تلنگانہ میں لاک ڈاؤن میں توسیع کا گزشتہ سال کا ویڈیووائرل ،عوام میں تشویش

ریاستی خبریں

تلنگانہ میں لاک ڈاؤن میں توسیع کا گزشتہ سال کا ویڈیو وائرل،عوام میں تشویش

حیدرآباد:15۔مئی(سحر نیوزڈاٹ کام)

سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس بالخصوص وہاٹس اپ جھوٹ،افواہوں اور عوام کو خوفزدہ و پریشان کرنے کا اہم اڈہ بن کر رہ گیا ہے!
بلاء کسی تصدیق چند ایسے غیر ذمہ دار لوگ بھی اس سماج میں موجود ہیں جو انہیں یا پھر کسی گروپ میں شیئر کی جانے والی تصاویر ، ویڈیوس کو بناء کسی تحقیق اور شاید مکمل طور پر اس کو پڑھنے یا دیکھنے اور غور و فکر کرنے سے پہلے ہی ثواب جاریہ کی نیت سے دھڑادھڑ اپنے قریبی لوگوں کو اور دیگر وہاٹس اپ گروپس میں فارورڈ کرنے کو فرض عین سمجھتے ہیں!

انہیں اس بات کا اندازہ ہی نہیں رہتا یا وہ کرنا ہی نہیں چاہتے کہ جس جھوٹ اور افواہ پرمشتمل مواد کو وہ پھیلارہے ہیں اس سے عوام میں خوف اور تشویش پیدا ہوجاتی ہے!

سوشیل میڈیا پر حکومت کی مختلف ایجنسیوں کی گہری نظر ہوتی ہے!

گزشتہ دنوں عین رمضان سے قبل سوشیل میڈیا پر 2019ء کے ایسے ویڈیوس پھیلادئیے گئے جس میں چارمینار کے پاس عید کی خریدی کے لئے عوام کا اژدہام نظر آرہا ہے جبکہ اس وقت کوروناوائرس کی وباء نہیں تھی۔

اب آج صبح سے حیدرآباد سے ٹیلی کاسٹ ہونے والے ایک مشہور اردو نیوز چینل کے نیوز بلٹین کا ایک 44 سیکنڈ کا ویڈیو کاٹ کر وہاٹس اپ پر وائرل کردیا گیا ہے (جبکہ اس نیوز بلٹین کا مکمل ویڈیو 31 منٹ 37 سیکنڈ کا ہے) جس میں نیوز اینکر یہ کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ ” ناظرین اس وقت کی سب سے بڑی خبر آرہی ہے کہ وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ نے اعلان کردیا ہے کہ 29 مئی تک تلنگانہ میں لاک ڈاؤن برقرار رہے گا اور یہ فیصلہ آج ہونے والے سات تا آٹھ گھنٹوں تک چلنے والے کابینہ کے اجلاس میں لیا گیا ہے۔”

کئی وہاٹس گروپس میں اور نجی طور پر بھی یہ ویڈیو وائرل کردئیے جانے سے عوام میں پریشانی کی لہر دؤڑگئی ہے۔

جبکہ یوٹیوب پر اس ویڈیو پر 5 مئی 2020ء کی تاریخ درج ہے جوکہ گزشتہ سال لاک ڈاؤن میں کی گئی توسیع پرمشتمل یہ ویڈیو ہے۔

چند ناعاقبت اندیش اور غیر ذمہ دار افراد نے جان بوجھ کر لاک ڈاؤن میں توسیع پر مشتمل اس ویڈیو کا چھوٹا سا حصہ پھیلاکر عوام میں خوف کا ماحول پیدا کردیا ہے۔

یاد رہے کہ ریاست تلنگانہ میں 12 مئی سے دس روزہ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے جو کہ 22 مئی کی صبح تک لاگو رہے گا۔اس لاک ڈاؤن کو برخاست کرنا ہے یا پھر اس میں مزید توسیع دینا ہے اس کا فیصلہ لاک ڈاؤن کے اختتام سے عین قبل حالات کے حساب سے دوبارہ ریاست کے اعلیٰ عہدیداروں کیساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کے بعد کابینہ کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں وزیراعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤ اس کا فیصلہ کریں گے اور باقاعدہ اعلان بھی کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں ایک جی او بھی جاری کیا جائے گا!!

عوام ایسی جھوٹی اطلاعات اور افواہوں پر ہرگز یقین نہ کریں اور اس کو لیکر ہرگز پریشان نہ ہوں۔

ضرورت شدید ہے کہ محکمہ پولیس تلنگانہ/ حیدرآباد اور سائبر کرائم سیل وقفہ وقفہ سے گزشتہ سال کے ویڈیو کلپس کے ذریعہ ایسی جھوٹی افواہوں کو سوشیل میڈیا، وہاٹس اپ پر پھیلاکر عوام کو پریشان کرنے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انکے خلا ف سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنائیں اور اس سے متعلق خبروں کو بھی عام کیا جائے تاکہ سماج میں موجود دیگر غیر ذمہ دارافراد ایسی حرکت نہ کریں!!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے