وقارآباد میں نوجوان کونقلی بندوق سے ڈرانا ڈپٹی تحصیلدار شیخ فیاض کو مہنگا ثابت ہوا
تلاشی کے بعد ایرگن،تلوار اور کئی چاقو ضبط،کیس درج،عدالتی تحویل میں روانہ
وقارآباد/تانڈور:29۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
ڈپٹی تحصیلدار محکمہ سِِول سپلائز وقارآباد شیخ فیاض کی جانب سے معمولی بات پر ایک نوجوان کو نقلی بندوق سے دھمکی دینا مہنگا ثابت ہوا۔نوجوان کی شکایت پر پولیس نے جب شیخ فیاض کے مکان کی تلاشی لی تو انکے مکان سے ایک تلوار کے بشمول مختلف اقسام کی چاقوئیں برآمد ہوئیں اور ڈپٹی تحصیلدار پر کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا۔
وقارآباد کے ساکیٹ نگر میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات پولیس کے بموجب گزشتہ رات کملانگر کاساکن نوجوان ایم ۔کمار پروین ساکیٹ نگر پارک میں واکنگ کے بعدضرورت سے فارغ ہونے کی غرض سے گولیکر فنکشن ہال کے عقبی حصہ میں گیا تھا کہ محکمہ سِول سپلائز وقارآباد میں ڈپٹی تحصیلدار کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے شیخ فیاض نشہ کی حالت میں کار میں وہاں پہنچے اور پروین پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں خواتین رہتی ہیں وہ کیوں ضرورت کرنے کی غرض سے اس طرف آیا ہے؟
نوجوان نے شیخ فیاض کے خلاف پولیس میں درج کروائی گئی اپنی شکایت میں الزا م عائد کیا ہے کہ اس دوران گالی گلوچ کرتے ہوئے شیخ فیاض نے پہلے چاقو نکال کر دوبارہ اپنی عقبی جیب میں رکھ لی اور ساتھ ہی اپنی جیب سے بندوق نکال کر پروین کو ڈرانے کی کوشش بھی کی جس کے بعد معافی مانگ کر پروین وہاں سے روانہ ہوگیا اور رات ایک بجے وقارآباد پولیس اسٹیشن میں شیخ فیاض کے خلاف شکایت درج کروائی۔
پولیس کے بموجب محکمہ سِول سپلائز وقارآباد میں ڈپٹی تحصیلدار کی خدمات انجام دے رہے شیخ فیاض، قاضی پورہ،شاہ علی بنڈہ ،بہادر پورہ حیدرآباد کے ساکن ہیں جو دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں موجود محکمہ سول سپلائز کے دفتر میں بحیثیت ڈپٹی کلکٹر ملازمت انجام دے رہے ہیں اور ساکیٹ نگر،وقارآباد کے ایک مکان میں مقیم ہیں۔
پروین کی جانب سے وقارآباد پولیس میں شیخ فیاض ڈپٹی تحصیلدار محکمہ سِول سپلائزکے خلاف مذکورہ بالا الزامات کے ساتھ شکایت درج کروائے جانے کے بعد پولیس نے شیخ فیاض کو اپنی تحویل میں لیکر تفتیش کی بعد ازاں ان کے مکان کی تلاشی لی گئی تو ایک ایرگن، ایر پستول جس پر بنگلور کا لیبل ہے،13 انچ کی ایک چاقو، 32 انچ کی ایک تلوار،ایک جمبیا کے علاوہ مختلف اقسام کے پانچ سے زائد چاقو برآمد ہوئے ہیں جنہیں پولیس نے ضبط کرلیا اور شیخ فیاض کو باقاعدہ گرفتار کرتے ہوئے آج عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا۔