ممبئی۔حیدرآباد سفر کے دؤران خانگی بس سے دو کلو سونا کی چوری کا معاملہ
حیدرآباد پولیس نے حل کرلیا،سونا برآمد،دو گرفتار،کمشنر پولیس انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد :03۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے آج منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ ممبئی تا حیدرآباد خانگی بس سے سفر کے دؤران دو کلو وزنی سونا کے زیورات کی چوری کی شکایت کا سنسنی خیز معاملہ حیدرآباد سٹی پولیس،کرائم برانچ، پنجہ گٹہ پولیس نے حل کرلیا ہے اور اس سلسلہ میں دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے مسروقہ دو کلو سونا کے زیورات برآمد کرلیے گیے ہیں جن کی مالیت زائد از ایک کروڑ روپئے ہے۔
کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمارنے انکشاف کیا کہ اس سونا کے سرقہ میں کوئی اور نہیں بلکہ جیولری مالک کے دو ملازمین ہی ملوث ہیں۔
اس پریس کانفرنس میں دونوں گرفتار شدگان اور ان کے قبضہ سے برآمد کیے گئے دو کلو وزنی سونا کے زیورات میڈیا نمائندوں کے سامنے پیش کرتے ہوئے کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹرانجنی کمار نے بتایا کہ 26 اگست کو شراون کمار گہلوٹ،رگھوجا جیولرس، جویری بازار ممبئی کی جانب سے سیف آباد پولیس اسٹیشن میں دو کلو سونا پرمشتمل بیاگ کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی گئی تھی۔
صفر ایف آئی آر درج کرتے ہوئے سیف آباد پولیس نے اس ایف آئی آر کو پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن کو منتقل کردیا تھا جس کے فوری بعد کرائم نمبر 40552021 کے ذریعہ 379 اور 381 IPC کی دفعات کے تحت کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا اور حیدرآباد پولیس نے اس معاملہ کے اہم ملزم گلاب مالی،ساکن چیرولی،راجستھان اور پروین کمار،پالی،جوائی بند تھانہ راجستھان کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے مسروقہ دو کلو سونا برآمد کرلیا گیا ہے۔
کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ اس معاملہ کی خاص بات یہ ہے کہ دونوں سارقین گلاب مالی اور پروین کمار، شراون کمار گہلوٹ کے پاس دس سال سے ملازمت کررہے تھے اور ان کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد ان دونوں نے اس دو کلو سونا کا سرقہ کیا تھا۔
” کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ (ویڈیو تین منٹ) "
کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار نے کہا کہ یہ واقعہ بڑے بیوپاریوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ وہ کسی بھی لین دین کے وقت محتاط رہیں۔
اس پریس کانفرنس میں پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے جوائنٹ کمشنر پولیس ویسٹ زون اے آر سرینواس کی قیادت میں اس کیس کی جلد اور کامیاب تحقیقات کے ذریعہ مسروقہ سونا برآمد کرتے ہوئے دونوں سارقوں کو گرفتار کرنے پر اے سی پی، ڈی آئی پنجہ گٹہ اور کرائم برانچ کی پوری ٹیم کی سراہنا کی۔
” سونا کے اس سرقہ کی شکایت پرمشتمل تفصیلی خبر ” سحرنیوز ڈاٹ کام ” کی اس لنک پر پڑھی جاسکتی ہے۔ ”
ممبئی سے حیدرآباد خانگی بس سے سفر،دو کلو سونا کے زیور کا بیاگ غائب