وزیرتعلیم تلنگانہ سبیتا اندرا ریڈی نے جذبہ انسانیت کا پرچم بلند کیا،نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے زخمی نوجوانوں کوہسپتال منتقل کیا

وزیرتعلیم تلنگانہ سبیتا اندراریڈی نے جذبہ انسانیت کا پرچم بلند کیا
نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے سڑک پر پڑے ہوئے زخمی نوجوانوں کوہسپتال منتقل کیا

وقارآباد:03۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

کہتے ہیں کہ کوئی بھی خاتون منسٹر، کلکٹر، ڈاکٹر یا کسی اور عہدہ پر فائز ہو اور عہدہ کی مناسبت سے کتنی ہی سخت گیر ہو لیکن اس خاتون کے اندر ممتا اور انسانیت کا سمندر ہنوز قائم رہتا ہے۔اور روزمرہ کی مصروفیات کے دؤران کسی نہ کسی موقع پر وہ یہ ثابت کردیتی ہیں کہ ان کا موجودہ عہدہ عارضی یا دنیاوی ہے لیکن ان کے  اندر موجود انسانیت اور ممتا انمٹ ہے۔

اسی بات کا ثبوت آج وزیرتعلیم تلنگانہ پی۔سبیتا اندراریڈی نے اس وقت دیا جب وہ حیدرآباد سے اپنی گاڑیوں کے تیز رفتار قافلہ کے ساتھ وقارآباد آرہی تھیں۔

ظاہر ہے کہ زیادہ تر وزراء اور اہم شخصیتیں اپنی گاڑیوں کے شیشے چڑھاکر دفتری یا پھر اپنے پروگراموں کے شیڈول کے سلسلہ میں مصروف ہوتے ہیں۔

لیکن اس تیزرفتار گاڑیوں کے قافلہ میں موجود وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی کی نظر سڑک کے کنارے حادثہ کا شکار زخمی پڑے ہوئے دو نوجوانوں پر پڑگئی تو انہوں نے فوری اپنے ڈرائیور کو گاڑی کو روکنے کی ہدایت دی جس کے بعد ان کی گاڑی کے آگے اور پیچھے دؤڑ رہیں سیکورٹی اور دیگر عہدیداروں کی نصف درجن سے زیادہ گاڑیاں اچانک روک دی گئیں۔

آج دوپہر پیش آنے والے اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی آج ایک پروگرام میں شرکت کی غرض سے حیدرآباد سے وقارآباد آرہی تھیں کہ قریب ڈینٹل کالج کے ان کی نظر سڑک کے کنارے پڑے ہوئے دو زخمی نوجوانوں پر پڑی جن کی موٹرسیکل کو نامعلوم گاڑی نے ٹکر مارکر راہ فرار اختیار کی تھی۔

"اس واقعہ کا مکمل ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے "

اس منظر کو دیکھتے ہی وزیرتعلیم نے ڈرائیور کو فوری گاڑی روکنے کی ہدایت دی اور خود گاڑی سے اتر کر ان نوجوانوں کے پاس پہنچیں اور ان سے بات کرتے ہوئے انہیں حوصلہ دیا کہ وہ پریشان نہ ہوں۔ ان زخمیوں نے وزیرتعلیم کو بتایا کہ ایک سوئفٹ کار نے ان کی موٹرسیکل کو ٹکر دی ہے۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے اپنی گاڑیوں کے قافلہ میں موجود پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان زخمی نوجوانوں کو فوری پولیس کی گاڑی کے ذریعہ ہسپتال منتقل کیا جائے۔

اس ہدایت کے بعد پولیس عہدیداروں نے ان زخمی نوجوانوں کو پولیس گاڑی کے ذریعہ وقارآباد کے ایریا ہسپتال منتقل کیا اور اس کے بعد وزیر تعلیم نے ہسپتال کو فون کرکے ڈاکٹرس کو ہدایت دی کہ فوری طور پر ان زخمی نوجوانوں کو بہتر علاج فراہم کیا جائے۔

اس وقت تک جائے مقام پر عوام جمع ہوگئے تھے۔جنہوں نے وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی کے اس جذبہ انسانیت کی ستائش کرتے ہوئے کہا خاتون ریاستی وزیر کا یہ جذبہ لائق ستائش ہے۔ورنہ عام طور پر تو سڑکوں پر ایسے مناظر دیکھ کر ہر کوئی آگے بڑھ جاتا ہے!!

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے اپنے اس اقدام کے ذریعہ جہاں انسانیت کے پرچم کو بلند کیا وہیں عام انسانوں کو بھی پیغام دیا کہ سڑک پر پڑے ہوئے زخمیوں اور حادثات کی ویڈیوس لینے کے خبط سے زیادہ ان کی مدد کرتے ہوئے فوری انہیں ہسپتال منتقل کیا جائے تاکہ انہیں فوری طبی امداد فراہم ہو اور ان کی قیمتی جانیں بچ جائیں۔