وزیراعلیٰ کی ہدایت پرضلع وقارآباد میں کوویڈ کی روک تھام کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں: سبیتاریڈی

ریاستی خبریں ضلعی خبریں
وزیراعلیٰ کی ہدایت پرضلع وقارآباد میں کوویڈمتاثرین کے بہتر علاج اورکوویڈ کی روک تھام کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں
جہاں کے مریضوں کا وہیں علاج کیا جائے،ضلع میں آکسیجن بیڈس کی تعداد میں اضافہ،جائزہ اجلاس میں وزیرتعلیم سبیتاریڈی

وقارآباد/تانڈور : 13۔مئی(سحرنیوز ڈاٹ کام)

ر یاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے ضلع کے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وزیر اعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ کی ہدایت پر ضلع وقارآباد کے کوویڈ متاثرین کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور ساتھ ہی ضلع میں کوویڈ کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

ٍ

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے آج 14مئی بروز جمعرات کو دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں کوویڈ کےمتعلق ایک جائزہ اجلاس منعقد کیاجس میں ارکان اسمبلی چیوڑلہ، وقارآباد، تانڈور اور کوڑنگل کالے یادیا،ڈاکٹر میتکو آنند،پائلٹ روہت ریڈی اور پی۔نریندرریڈی کے علاوہ ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو،ضلع ایس پی ایم۔ نارائنا،ناگیندرگوڑ،صدرضلع لائبرریز مرلی کرشنا گوڑ،ڈی ای او رینوکا دیوی،ڈی ایم اینڈ ایچ او سدھاکر شنڈے،نائب صدر ضلع پریشد وجئے کمار کے بشمول مختلف محکمہ جات کے عہدیدار شریک تھے۔

دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں وزیرتعلیم ،ضلع کلکٹر،ضلع کےارکان اسمبلی، ضلع ایس پی اور دیگر۔(ویڈیو)

اس جائزہ اجلاس میں ر یاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے بتایا کہ ضلع وقارآباد میں اب تک 2 لاکھ 36 ہزار 596 افراد کے کورونا ٹسٹ کیے گئے ہیں اور فی الحال ضلع میں 6,737 کوروناوائرس کے ایکٹیو کیس موجود ہیں۔

وزیرتعلیم نے بتایا کہ ضلع وقارآباد میں اب تک 76,112 افراد کو کوویڈ ویکسین کے دونوں ٹیکے دئیے جاچکے ہیں جبکہ 46,000 افراد کو دوسرا ٹیکہ دینا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ضلع وقارآباد میں درکار تعداد میں ریمیڈیسیور کا اسٹاک موجود ہے اور ساتھ ہی دیگر ادویات بھی موجود ہیں اور حکومت ضلع کو درکار ادویات فراہم کررہی ہے۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے اس جائزہ اجلاس میں بتایا کہ ضلع وقارآباد کے 14 خانگی ہسپتالوں کے منجملہ 3 ہسپتالوں میں زیادہ تعداد میں کوویڈ متاثرین کا علاج کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع میں اب تک بخار سروے کے تحت 2,22,389 خاندانوں کا بخار سروے کیا گیا ہے جس میں سے 6333 افراد میں ہلکی علامات پائی گئی ہیں اور ان میں سے 6,026 افراد کو کِٹ اور ادویات فراہم کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع میں بیڈس کی تعداد میں اضافہ اور وقارآباد میں آکسیجن بیڈس کے قیام کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

سبیتااندراریڈی نے عوام کو صلاح دی کہ کوویڈ کی علامات کے فوری بعد اپنا ٹسٹ کروالیں اگر رپورٹ پازیٹیو آئی تو فوری ادویات لیتے ہوئے علاج کا آغاز کرلیں۔

اس جائزہ اجلاس میں وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے ضلع کلکٹر پوسومی باسو کو ہدایت دی کہ تانڈور کے مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر میں قائم 100 بستروں کے حامل کوویڈ کیئرسنٹر میں تقرر کیے گئے تمام ڈاکٹرس اور نرسوں کے ڈیوٹی پر پہنچ جانے کے اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کوویڈ سے مرنے والوں کی نعشوں کو حکومت کی جانب سے طئے شدہ قواعد کے تحت کِٹ میں پیاک کرکے دی جائیں۔

وزیر تعلیم نے ڈی اینڈ ایچ او کو ہدایت دی کہ سرکاری ہسپتالوں سے رجوع ہونے والے تمام مریضوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور خانگی ہسپتالوں کی تنقیح انجام دی جاتی رہےاور خانگی ہسپتالوں کی جانب سے زائد فیس اور اخراجات کی وصولی کیخلاف کارروائی کی جائے۔اور کوروناوائرس متاثرین میں یہ شعور پیدا کیا جائے کہ اس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور ایسے مریضوں میں خود اعتمادی پیدا کی جائے

وزیرتعلیم نے کہا کہ کورونا وائر سے متاثر ہونے والے ہوم آئسولیشن میں رہ کر ہی اپنا علاج کرواسکتے ہیں وزیرتعلیم نے تمام متعلقہ عہدیداروں سے خواہش کی کہ وہ موجودہ حالات میں اپنی خدمات جاری رکھیں اور ضلع میں تشکیل دی گئیں کمیٹیوں سے بھی خواہش کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کے تحت کام کریں۔

ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے اس جائزہ اجلاس میں کہا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے ریاست میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ضرورت ہے کہ عوام اس لاک ڈاؤن میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔انہوں نے ضلع ایس پی ایم۔ نارائنا کو ہدایت دی کہ ضلع میں سختی کیساتھ لاک ڈاؤن کے نفاذ کو ممکن بنایا جائے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ کوویڈ ٹسٹ کرواکر اپنے مکانات میں رہنے والوں میں غریب افراد کی تعداد زیادہ ہوتی ہےاسی لیے زیادہ تعداد میں آئسولیشن سنٹرس قائم کیے جائیں۔

پرگی میں آئسولیشن سنٹر قائم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیرتعلیم نے عہدیداروں سے کہا کہ جہاں کے مریضوں کو وہیں علاج فراہم کیے جانے کے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کورونا وائر س کی بڑھتی وباء کے باعث عوام میں مزید شعور پیدا کیا جائے ۔
وزیرتعلیم نے ضلع کےعہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ کوویڈ کیئرسنٹرس کا دؤرہ کرتے ہوئے مریضوں میں خود اعتمادی پیدا کریں۔اور عوام میں کوویڈ ویکسین لینے کیلئے مزید شعور پیدا کریں ساتھ ہی لاک ڈاؤن کی وجہ سے کوویڈ ویکسین کا دوسرا ٹیکہ لینے والوں کیلئے کوئی مشکلات پیش نہ آئیں اسکے لیے بھی اقدامات کریں۔

ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندراریڈی نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ کوروناوائرس سے حفاظت کیلئے احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے ماسک کا استعمال لازمی طورپر کریں،سماجی فاصلہ کو برقرار رکھیں اور اپنے ہاتھوں کو بار بار صابن یاسینی ٹائزر سے دھو تے رہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے