تانڈور یوتھ ویلفیئر اور مہاسیوا کے ذمہ داران اور کارکنان شریک تھے۔
اس پروگرام میں صدر ٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف نے اپنی جانب سے ٹیم کی سرگرمیوں کو مزید بہتر انداز میں انجام دینے کیلئے ایک گاڑی بھی حوالے کی اور مزید تعاون کا تیقن دیا۔
جبکہ ٹی آرایس قائد راجو گوڑ نے اس تقریب میں ان دونوں ٹیموں کی خدمات کوسراہتے ہوئے اپنی جانب سے 10 آکسیجن سیلنڈرس کا عطیہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے 20 ہزار روپیہ نقد رقم کا عطیہ بھی دیا۔
تانڈور یوتھ ویلفیئر کے سرپرست سید کمال اطہر ، مولانا سہیل احمد عمری اور مہا سیوا کے ذمہ دار راج گوپال کرشنا نے اپنے خطابات میں ہنگامی حالات میں سماج پر عائد ہونے والی ذمہ داریوں کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تانڈور ایک واحد مقام ہے جہاں دونوں طبقات کے نوجوان مل کر کوویڈ سے فوت ہونے والوں کی بلاء مذہبی تفریق تدفین اور ان کی آخری رسومات کی مفت ادائیگی جیسا اہم کام کرتے ہوئے سارے ملک کو گنگا جمنی تہذیب اور سیکولرازم کو مضبوط بنانے کا پیغام دے رہے ہیں۔
مہاسیوا کے ذمہ دار راج گوپال کرشنا نے کہا کہ گزشتہ سال سے جاریہ سال کے ماہ اپریل تک تانڈور یوتھ ویلفیئر کی خدمات کو دیکھتے ہوئے انہوں نے آپسی صلاح و مشورہ کے بعد اپنے نوجوانوں کو لیکرمہا سیوا تشکیل دی جو کہ تانڈور یوتھ ویلفیئرکے ساتھ ملکر انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے۔
اس عید ملاپ تقریب میں حافظ عبدالسلام غازی پوری، ہری گوڑ،عبدالقوی، ناگیش، راج شیکھر، سدھو گوڑ، سریدھر ، امتیاز احمد اورسوماشیکھرکے علاوہ یوتھ ویلفیئر کے نذیر احمد ایمبولنس ، اصغرحسین شاہی پور ،حافظ توفیق شاہی پور،ساجد پٹیل ،محمد علی انجینئر،سید ثاقب میر ،عبدالمنان ،محمد شوکت ، سید معین اوردیگر بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دؤران ان دونوں ٹیموں کی جانب سے تانڈور کے علاوہ ،تانڈور اور وقارآباد کے اطراف و اکناف کے مختلف مواضعات ،گریجن تانڈؤں اور پڑوسی ریاست کرناٹک کے مختلف مقامات پر پہنچ کر زائد از 80؍برادران وطن کی آخری رسومات مفت انجام دی گئی ہیں۔
دوسری جانب آج سابق صدرنشین ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینک لمیٹیڈ و سابق صدرنشین بلدیہ پی۔لکشما ریڈی کے فرزند پی۔مہیپال ریڈی نے کہ تانڈور یوتھ ویلفیئر اور مہاسیوا کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے پی پی کِٹس اور ماسکس کا عطیہ دیا۔ اس موقع پر تانڈور یوتھ ویلفیئر کے سرپرست سید کمال اطہر ، مولانا سہیل احمد عمری اور مہا سیوا کے ذمہ دار راج گوپال کرشنا اور دیگر موجود تھے۔