ضلع کھمم میں ناجائز تعلقات کا شاخسانہ ،شوہر ،بیوی اور آشنا نے کی خودکشی

جرائم و حادثات

ضلع کھمم میں ناجائز تعلقات کا شاخسانہ
شوہر، بیوی اور آشنا نے کی خودکشی

حیدرآباد/کھمم:03-ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

چند مقامات پر ناجائز تعلقات جہاں ہنستے کھیلتے خاندانوں کی تباہی کا باعث بن رہے ہیں وہیں انسانی جانیں بھی ضائع ہورہی ہیں اور ایسے واقعات سماج میں ہر دوسرے دن کہیں نہ کہیں سے منظر عام پر آرہے ہیں۔

ایسے ہی ایک ناجائز تعلقات کی وجہ سے تین انسانی جانوں کے ضائع ہونے کا واقعہ تلنگانہ کے ضلع کھمم میں پیش آیا ہے۔

پینو بلی منڈل کے لنکا پلی میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات پولیس کے بموجب لنکا پلی کے بالیا 32سالہ کی شادی کرشنا وینی 27 سالہ سے چند سال قبل ہوئی تھی۔

اسی دؤران کرشنا وینی کی جان پہچان چند دنوں قبل اسی کالونی میں مقیم دھرمیا 30 سالہ سے ہوئی اور یہ پہچان ناجائز تعلقات میں تبدیل ہوگئی۔

جس کے بعد شوہر بالیا اور بیوی کرشنا وینی کے درمیان اس مسئلہ پر جھگڑے ہونے لگے تھے کہ 26 اگست کو کرشنا وینی اپنے آشنا دھرمیا کے ساتھ لنکا پلی سے فرار ہوگئی جس سے دلبرداشتہ ہوکر شوہر بالیا 27 اگست کو اقدام خودکشی کرلیا اور دؤران علاج 29 اگست کو اس کی موت واقع ہوگئی۔

لنکا پلی کی اسی کالونی کی ساکن وجرماں نامی ضعیف خاتون جب اپنی بیٹی سے ملاقات کے بعد دو دن بعد وینسور سے لنکاپلی اپنے مکان پہنچی اور اپنے مکان میں داخل ہوئی تو مکان کے اندر دو نامعلوم مسخ نعشیں دیکھ کر چیخ پڑی اور بیہوش ہوگئی۔

مقامی لوگوں نے جب اس کی اطلاع پولیس کو دی تو اے سی پی وینکٹیش ،سرکل انسپکٹر پولیس کرونا کر اور سب انسپکٹر پولیس ناگا راجو جائے مقام پر پہنچ گئے اوران مسخ شدہ نعشوں پر موجود کپڑوں کی شناخت کی گئی تو یہ دونوں نعشیں فرار ہونے والے کرشنا وینی اور اس کے آشنا دھرمیا کی تھیں۔سب انسپکٹر کے بموجب دھرمیا کے باپ وینکٹ رتنم کی شکایت پر ایک کیس درج رجسٹر کرکے پولیس اس معاملہ کی تحقیقات میں مصروف ہے۔

 

دھرمیا ، کرشنا وینی اور بالیا۔

دوسری جانب یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ دھرمیا کی شادی وسنا پیٹ،کرشنا ضلع،آندھراپردیش کی ایک لڑکی سے ہوئی تھی اور اس جوڑے کو ایک بیٹا چندن کمار دس سالہ اور اور ایک بیٹی وینکٹا لکشمی سات سالہ ہیں۔تاہم دھرمیا اور اس کی بیوی میں جھگڑوں کے بعد وہ اپنے مائیکہ میں مقیم ہے اور اپنے شوہر دھرمیا کے خلاف اس نے وسنا پیٹ پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت بھی درج کروائی تھی جس کے بعد دھرمیا اپنے بیوی بچوں سے دور کھمم کے لنکا پلی میں ہی مقیم ہوگیا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ کرشنا وینی اور اس کے آشنا دھرمیا نے اس خاتون کے مقفل مکان میں کسی طرح داخل ہوکر خودکشی کرلی!اس طرح ناجائز تعلقات کے باعث جہاں شوہر ، بیوی اور اس کے آشنا کی تین جانیں ضائع ہوئیں وہیں دو بچے اپنے باپ سے محروم ہوگئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے