مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی سے وزیر داخلہ تلنگانہ محمدمحمود علی کی دہلی میں ملاقات
وقف جائیدادوں کی ترقی کے لیے مرکزی بجٹ سے فنڈس کی اجرائی کے لیے نمائندگی
حیدرآباد:03۔ستمبر
(سحرنیوز ڈاٹ کام/پریس نوٹ)
مرکزی وزیر برائے اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی سے وزیر داخلہ تلنگانہ محمدمحمود علی نے آج جمعہ کے دن دہلی میں ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے جاری مختلف اقلیتی اسکیمات کے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔
بالخصوص ریاست تلنگانہ میں وقف جائیدادوں اور ان کی موجودہ صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے اس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور نمائندگی کی کہ تلنگانہ میں موجود وقف جائیدادوں کی ترقی کے لیے مرکزی بجٹ فراہم کیا جائے تاکہ وقف جائیدادوں کا بہتر تحفظ اور انہیں مزید ترقی دی جاسکے۔
مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے وزیر داخلہ محمدمحمود علی کو تیقن دیا کہ وہ بہت جلد تلنگانہ کی وقف جائیدادوں کے تحفظ اور ترقی کے لیے خاطر خواہ فنڈجاری کریں گے۔
دفتر وزیر داخلہ سے جاری پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ قبل ازیں وزیر داخلہ تلنگانہ محمدمحمود علی نے درگاہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاؒ، حضرت قطب الدین بختیار کاکیؒ، حضرت نصیرالدین چراغ دہلوی ؒ کی بارگاہ میں حاضری دیتے ہوئے چادرگل پیش اور فاتحہ خوانی کی اور دعاؤں کا اہتمام کیا۔
وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے اس موقع پر ریاست تلنگانہ کی ترقی، وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ اور ان کے افراد خاندان کی درازی عمر، تلنگانہ کے عوام کی فلاح و بہبود اور دہلی میں زیر تعمیر ٹی آر ایس بھون کی عمدہ تعمیر کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ کے ساتھ ٹی آر ایس پارٹی کے سینئر قائدین شریف الدین، منیر احمد، عبدالباسط، فریدالدین ،منور خاں،محمد عرفان اور دیگر شریک تھے۔
یاد رہے کہ ملک کے دارالحکومت دہلی میں ٹی آر ایس پارٹی کی ذاتی عمارت (ٹی آرایس بھون) کی تعمیر کے لیے کل منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے بھومی پوجا کی تھی اور اس تقریب میں شرکت کی غرض سے ریاستی وزراء، ٹی آرایس پارٹی کے ارکان پارلیمان،ارکان قانون ساز کونسل اور دیگر اہم قائدین دہلی روانہ ہوئے تھے۔