تلنگانہ میں ہریتا ہارم کے تحت 210کروڑ پودے لگائے گئے،جاریہ سال 19.86 کروڑ پودے لگانے کامنصوبہ:سبیتا ریڈی

ریاستی خبریں ضلعی خبریں
ہریتا ہارم پروگرام کے تحت جاریہ سال ریاست میں 19.86 کروڑ اور وقارآباد ضلع میں 40 لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ
وزیر اعلیٰ کے سی آر ضلع وقارآباد کا جلد دؤرہ کریں گے،دفتر کلکٹریٹ وقارآبادکے تعمیر اتی کاموں کو جلد مکمل کرلیا جائے
ریاستی وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا دؤرہ وقارآباد ،ضلع کے عہدیداروں اور عوامی نمائندوں سے ویڈیو کانفرنس

وقارآباد: 21۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے کہاہے کہ جاریہ سال مانسون میں شجرکاری پر مشتمل ہریتا ہارم پروگرام کے ساتویں مرحلہ کے تحت ریاست تلنگانہ میں جملہ 19 کروڑ 86 لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جبکہ ضلع وقارآباد میں 40 لاکھ پودے لگانے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی پروگرام ایک چیلنج کے طور پر کیے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر ماہ پلے پرگتی پروگرام کے لیے 308 کروڑ روپئے اور پٹنا پرگتی پروگرام کے لیے ماہانہ 150 کروڑ روپئے منظور کیے جارہے ہیں۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی آج پیر کے روز اپنے دؤرہ وقارآباد کے موقع پر دفتر کلکٹریٹ وقارآباد سے ضلع کی بلدیات کے صدور،کمشنران،منڈلات کے ایم پی ٹی سیز، زیڈ پی ٹی سیز  اور ایم پی ڈی اوز سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کررہی تھیں۔

قبل ازیں وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے وقارآبا د کے شیواریڈی پیٹ تالاب میں زیر تعمیر منی ٹینک بینڈ اور دیگر ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کامشاہدہ کیااور تفصیلات سے واقفیت حاصل کیں۔

وزیرتعلیم کے دؤرہ وقارآباد،دفتر کلکٹریٹ اور ویڈیو کانفرنس کے موقع پر انکے ساتھ صدر نشین ضلع پریشد پی۔سنیتا مہندرریڈی،ضلع کلکٹر پوسومی باسو،رکن قانون ساز کونسل سرابھی وانی دیوی، چیوڑلہ ، وقارآباد ، تانڈور اور پرگی کے ارکان اسمبلی کالے یادیا،ڈاکٹر میتکوآنند،پائلٹ روہت ریڈی اور مہیش ریڈی ،صدر نشین ٹی ایس ای ڈبلیو آئی ڈی سی ناگیندرگوڑ، نائب صدر ضلع پریشد وجئے کمار، صدر نشین ضلع لائبرریز وقارآباد مرلی کرشنا گوڑ، ایڈیشنل کلکٹران موتی لال ، چندریا ،صدر نشین بلدیہ وقارآباد منجولہ رمیش اور دیگر موجود تھے۔

وزیرتعلیم وقارآباد کے شیواساگر تالاب پر زیر تعمیر مِنی ٹینک بینڈ کے کاموں کا مشاہدہ کرتے ہوئے۔

اس موقع پر وزیر تعلیم نے عہدیداروں، عوامی نمائندوں اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر ضلع وقارآباد کے مواضعات کی سرسبزی و شادابی اور آب و ہوا کی تبدیلی پر خوش ہیں۔

وزیر تعلیم نے ویڈیو کانفرنس کے دؤران انکشاف کیا کہ گزشتہ سال ہریتاہارم پروگرام کے چھٹے مرحلہ تک ریاست تلنگانہ میں جملہ 210 کروڑ پودے لگائے جاچکے ہیں انہوں نے انکشاف کیا کہ اس شجر کاری کے بعد ریاست کا جنگلاتی رقبہ جو 24 فیصد ہواکرتا تھا اب بڑھ کر 33 فیصد ہوگیا ہے اور اس میں مزید اضافہ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی بقاء کے لیے درختوں اور صاف و شفاف آب وہوا کا ہونا انتہائی لازمی ہے۔اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر 10 فیصد گرین بجٹ کے ذریعہ ریاست کو سرسبز و شاداب بنانا چاہتے ہیں اس کے لیے لازمی ہے کہ جاریہ مانسون میں ہریتاہارم کے ساتویں مرحلہ کو بھی کامیاب بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع وقارآباد کی تشکیل سے اب تک ضلع میں 3 کروڑ پودے لگائے جاچکے ہیں اور ضرورت ہے کہ ہریتا تلنگانہ کے لیے ہرکوئی اس کا حصہ بنے۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ چند دنوں میں وزیراعلیٰ کے سی آر وقارآباد ضلع کا دؤرہ کرنے والے ہیں اور اچانک و مواضعات کا بھی دؤرہ کریں گے اس لیے پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی کے تمام جاریہ کاموں کو جنگی خطوط پر مکمل کرلیا جائے۔سرحدات پر سائن بورڈس نصب کیے جائیں اور تمام سڑکوں کی دونوں جانب پودے لگائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کی تمام بلدیات کے بلدی حلقوں میں ایک چھوٹا پارک اور ہر اسمبلی حلقہ اور ہر منڈل میں ایک نرسری کے قیام کو یقینی بنایا جائے ساتھ ہی شجر کاری کی غرض سے ہر ایک گھر کو 6 پودے دئیے جائیں۔

رعیتو ویدیکا، ڈمپنگ یارڈس ،شمشان گھاٹوں کے احاطہ میں پودے لگائے جائیں وزیرتعلیم نے کہا کہ جب کبھی عوامی نمائندے مواضعات کا دؤرہ کریں ضرور اسکولس کا بھی معائنہ کیا جائے۔

وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہاکہ یکم جولائی تعلیمی اداروں کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے اسکے لیے متعلقہ عہدیدار تمام انتظامات کو قطعیت دیں۔

وزیرتعلیم زیر تکمیل دفتر کلکٹریٹ وقارآباد کی عمارت کا مشاہدہ کرتے ہوئے۔

قبل ازیں وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے وقارآباد میں زیر تعمیر دفتر کلکٹریٹ کی جدید عمارت کا تفصیلی مشاہدہ کیا اور اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دفتر کلکٹریٹ کی عمارت کے کام تقریباً مکمل ہوچکے ہیں اور جلد ہی وزیراعلیٰ کے سی آر اس عمارت کا افتتاح انجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے وزیراعلیٰ ریاست کو مختلف محاذوں پر ترقی دینے میں مصروف ہیں جدید اضلاع،جدید منڈلات، جدید گرام پنچایتوں ،جدید ریونیو ڈویثرنس اورجدید زونس کی تشکیل کے ذریعہ سرکاری نظم و نسق کو عوام کے قریب تک پہنچایا ہے اور ایم ایل اے کیمپ آفس بھی ہر اسمبلی حلقہ میں تعمیر کروائے گئے ہیں۔

سدی پیٹ اورکاماریڈی میں دفاتر کلکٹریٹ کی جدید عمارتوں کا وزیراعلیٰ کے سی آر افتتاح کرچکے ہیں۔وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ جدید تعمیر کردہ دفاتر کلکٹریٹ میں ضلع کلکٹرس کیسا تھ ساتھ ایڈیشنل کلکٹرس کے لیے بھی رہائش گاہوں کا نظم کیا گیا ہے۔وزیرتعلیم نے کہا دفتر کلکٹریٹ وقارآباد کی جدید عمارت بشمول لفٹ تمام عصری سہولتوں سے آراستہ ہوگی۔

تمام عصری سہولتوں سے لیس دفتر کلکٹریٹ وقارآباد کی زیر تکمیل عمارت جس کا جلد ہی وزیر اعلیٰ افتتاح انجام دینے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کسانوں کے مفاد میں بہتر سوچنے والی صرف حکومت تلنگانہ ہی ہے جو بناء کسی سفارش اور درمیانی افراد کی پیرویوں کے رعیتو بندھو اسکیم کے تحت رقم سیدھے کسانوں کے کھاتوں میں جمع کروارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ہرسال ریاست کے کسانوں کو 15,000  کروڑ روپئے رعیتو بندھو اسکیم کے تحت ان کے بینک کھاتوں میں پہنچارہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے