کوروناوائرس کی بڑھتی وباء کے دؤران تانڈور میں مختلف احتیاطی اقدامات کا فیصلہ
بلدیہ تانڈور کا خصوصی اجلاس،صدر،نائب صدر،آر ڈی او اور ارکان بلدیہ کی شرکت
تانڈو: 27۔اپریل(سحرنیوز ڈاٹ کام)
کوروناوائرس کی جاریہ دوسری لہر کے قہر کے دؤران عوام کو کورونا وائرس اور دیگر وبائی امراض امراض سے محفوظ رکھنے کیلئے منصوبہ سازی کی غرض سے پیر کو بلدیہ تانڈور کا ایک خصوصی اجلاس صدر نشین بلدیہ تاٹی کونڈاسواپنا پریمل کی صدارت میں منعقد کیا گیا۔
جس میں آرڈی او تانڈوروانچارج کمشنر بلدیہ اشوک کمار،نائب صدرنشین بلدیہ دیپا نرسملو کے علاوہ مختلف جماعتوں کے ارکان بلدیہ نے شرکت کی۔
اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہاں کے تمام 36 بلدی حلقہ جات،مذہبی مقامات اور عوامی مقامات پر "سوڈیم ہائپو کلورائیڈ اور دیگر جراثیم کش ادویات کا بڑے پیمانے پر چھڑکاؤ کیا جائے۔
یاد رہے کہ اس سلسلہ میں گزشتہ ہفتہ ہی ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی، انڈسٹری کے ٹی آر نے ریاست کی تمام بلدیہ کے عہدیداروں کو ہدایت جاری کی تھی کہ بلدیات میں کوروناوائرس سے تحفظ کیلئے”سوڈیم ہائپوکلورائیڈ” اور دیگر جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ کریں اور اسکے لیے” پٹّنا پرگتی” Pattana Pragathi کا موجودہ فنڈ استعمال کریں اور ساتھ ہی ملازمین بلدیہ کی مدد سے کچرے کی نکاسی اور صاف صفائی کو یقینی بنائیں۔
بلدیہ تانڈور کے اجلاس میں طئے کیا گیا کہ یہاں کے تمام مقامات پر روزٓنہ صاف صفائی کا کام انجام دیا جائے، بلدی حلقہ جات کے مکانات سے کچرا حاصل کرتے ہوئے ڈمپنگ یارڈ منتقل کیا جائے۔
اس اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ یہاں کے قدیم اور جدید ترکاری مارکیٹ، بلدیہ کے روبرو،بسوانہ کٹہ علاقہ میں سڑکوں پر لگائی جانے والی ترکاری اور دیگر اشیاء کی تمام دُکانات اور ٹھیلہ بنڈیوں کو گورنمنٹ جونیئر کالج گراؤنڈ میں منتقل کردیا جائے اور وہاں تمام کوویڈ قواعد پر سختی کیساتھ عمل کرتے ہوئے عوام کو ایک ہی مقام سے خریدی کی سہولت فراہم کی جائے۔اور بلدیہ کے تمام صفائی ملازمین کو پی پی کِٹس فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اسی طرح شہر میں ماسک نہ پہننے والوں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

تانڈور کے عوام میں خشک اور تر کچرے کو علحدہ رکھنے ، کوویڈ سے تحفظ کیلئے کیے جانے والے احتیاطی اقدامات،سماجی فاصلہ کو قائم رکھنے جیسے کوویڈ پروٹوکال کے امور پر پبلک اڈریس سسٹم کے ذریعہ شعور پیدا کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اور عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ مشن بھاگیرتااسکیم کے جاریہ کاموں کی فوری تکمیل کرلیں۔
بلدیہ تانڈور کے خصوصی اس اجلاس میں مجلسی فلورلیڈر بلدیہ و سابق نائب صدر نشین بلدیہ سید ساجد علی نے اجلاس میں شریک آر ڈی او تانڈور اشوک کمار ، صدر نشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل اور ارکان بلدیہ کو واقف کروایا کہ تانڈور یوتھ ویلفیئر کی جانب سے گزشتہ ایک سال سے کوویڈ سے فوت ہونے والوں کی مفت آخری رسومات ادا کی جارہی ہیں جن میں غیرمسلم برادران وطن بھی شامل ہیں۔
اور ان کی اس بے لوث اور انسانیت کی خدمت والے کام کی بلدیہ تانڈور کی جانب سے سراہنا کی جانی چاہئے۔جس پر تمام نے تانڈور یوتھ ویلفیئر کی اس بلاء مذہبی تفریق کے کاموں کی سراہنا کی۔
بعدازاں کل شام مجلسی فلورلیڈر بلدیہ و سابق نائب صدر نشین بلدیہ سید ساجد علی کی نگرانی میں رحمت نگر ، اندرا نگر کی مسجد میں بلدی عملہ کی جانب سے مسجد کو جراثیم سے پاک کرنے کی غرض سے "سوڈیم ہائپوکلورائیڈ” کا چھڑکاؤ کیا گیا۔