چیف منسٹرکے ۔چندراشیکھر راؤسے وزیرتعلیم سبیتا ریڈی اور ضلع وقارآباد کے ارکان اسمبلی کی ملاقات

چیف منسٹرکے۔چندراشیکھرراؤسے وزیرتعلیم سبیتا ریڈی اور ضلع وقارآباد کے ارکان اسمبلی کی ملاقات

ضلع میں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے نمائندگی

حیدرآباد/وقارآباد:27۔جون (سحرنیوزڈاٹ کام)

چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ سے آج ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی کی قیادت میں ضلع وقارآبادکے ارکان اسمبلی نے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت حوالے کی۔

اس وفد میں چیئر مین موسی ندی ریور فرنٹ سدھیر ریڈی ، ضلع کے ارکان اسمبلی چیوڑلہ ، وقارآباد ، تانڈور ، کوڑنگل اور پرگی کالے یادیا ، ڈاکٹر میتکو آنند، پائلٹ روہت ریڈی ، پی۔ نریندرریڈی اور مہیش ریڈی اور منچی ریڈی کشن ریڈی ، ارکان قانون ساز کونسل ایگے ۔ملیشم اور دیانند کے علاوہ دیگر شامل تھے۔

اس یادداشت میں چیف منسٹر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ضلع وقارآباد میں ایک سرکاری میڈیکل کالج قائم کیا جائے اس موقع پر چیف منسٹر کو بتایا گیا کہ ضلع وقارآباد جدید ضلع کے ساتھ ساتھ پسماندہ ضلع بھی ہے جہاں مستحق اور غریب افراد کو میڈیکل کالج کے ذریعہ فوری اور بہتر علاج و معالجہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے۔

وزیرتعلیم اور ارکان اسمبلی نے چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ سے کہا کہ حکومت پسماندہ اضلاع میں میڈیکل کالجس کا قیام عمل میں لارہی ہے ان میں ضلع وقارآباد کو بھی شامل کیا جائے۔

اس موقع پر ضلع وقارآباد سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے ضلع کو جوگولامبا گدوال زون سے چارمینار زون میں شامل کیے جانے پرچیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے چیف منسٹر کے۔ چندراشیکھر راؤ کو بتایا کہ ضلع وقارآباد میں سرکاری میڈیکل کالج کے قیام سے ریاست میں میڈیکل سیٹوں میں بھی اضافہ ہوگا۔

اور غریب طبقہ کو مفت بہتر علاج کی سہولت بھی حاصل ہوگی جبکہ حکومت کی جانب سے ضلع وقارآباد میں طب کے شعبہ میں عوام کو بہت سی سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور میڈیکل کالج کے قیام کے بعد ضلع میڈیکل ہب میں تبدیل ہوجائے گا۔