گھریلو پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں 50 روپیہ ، پٹرول اور ڈیزل پر 80 پیسے فی لیتر اضافہ،مہنگائی پر نافذ لاک ڈاؤن ہٹ گیا، راہول گاندھی کا طنز

پکوان گیس سیلنڈرکی قیمت میں 50 روپیہ، پٹرول اورڈیزل کی قیمت میں 80 پیسے کا اضافہ
گیس،ڈیزل،پٹرول اور مہنگائی پر نافذ لاک ڈاؤن ہٹ گیا
وزیراعظم سے سوال کرو تو کہیں گے کہ تالی بجاؤ، راہول گاندھی کا طنز

نئی دہلی: 22۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)

اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ اور آسمان چھوتی مہنگائی سے پہلے ہی سے پریشان عوام کو گھریلو پکوان گیس کی قیمت میں فی سیلنڈر 50 روپئے کا وہیں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 80 پیسے فی لیتر کا اضافہ کرتے ہوئے آج ایک اور جھٹکا دیا ہے۔

اضافہ شدہ قیمتوں کا آج 22 مارچ،بروزمنگل سے ہی اطلاق ہوگا۔یاد رہے کہ ملک میں ان پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں 137 دنوں کے بعد اضافہ کیا گیا ہے۔اتر پردیش،گوا،پنجاب،منی پور اور جھارکھنڈ جیسی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر 4 نومبر سے قیمتوں میں اضافہ کو روک دیا گیا تھا۔

گھریلوپکوان گیس سیلنڈر، پٹرول اور ڈیزل لی قیمتوں میں اضافہ کے اعلان کے بعد صدر کانگریس و رکن پارلیمان راہول گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر طنز کرتے ہوئے لکھا ہے کہ” گیس، ڈیزل اور پٹرول کے داموں پر لگا لاک ڈاؤن ہٹ گیا ہے،اب سرکاری لگاتار قیمتوں کو ترقی دے گی،وزیراعظم سے مہنگائی کی وباء کے بارے میں پوچھیں تو کہیں گے تالی بجاؤ”۔

اب 14.2 کلو کے حامل گھریلو پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں 50 روپئے کے اضافہ کے بعد تلنگانہ میں اس کی قیمت 1،002 روپئے اور آندھراپردیش میں 1،008 روپئے ہوجائے گی۔

جبکہ دہلی اور ممبئی میں ان کی قیمت 949.50 روپئے،کولکاتا میں 976 روپئے،چنئی میں 965 روپئے،لکھنئو میں 987 روپئے اور بہار کت پٹنہ میں 1،039 روپئے ہوگئی ہے۔اسی طرح 5 کلوگرام پکوان گیس کے حامل سیلنڈر کی قیمت اب 349 روپئے، 10 کلوگرام گھریلو پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت 669 اور 19 کلو گرام کمرشیل پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت 2,003.50 روپئے ہوگئی ہے۔

آئیل کمپنیوں کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں کروڈ آئیل کی قیمتوں میں اضافہ اور ڈالر کے مقابلہ میں روپئے کی قیمت میں کمی کے باعث یہ اضافہ لازمی تھا۔یاد رہے کہ کل ہی انڈین آئیل کمپنیوں نے بڑی مقدار Bulk Users میں ڈیزل حاصل کرنے والی صنعتوں،روڈ ٹرانسپورٹ کی بسوں اور دیگر کے لیے فی لیتر 25 روپئے کا اضافہ کیا تھا۔

آج ہی پٹرول اور ڈیزل پر فی لیتر 80 پیسے کے اضافہ کے ساتھ ہی ملک میں پہلے ہی سے اضافہ شدہ قیمتوں سے پریشان گاڑی مالکین پر مزید بوجھ عائد ہوگا وہیں ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث ذرائع حمل ونقل کے بعد مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ناممکن نہیں ہے۔آج پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد ملک کے چند اہم شہروں میں فروخت کیے جانے والے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اس جدول میں پیش ہیں۔