تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کے دؤران
ضبط شدہ گاڑیاں اب جرمانہ ادا کرکے پولیس اسٹیشنوں سے ہی حاصل کی جاسکتی ہیں!
حیدرآباد:22۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں کوویڈ وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے حکومت نے ریاست میں 12 مئی سے لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا بالآخر ریاست میں کوویڈ وباء اور اس سے متاثرین کی اموات میں کمی کے پیش نظر 20 جون سے ریاست میں نافذ لاک ڈاؤن کو برخاست کردیا ہے اور آہستہ آہستہ عام زندگی معمول کی جانب لوٹ رہی ہے۔
ریاستی حکومت کے سخت موقف کے بعد ریاستی ڈی جی ایم۔مہندرریڈی نے 22 مئی کو اعلان کیا تھا کہ بناء کسی ضرورت لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑکوں پر آنے والوں کی گاڑیاں ضبط کی جائیں گی۔
لاک ڈاؤن کے دؤران خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے تھے، کیس درج کیے گئے اور پھر بڑی تعداد میں گاڑیاں ضبط کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ضبط شدہ گاڑیاں لاک ڈاؤن کے اختتام کے بعد عدالتوں میں جرمانے ادا کرکے حاصل کرنا ہوگا۔
تاہم اب ریاستی پولیس کی جانب سے ایسے گاڑیوں کے مالکین کے لیے یہ خوشخبری ہے کہ اب انہیں عدالتوں تک جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ وہ اپنے اپنے متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں ہی جرمانے کی رقم ادا کرکے اپنی ضبط شدہ گاڑیاں حاصل کرسکتے ہیں۔
اطلاع ہے کہ ریاستی ڈی جی پی مہندرریڈی نے محکمہ پولیس کو ہدایت جاری کردی ہےکہ جرمانوں کی رقم حاصل کرکے ضبط شدہ گاڑیاں مالکین کے حوالے کردی جائیں!!
جرمانوں کی رقم ای۔پیٹی اور ای۔ چالان کے ذریعہ ادا کرنا ہوگا بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں ریاست کے تمام سینئر پولیس عہدیداروں اور پولیس اسٹیشنوں کو سرکیولر بھی جاری کردیا گیا ہے۔