وقارآباد میں باؤلی میں گری ہرن کوبحفاظت نکال لیا گیا
وقارآباد۔20۔فروری(سحر نیوزڈاٹ کام)
وقارآباد میں آج صبح ایک ہرن باؤلی میں گرگئی جسے بحفاظت باہر نکالتے ہوئے بعد ازاں جنگلات میں چھوڑدیا گیا۔

مقامی ٹی آرایس پارٹی قائد شبھاپردھ پٹیل ایڈوکیٹ کے کھیت میں موجود زرعی باؤلی جو کہ کافی وسیع بھی ہے میں آج صبح کھیت کے ملازم سرینواس نے پانی میں پریشان ادھر سے ادھر تیرتے ہوئے ایک بھاری بھرکم ہرن کو دیکھ کر انہیں اطلاع دی۔
جس پر فوری شبھاپردھ پٹیل ایڈوکیٹ اپنے کھیت پہنچ گئے انہوں نے محکمہ جنگلات وقارآباد کے عہدیداروں کو اس بات کی اطلاع دی۔
تاہم ایک گھنٹہ بعد محکمہ جنگلات کے ملازم جائے مقام پر پہنچے تب تک شبھاپردھ پٹیل اپنے ملازمین کی مدد سے رسی کے ذریعہ بحفاظت اس ہرن کو باؤلی سے باہر نکال لیا تھا۔

بعد ازاں اس ہرن کو شبھاپردھ پٹیل اور محکمہ جنگلات کے ملازمین نے بحفاظت قریبی سیاحتی علاقہ اننت گیری ہلز کے گھنے جنگلات میں اس ہرن کو چھوڑدیا گیاجو چوکڑیاں مارتے ہوئے جنگل میں داخل ہوگیا۔


یا د رہے کہ وقارآباد کے علاقہ میں اننت گیری ہلز2250ایکڑ رقبہ پر موجودگھنے جنگلات میں ہرنوں کیساتھ ساتھ دیگر جانوروں کی بڑی تعداد موجود ہے تاہم انکی حفاظت کیلئے اقدامات ندارد ہیں یہی وجہ ہے کہ اننت گیری گھاٹ پر ایسے کئی حادثات پیش آچکے ہیں جس میں نامعلوم گاڑیوں کی ٹکر سے کئی ہرن ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔


