وقارآبادضلع میں لاک ڈاؤن پرسختی کیساتھ عمل،85لاکھ کے جرمانے ،9,869کیس درج،4,112گاڑیاں ضبط:ضلع ایس پی

وقارآبادضلع میں لاک ڈاؤن پرسختی کیساتھ عمل آوری جاری ،9,869کیس درج،4,112 گاڑیاں ضبط
84 لاکھ 93 ہزار روپئے کے جرمانے،ضلع ایس پی نارائنا کا دؤرہ تانڈور،لاک ڈاؤن پرعمل آوری کاجائزہ

وقارآباد/تانڈور:29۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد مسٹر ایم۔ نارائنا نے کہا ہے کہ ضلع وقارآباد میں کوویڈ کی روک تھام اور لاک ڈاؤن پرسختی کیساتھ عمل آوری جاری ہے۔

آج اپنے دؤرہ تانڈور کے موقع پر مقامی میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ایس پی ضلع وقارآباد ایم۔نارائنا نے بتایا کہ جاریہ لاک ڈاؤن کے دؤران ضلع میں قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے 367 افراد پر کیس درج رجسٹر کیے گئے ہیں اور ضلع میں اب تک 9,869 ایف آئی آر، ای۔ پیٹی کیس اور چالانات کیے گئے ہیں۔

ایس پی ضلع وقارآباد ایم۔نارائنا نے انکشاف کیا کہ ضلع وقارآباد میں آج تک ای۔چالان اور ای۔ پیٹی کیس کے ذریعہ 84 لاکھ 93 ہزار روپئے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

اسی طرح ضلع میں4,112 مختلف گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ گاڑیاں عدالتی تحویل میں دے دی جائیں گی جنہیں ضرورت ہو وہ عدالت یا می۔سیوا سنٹرس میں چالانات ادا کریں تو ان کی گاڑیاں جاری کردی جائیں گی۔

ایس پی ضلع وقارآباد ایم۔نارائنا نے بتایا کہ ضلع وقارآباد میں آج 32 افراد کوویڈ سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 31 متاثرین ہوم آئسولیشن میں اور صرف ایک متاثرہ شخص اسپتال میں زیر علاج ہے۔

قبل ازیں ایس پی ضلع وقارآباد ایم۔نارائنا نے تانڈور کے اندرا چوک اور دیگر مقامات کا ڈی ایس پی تانڈور لکشمی نارائنا اور سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) راجندرریڈی کیساتھ ملکر دؤرہ کرتے ہوئے یہاں لاک ڈاؤن پرعمل آوری کا مشاہدہ کیا۔

اس دؤران سڑکوں پر گھومنے والوں سے پوچھ تاچھ کرنے کے بعد ضلع ایس پی نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کی گاڑیاں ضبط کرنے کی مقامی پولیس کو ہدایت دی۔

ضلع ایس پی ایم۔نارائنا نے کہا کہ تانڈور کے کوویڈ کیئر سنٹر سے لاپتہ خاتون کے معاملہ میں تحقیقات کی جائیں گی۔انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ کوویڈ کی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن پر مزید سختی کیساتھ عمل کریں اور پولیس کیساتھ تعاون کریں،بلاء ضرورت اپنے مکانات سے باہر نہ آئیں۔

ایس پی ضلع وقارآباد ایم۔نارائنا نے بتایا کہ وقارآباد ضلع کے تانڈور منڈل کے کوتلا پور اور کوڑنگل کے راؤلہ پلی میں بین ریاستی چیک پوسٹس کے ذریعہ ریاست میں داخل ہونے والوں اور ریاست سے پڑوسی ریاستوں میں کو روانہ ہونے والوں پر خصوصی نظر رکھی جارہی ہے۔