وقارآباد ضلع میں آم کے باغ میں گڑھے سے مگرمچھ برآمد

وقارآباد ضلع میں آم کے باغ میں گڑھے سے مگرمچھ برآمد

پکڑی گئی مگرمچھ سنگاریڈی کے وائلڈ لائف سینکچوری میں بحفاظت چھوڑدی گئی 

وقارآباد۔15۔فروری (سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآبا د ضلع کے مرپلی منڈل میں بِل کل موضع میں ایک آم کے باغ میں کھودے گئے گڑھے سے آج محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو ایک مگرمچھ دستیاب ہوئی ہے۔

موضع کے آم کے باغ میں تعمیراتی کاموں کے لیے ایک گڑھا کھودا گیاتھا آج صبح آم کے باغ میں چند افراد کو اس گڑھے میں ایک زندہ مگرمچھ نظرآئی۔

خوفزدہ افراد نے موضع کے سرپنچ سرینواس کو گڑھے میں مگرمچھ کی موجودگی کی اطلاع دی تو انہوں نے فاریسٹ سیکشن آفیسر بنٹارام جناب شیخ فرید کو اس کی اطلاع دی۔

جس پر جناب شیخ فرید اپنے ماتحت عملہ کے ساتھ فوری جائے مقام پر پہنچ گئے اور انہوں نے اس کی اطلاع فاریسٹ رینج آفیسر مسٹر شیام سندر کو دی ۔ جائے مقام پر پہنچ کر فاریسٹ سیکشن آفیسر بنٹارام جناب شیخ فرید نے احتیاطی اقدامات کے طورپر اس سارے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا اور وہاں موجود عوام کو منتشر کروادیا تاکہ مگر مچھ کو قابو میں کرنے کے دؤران وہ کسی پر حملہ آور نہ ہو۔

بعد ازاں انہوں نے ضلع سنگاریڈی کے مانجرا ڈیم میں موجود ” وائلڈ لائف فاریسٹ سینکچوری ” کے عہدیداروں کو موضع بِل کل کے ایک گڑھے میں مگر مچھ کی موجودگی کی اطلاع دی۔فاریسٹ سیکشن آفیسر بنٹارام جناب شیخ فرید نے نمائندہ سحرنیوزڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ” وائلڈ لائف فاریسٹ سینکچوری ” کی 6 رکنی ” ریسکیو ٹیم ” جائے مقام پر پہنچ گئی اور کافی تگ و دود کے بعدرسیوں کی مدد سے اس مگرمچھ پر قابو پاتے ہوئے احتیاط کیساتھ اسے رسیوں میں جکڑ لیا گیا۔

مرپلی منڈل کے موضع بِل کل میں ریسکیو ٹیم مگر مچھ کو قابو میں کرتے ہوئے
مگر مچھ کو مکمل طورپر قابو میں کرنے کے بعد محکمہ جنگلات کے عہدیدار اور ریسکیو ٹیم

فاریسٹ سیکشن آفیسر بنٹارام جناب شیخ فرید نے بتایا کہ بعد ازاں پکڑی گئی مگرمچھ کو گاڑی کے ذریعہ سنگاریڈی کے مانجرا ڈیم میں موجود ” وائلڈ لائف فاریسٹ سینکچوری ” منتقل کرتے ہوئے اسے بحفاظت پانی میں چھوڑدیا گیا۔یہ پتہ نہیں چل پایا ہے کہ یہ مگر مچھ کہاں سے اس آم کے باغ میں داخل ہوئی تھی ؟

پکڑی گئی مگر مچھ کو ریسکیو ٹیم مانجرا ڈیم کے وائلڈ لائف سینکچوری میں منتقل کرنے کے دؤران
وائلڈ لائف سینکچوری ، مانجرا ڈیم ، سنگاریڈی کے پانی کی جانب بڑھتی ہوئی مگرمچھ