وقارآبادضلع کےکوروناوائرس متاثرین علاج کیلئے حیدرآباد نہ جائیں،ضلع کے تین ہسپتالوں میں 300 بستروں کی سہولت

وقارآبادضلع کےکوروناوائرس متاثرین علاج کیلئے حیدرآباد نہ جائیں،ضلع کے تین ہسپتالوں میں 300 بستروں کی سہولت
وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے دفتر بلدیہ تانڈور میں جائزہ اجلاس منعقد کیا،رکن اسمبلی،ضلع کلکٹراور دیگر کی شرکت

وقارآباد/تانڈور۔27۔اپریل (سحرنیوزڈاٹ کام)

پی۔سبیتا اندراریڈی ریاستی وزیرتعلیم نے ضلع وقارآباد میں کوروناوائرس سے متاثر ہونے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ علاج کی غرض سے حیدرآباد کے ہسپتالوں کو نہ جائیں کیونکہ ہر جگہ ایک ہی علاج کیا جاتا ہے اس لیے وہ ضلع وقارآباد کے ہسپتالوں میں اپنا علاج کروائیں جہاں تمام بہتر سہولتیں موجود ہیں۔

وزیر تعلیم پی۔سبیتااندراریڈی آج کوویڈ کی بڑھتی وباء کے پیش نظر دفتر بلدیہ تانڈور میں جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی،کلکٹرضلع وقارآباد پوسومی باسو کے علاوہ متعلقہ عہدیدار شریک تھے۔

اس جائزہ اجلاس میں وزیرتعلیم پی۔سبیتااندراریڈی نے بتایا کہ وقارآباد میں موجود مہاویر ہسپتال اینڈ میڈیکل کالج میں کوویڈ متاثرین کیلئے 150 بستروں کا حامل کوویڈ مرکز موجود ہے جبکہ سائی ڈینٹل کالج وقارآباد میں 50 بستروں کے حامل کوویڈ کیئرسنٹر کی سہولت حاصل ہے۔

اسی طرح تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال میں 50 بستروں کا حامل کوویڈکیئرسنٹر کارکرد ہے اب اس میں مزید 50 بستروں کا اضافہ کیا جارہا ہے اس طرح ضلع وقارآباد میں کوویڈمتاثرین کے بہتر علاج و معالجہ کیلئے 300 بستروں کی سہولت حاصل ہے۔

ساتھ ہی وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ تانڈور کے حیدرآباد روڈ پر جدیدتعمیر کردہ مدراینڈ چائلڈ کیئرسنٹر میں 50 بستروں کا حامل کوویڈ کیئر سنٹر قائم کیا جائے گا۔

سبیتااندراریڈی نے انکشاف کیا کہ وقارآباد ضلع کیلئے آرٹی پی سی آر RT-PCR سنٹر منظورکیا گیا ہے۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتااندراریڈی نے ضلع میں برسر خدمت ڈاکٹرس اور دیگر طبی عملہ کو ہدایت دی کہ وہ 24 گھنٹے چوکس رہیں اور جہاں اُن کی ڈیوٹی ہے وہیں موجود رہیں، پنچایت سیکریٹریز اور سرپنچوں کو بھی انہوں نے ہدایت دی کہ وہ بھی مواضعات میں چوکس رہیں۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے انکشاف کیا کہ ضلع وقارآباد میں جملہ 5,178 کورونا وائرس کے ایکٹیو کیس ہیں جن میں 5,150 متاثرین ہوم قورنطین میں ہیں اور 28 متاثرین مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ ضلع میں اب تک 2 لاکھ افراد کا کوویڈ ٹسٹ کیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضرورت پڑنے پر مواضعات میں سرکاری اسکولس کی عمارتوں کوبھی استعمال کیا جائے۔

انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضلع میں ضرورت کے تحت آکسیجن کا ذخیرہ ہمیشہ موجود رکھنے کے اقدامات کریں۔

پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے محکمہ پولیس اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کوروناوائرس متاثرین کو عوام کے درمیان گھومنے پھرنے نہ دیا جائے اور خلاف ورزی پر ایسے متاثرین کیخلاف کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر نے یہ کہتے ہوئے تلنگانہ کے تمام چار کروڑ شہریوں کو مفت کوویڈ ویکسین دئیے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیسہ عوام کی زندگیوں سے زیادہ اہم نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک ریاست میں 30 لاکھ سے زائد افراد کو کوویڈ ویکسین دی گئی ہے جبکہ ضلع وقارآباد میں 43,389 افراد نے کوویڈویکسین کا پہلا ٹیکہ لیا ہے اور 10,000 افراد دونوں ٹیکے لے چکے ہیں۔

وزیرتعلیم کے جائزہ اجلاس میں شریک مختلف محکمہ جات کے عہدیدار۔

اس جائزہ اجلاس میں وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت د ی کہ کوویڈ ویکیسن سنٹر اور کوویڈ جانچ کے مراکز کو فاصلہ پر قائم کیا جائے ایک ہی مرکز پر قائم نہ کیا جائے۔ضلع کے سرکاری اور خانگی ہسپتالوں میں موجود خالی بستروں کی رپورٹ فوری طورپر اپ ڈیٹ کرنے کی بھی وزیر تعلیم نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔

وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ یکم مئی سے تمام کیلئے کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے پروگرام کیلئے ضلع میں تمام انتظامات کو قطعیت دیں اور اسکے لیے منصوبہ تیار کرتے ہوئے مزید مراکز کے قیام اور طبی عملہ کا انتظام کریں۔

ساتھ ہی وزیرتعلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر نے ریاست کے ہسپتالوں میں جنگی خطوط پر ڈاکٹر، نرسوں اور لیاب ٹیکنیشن کے تقررات کی ہدایت جاری کی ہے اس سلسلہ میں ضلع میں فوری تقررات عمل میں لائے جائیں۔

انہوں نے کوویڈ وباء کے دؤران ڈاکٹرس،نرسوں کیساتھ ساتھ طبی عملہ اورآشاورکرس کی خدمات کو قابل ستائش قراردیتے ہوئے کہا کہ شعبہ میڈیکل، محکمہ پولیس اور ریونیو عہدیدار اور ملازمین آپسی تال میل کے ذریعہ پرسکون طور پر خدمات انجام دیں اور کورونا وائرس کی دوسری لہر پر قابو پانے میں عوام بھی انتظامیہ کیساتھ مدد کریں۔

وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ خانگی ہسپتالوں پر نظر رکھیں اورتنقیح کرتے رہیں کہ آیا وہ حکومت کی جانب سے طئے شدہ قیمت پر کوویڈ متاثرین کا علاج کررہے ہیں یا مریضوں سے زائد رقم وصول کی جارہی ہے۔

اس جائزہ اجلاس میں نائب صدر ضلع پریشد وجئے کمار،صدرنشین ضلع لائبرریز مرلی کرشنا گوڑ،صدر نشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈاسواپنا پریمل،ایڈیشنل ضلع کلکٹر موتی لال اور چندریا،آرڈی او تانڈور اشوک کمار کے علاوہ متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی۔