پرگی کے موضع میں بی جے پی لیڈر کی ڈی جے ساؤنڈ اور رقاصاؤں کے ساتھ رات بھر رقص کی محفل!
لاک ڈاؤن کی اُڑائی گئیں دھجیاں ! پولیس سے عوام نے کیا کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد/وقارآباد:14۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں 11 مئی سے کورونا وائرس کی روک تھام کی غرض سے نافذ کردہ لاک ڈاؤن کے دؤران اس لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر عام آدمی پر سختی کا سلسلہ جاری ہے اور اس ایک ماہ کے دؤران پولیس کی جانب سے کروڑہا روپئے کے جرمانے ،ہزاروں گاڑیوں کی ضبطی اور لاکھوں کیس درج کیے گئے ہیں۔

ریاست میں ان دنوں روزآنہ شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک لاک ڈاؤن پر سختی کیساتھ عمل آوری جاری ہے ایسے میں ضلع وقارآباد کے اسمبلی حلقہ پرگی کے تحت موجود دوما منڈل کے درسم پلی موضع سے تاخیر سے ایسے ویڈیوس سامنے آئے ہیں کہ ایک بی جے پی لیڈر نے لاک ڈاؤن اور کوویڈ قواعد کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اپنے مکان پر اپنی دختر کی سالگرہ کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں پوری رات ڈی جے ساؤنڈ اور اس تقریب کیلئے طلب کی گئیں تیسری صنف کی رقاصاؤں کے ساتھ اس موضع میں دھوم مچادی۔
اطلاعات کے بموجب مذکورہ موضع کے ساکن بی جے پی لیڈر پِلی موگلیہ کے مکان میں 11 جون کی رات 9 بجے سے رقص و سرور کی محفل صبح تک جاری رہی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ شریک تھے جس میں خواتین اور بچوں کے سامنے ہی رقاصاؤں کیساتھ خود بی جے پی لیڈر اور دیگر نے جم کر رقص کی محفل جمادی اورنیم برہنہ رقص بھی کیا گیا۔
اس واقعہ کا ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے۔ (ویڈیو)
موضع کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈی جے ساؤنڈ کے ساتھ منعقدہ اس رقص کی محفل اور شور شرابہ پر مقامی پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی جبکہ یہی پولیس شام 6 بجتے ہی عام لوگوں کے ساتھ سختی کے ساتھ پیش آتی ہے ،جرمانے عائد کیے جاتے ہیں ، گاڑیاں ضبط کی جاتی ہیں اور کیس درج رجسٹر کیے جاتے ہیں تو پھر اس بی جے پی لیڈر کی جانب سے لاک ڈاؤن اور کوویڈ قواعد کی دھجیاں اڑائے جانے پر کوئی کارروائی کیوں نہیں کی؟
اب جبکہ یہ ویڈیوس چند علاقائی میڈیا چینلس نے نشر کردئیے ہیں تو دیکھنا ہوگا کہ پولیس اس بی جے پی لیڈر کے خلاف کیا کارروائی کرتی ہے؟؟