حیدرآبادکے راجیوگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر
شارجہ سے آنے والے مسافر کے قبضہ سےانڈرویئر میں چھپاکر لایا گیا 43 لاکھ کاسونا ضبط
حیدرآباد: 03۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد میں کسٹم عہدیداروں نے شارجہ سے حیدرآباد واپس ہونے والے ایک شہری کے پاس سے بڑی مقدار میں سونا ضبط کرتے ہوئے اس شخص کوتحویل میں لے لیا ہے۔
عہدیداروں کے مطابق محمد رفیق شارجہ سے G9-458 فلائٹ سے جب شمس آباد ایرپورٹ حیدرآباد پہنچا تو وہ شارجہ سے اپنے ساتھ 895.20 گرام سونا جسے مادہ (پیسٹ) کی شکل میں ڈھالا گیا تھا اور وہ اسے دو علحدہ علحدہ کالے رنگ کی پلاسٹک میں لپیٹ کر اپنی انڈرویئر میں چھپاکر لارہاتھا۔
کسٹم عہدیداروں نے اسکیان کے دؤران شبہ کی بنیاد پر جب اس کی تلاشی لی تو اس کی انڈر ویئر سے کسٹم عہدیداروں نے یہ سونا ضبط کرلیا اور اس کے خلاف اسمگلنگ کا ایک کیس درج کرتے ہوئے تحویل میں لے لیا۔ شارجہ سے حیدرآباد آنے والے محمد رفیع کے پاس سے ضبط شدہ سونا کی مالیت 44 لاکھ 55 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ اندرون دو یوم حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر مختلف ملکوں سے آنے والے شہریوں کے پاس سے دیڑھ کلو سونا ضبط کیا گیا ہے۔
کسٹم عہدیداروں کے مطابق اسمگلرس اب اسی طرز سے سونے کی اسمگلنگ میں مصروف ہیں۔!!
دو دن قبل بھی کیرالا کے کنور ایرپورٹ پر عہدیداروں نے ایک مسافر کے پاس سے 302 گرام سونا ضبط کیا تھا جسے وہ بھی مادہ(پیسٹ) کی شکل میں ڈھال کر بدن پر پہنی ہوئی اپنی پینٹ میں چھپاکر لارہا تھا اس ضبط شدہ سونا کی مالیت 14 لاکھ روپئے ہے۔
جبکہ ماہ جولائی میں دوبئی سے چنئی پہنچے ایک شخص کے پاس سے مادہ ( پیسٹ ) کی شکل چار بنڈلوں میں چھپاکر لائے جانے والے 40 لاکھ روپئے مالیتی 810 گرام سونا کو ضبط کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا گیا تھا۔
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ کسٹم قوانین کے تحت کوئی بھی ہندوستانی مرد شہری ایک سال بعد وطن واپسی کے دؤران اپنے ساتھ ڈیوٹی فری کے طور پر 20 گرام اور خاتون شہری 40 گرام سونا اپنے ساتھ لاسکتے ہیں اور یہ بھی زیور کی شکل میں ہونا لازمی ہے۔
جبکہ بیرون ممالک سے زائد سونا اپنے ساتھ لانے والے مسافرین کے لیے لازمی ہوتا ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے طئے شدہ ڈیوٹی ادا کرے۔

