کوویڈ سے متاثرہ مجبور نوجوان نے باتھ روم کو ہی آئسولیشن کمرہ بنالیا،وقارآباد ضلع میں پیش آیا افسوسناک واقعہ

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

کوویڈ سے متاثرہ مجبور نوجوان نے باتھ روم کو ہی آئسولیشن کمرہ بنالیا،وقارآباد ضلع میں پیش آیا افسوسناک واقعہ

وقارآباد:15۔مئی(سحر نیوزڈاٹ کام)

غربت میں کوروناوائرس سے متاثر ہونا بھی دوہرا عذاب ہوتا ہے! جبکہ کئی ایسے کوویڈ متاثرین ہیں جو کہ کوروناوائرس سے متاثر ہوکر ڈاکٹرس کی صلاح پر اپنے اپنے مکانات میں آئسولیشن میں ہیں اور اسکے لیے لازمی ہے الگ تھلگ رہنے کیلئے ایک کمرہ کوویڈ متاثر کیلئے مختص کیاجائے۔لیکن مواضعات میں غریب لوگوں کو چھوٹے مکانات ہونے کے باعث آئسولیشن کیلئے کمرہ موجود رہنا ممکن نہیں ہوتا۔

ایسے میں ضلع وقارآباد کے دھارور منڈل سے ایک ایسی افسوسناک تصویر منظر عام پر آئی ہے کہ جہاں ایک کوویڈ سے متاثر نوجوان اپنے چھوٹے سے مکان کے باہر موجود بیت الخلاء کو ہی آئسولیشن مرکز بناکر اسی میں مقیم ہے اور اس کا کھانا پینا اور علاج سب اسی ایک باتھ روم میں جاری ہے!

دھارور منڈل کے موضع میلارم کےاس افسوسناک اور غربت کی اصل تصویر پیش کرنے والے واقعہ کی تفصیلات کے مطابق گرام پنچایت میں صفائی مزدور کیساتھ ٹریکٹر ڈرائیور کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والاایک نوجوان رمیش(نام تبدیل) خدمات کے دؤران کورونا وائرس سے متاثر ہوگیا لیکن گرام پنچایت والوں نے اس کی کوئی مدد کی اور نہ ہی ضلع وقارآباد کے کسی سرکاری آئسولیشن سنٹر جانے کا مشورہ ہی دیا۔

اس نوجوان کے ایک کمرہ پر مشتمل مکان میں ہی بیوی اور بچوں کیساتھ رہنے کی وجہ سے اسے اپنے مکان میں آئسولیشن کیلئے کوئی دوسرا کمرہ دستیاب نہ ہونے کے باعث مجبوری کی حالت میں اس نے اپنے مکان کے باہر موجود بیت الخلاء کو ہی آئسولیشن کا کمرہ بناکر اسی میں رہنے لگا اور اپنا علاج بھی اسی بیت الخلاء میں جاری رکھے ہوئے تھا۔

اطلاعات ہیں کہ اس واقعہ کی اطلاع اس نوجوان کے ساتھی مزدورں نے موضع کے سرپنچ اور گرام پنچایت کے عہدیداروں کو دی تو وہ انجان بن گئے کوئی اقدام نہیں کیا! مگر اس ڈرائیور کے مقام پر فوری طور پر ایک عارضی ڈرائیور کا تقرر کرتے ہوئے صاف صفائی کا کا م جاری رکھاگیا۔

بیت الخلاء کو آئسولیشن روم بناکر اسی میں کھانا پینا اور اپنا علاج کرنے والے اس نوجوان کی کسی نے ویڈیو اور تصویر لیکرسوشیل میڈیا پر وائرل کردی۔

ایم پی ڈی اوما دیوی گزشتہ رات ایک بجے کوویڈ سے متاثرہ نوجوان کو ایمبولنس کے ذریعہ وقارآباد کے آئسولیشن سنٹر منتقلی کے دؤران۔

جس کے بعد ضلع کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اروند نے مقامی پرائمری ہیلتھ سنٹر کے ڈاکٹر سے بات کرنے کے بعد گزشتہ رات مقامی ایم پی ڈی اوما دیوی کو اس واقعہ سے واقف کروایا تو اومادیوی رات ایک بجے ایمبولنس کے ساتھ اس نوجوان کے مکان واقع میلارم پہنچ گئیں اور اس نوجوان کو وقارآباد میں قائم سرکاری آئسولیشن سنٹر منتقل کردیا۔

ایم پی ڈی او اومارانی کی جانب سے رات ایک بجے کورونا وائرس نوجوان کے مکان پہنچ کر اسے آئسولیشن سنٹر منتقل کیے جانے کی موضع کے عوام سراہنا کررہے ہیں کہ ایک خاتون ہوکر انہوں نے بے خوف موضع پہنچ کر انسانیت کا ثبوت دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے