تلنگانہ میں یکم جولائی سے طلبہ کیلئے خصوصی کلاسیس کا آغاز ،سرکاری ٹیچرس25جون سے خدمات پر رجوع ہوجائیں: وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی

تلنگانہ میں یکم جولائی سے طلبہ کیلئے خصوصی کلاسیس کا آغاز

 سرکاری ٹیچرس 25 جون سے خدمات پر رجوع ہوجائیں:وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی

حیدرآباد:21۔جون (سحرنیوزڈاٹ کام)

وزیر تعلیم تلنگانہ پی۔سبیتا اندراریڈی نے آج ایک اہم فیصلہ کا اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی سے ریاست میں انٹر سے لیکر دیگر اونچی جماعتوں کے طلبہ کیلئے خصوصی کلاسیس کا آغاز ہوگا۔اور اس سلسلہ میں کلاسیس کا تعلیمی شیڈول چہارشنبہ 23 جون کو جاری کیا جائے گا۔

وزیرتعلیم پی۔ سبیتا اندراریڈی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر کے نتائج آئندہ ہفتہ جاری کیے جانے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ اور ڈپلومہ فائنل ایئر کے امتحانات ماہ جولائی میں مکمل کرلیے جائیں گے۔اور ساتھ ہی 31 جولائی سے قبل ڈگری اور پی جی کے فائنل ایئر کے امتحانات بھی مکمل کرلیے جائیں گے۔

سرکاری اساتذہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ 25 جون سے اپنی خدمات پر رجوع ہوجائیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اپنی عمر کے 18 سال کی تکمیل کرلینے والے تمام طلبہ کو ویکسین دئیے جانے کا منصوبہ حکومت کو روانہ کردیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے بتایا کہ 23 جون کو خانگی تعلیمی اداروں کے ذمہ داران کیساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جارہا ہے سمجھا جارہا ہے کہ اس اجلاس میں گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی طلبہ سے صرف ٹیوشن فیس وصول کیے جانے کے سلسلہ میں بات ہوگی! تاہم وزیرتعلیم نے کہا کہ ان خانگی تعلیمی اداروں کے ذمہ داران سے خواہش کی جائے گی وہ اس سال تعلیمی فیس میں 30 فیصد کمی کریں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ انجینئرنگ اور ڈپلومہ فائنل ایئر کے امتحانات ماہ جولائی میں مکمل کرلینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔