مسلم و یلفیئر ٹرسٹ تانڈور کی جانب سے ایک ہزارمستحق خاندانوں میں 13 لاکھ روپئے مالیتی رمضان راشن کٹس کی تقسیم

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

مسلم و یلفیئر ٹرسٹ تانڈور کی جانب سے ایک ہزارمستحق خاندانوں میں
13 لاکھ روپئے مالیتی مختلف اشیاء پرمشتمل رمضان راشن کٹس کی تقسیم
تقریب میں ڈی ایس پی، صدرمسلم ویلفیئر اسوسی ایشن اور دیگر کی شرکت

وقارآباد/تانڈور: 19 / اپریل (سحرنیوزڈاٹ کام)

مسلم ویلفیئر ٹرسٹ تانڈور MWT# کی جانب سے وقارآبادضلع کے تانڈور ٹاؤن میں موجود اس کے دفتر واقع اسٹیشن روڈ پر زائداز 1,000 مستحق مسلم خاندانوں میں 12 لاکھ 86 ہزار روپئے مالیتی رمضان راشن کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔اس تقریب میں ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ،صدرمسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور سید کمال اطہر، صدر المومن ٹرسٹ تانڈور و رکن بلدیہ محمد مختار احمد ناز،سیکریٹری مسلم ویلفیئر ٹرسٹ محمد باسط علی (رائل میڈیکل)، ٹرسٹ کے عہدیداران ڈاکٹر محمد ضیاء، معاون رکن بلدیہ عبدالقوی، عبدالعزیز، نذیر احمد،محمداسد علی کے ہاتھوں ان راشن کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔

اس موقع پر تقریب کے مہمانان خصوصی ڈی ایس پی جی۔شیکھر گوڑ اور صدر مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن سید کمال اطہر نےمسلم ویلفیئر ٹرسٹ تانڈور کی جانب سے گذشتہ کئی سال سے بلاء ناغہ ماہِ رمضان میں مستحق مسلم خاندانوں میں معیاری اور اعلیٰ قسم کے راشن، غذائی اشیاء کی تقسیم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مذہب اسلام نے انسانیت بالخصوص غرباء اور پریشان حال افراد کی مدد کرنے کی تلقین کی ہے۔اورمسلم ویلفیئر ٹرسٹ کے ان نوجوانوں کی یہ خدمات لائق سراہنا ہیں کہ وہ ہر سال مستحق اور غریب طبقہ کے لیے عید کے موقع پر بہت بڑی راحت پہنچاتے ہیں تاکہ وہ بھی عید کی خوشیاں مناسکیں۔

انہوں نے کہاکہ مسلم ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے گذشتہ کئی سالوں سے نہ صرف ماہ رمضان میں راشن کٹس کی تقسیم عمل میں لائی جاتی ہے بلکہ مختلف طریقوں سے ہمیشہ مستحقین کی مدد کرنے میں ٹرسٹ مصروف ہے۔انہوں نے مشورہ دیا کہ مسلم ویلفیئر ٹرسٹ ان فلاحی کاموں کو جاری رکھتے ہوئے اپنی بے لوث خدمات کو مزید وسعت دے۔ڈی ایس پی اور صدرمسلم ویلفیئر اسوسی ایشن نے کہا کہ موجودہ دؤر میں مختلف مقامات اور مقامی سطح پر بھی نوجوانوں،تنظیموں اور ذی حیثیت افراد کو ایسے نیک کاموں کے لیے آگے آنے کی شدید ضرورت ہے۔

سیکریٹری مسلم ویلفیئر ٹرسٹ محمد باسط علی نے بتایاکہ ان رمضان کٹس میں معیاری اور اعلیٰ اقسام کےچاول،گیہوں کا آٹا، تور کی دال، خوردنی تیل، دودھ،سیویاں،شکر، مغزیات،ڈالڈہ، مرچ پاؤڈر اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔فی رمضان راشن کٹ کی قیمت 1,650 روپئے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرسٹ کے ذمہ داران کی جانب سے تانڈور کے تمام 36 بلدی حلقوں میں سروے کے بعد 600 مستحق مسلم خاندانوں اور مواضعات کندینلی، ریگنڈی،ممباپور،آڑکی چیرلہ کے 200 مستحق اور غریب مسلم خاندانوں کا سروے کرنے کے بعد انتخاب عمل میں لاتے ہوئے ان رمضان کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ہے۔جبکہ مذکورہ بالامواضعات کےمستحقین کےمکانات تک مسلم و یلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے یہ رمضان راشن کٹس پہنچائی جارہی ہیں۔اس کے علاوہ بھی مسلم ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے بناء ٹوکن پانچ کلو پرمشتمل گیہوں کا آٹا کے 200 پیاکٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگاکہ چند درد مند نوجوانوں کی جانب سے قائم کردہ مسلم ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے گذشتہ 14 سال سے بلاء ناغہ اور مسلسل رمضان کٹس کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔جبکہ گذشتہ دو سال 2020-21 میں کورونا وباء کےدوران بھی مستحقین کے مکانات تک غذائی اشیاء کی کٹس کے ساتھ ساتھ ماہ رمضان میں بھی رمضان کٹس پہنچائی گئی تھیں۔اس کے علاوہ بھی مسلم ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے بلاء سودی بینک، ایمبولنس سرویس، ماہانہ وظائف،تعلیمی وظائف، پولی کلینک اور دیگر خدمات بھی قابل سراہنا ہیں۔ 

MuslimWelfareTrust#
Tandur#
VikarabadDistrict#
RamzanRationKits#

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے