وقارآبادضلع : اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز کے داخلہ پرطلبہ کے بخار کی جانچ کی جائے:ضلع کلکٹر کی ہدایت

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

وقارآبادضلع: اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز کے داخلہ پر طلبہ کے بخار کی جانچ کی جائے
متاثرہ طلبہ کو ان کے مکانات میں آئسولیشن میں رکھتے ہوئے طبی امداد فراہم کی جائے

جائزہ اجلاس میں محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ضلع کلکٹر وقارآبادکے۔نکھیلا کی ہدایت

وقارآباد:03۔ستمبر( سحرنیوزڈاٹ کام)

بحیثیت کلکٹر و مجسٹریٹ ضلع وقارآباد اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد ضلع کلکٹر محترمہ کے۔نکھیلا نے وقارآباد کے ڈی پی آرسی بھون میں ضلع کے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔

اس اجلاس میں ضلع کلکٹر محترمہ کے۔نکھیلا نے محکمہ صحت ضلع وقارآباد کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ضلع کے تمام اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز پر روزآنہ اے این ایم اور آشاورکرس کے ذریعہ اسکول آنے والے طلبا و طالبات کے جسم کے درجہ حرارت (بخار) کی جانچ کی جائے۔

ضلع کلکٹر وقارآباد کے۔نکھیلا نے اس اجلاس میں محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر ایک اسکول اور آنگن واڑی مراکز پر تھرمل اسکیانر (جسم کے درجہ حرارت کی جانچ کرنے والا آلہ) رکھا جائے اور اسکول، آنگن واڑی مراکز کے داخلہ پر طلبہ کے جسم کے درجہ حرارت کی جانچ لازمی طورپر کی جائے اور کہا کہ اس سے کوویڈ کی روک تھام بہتر طریقہ سے ممکن ہے۔

ضلع کلکٹر نے کہا کہ جو طالب علم بخار سے متاثر پایا جائے اس کی فوری طور پر آر ٹی پی سی آر جانچ کروائی جائے اور اگر وہ طالب علم کوویڈ سے متاثر پایا جائے یا اس میں کوویڈ کی علامات نظر آئیں تو اس طالب علم کو اس کے مکان میں آئسولیشن میں رکھتے ہوئے تمام طبی سہولتیں بہم پہنچائی جائیں۔اس طرح کے اقدامات کے ذریعہ دیگر طلبہ کو کوویڈ سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔

اس اجلاس میں ضلع کلکٹر نکھیلا نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو یہ ہدایت بھی دی کہ ضلع وقارآباد کے لیے منظورہ دو آرٹی پی سی آر سنٹرس کے اندرون یوم آغاز کویقینی بنایا جائے اور افتتاح کے موقع پر مقامی عوامی نمائندوں کو اطلاع دی جائے۔

ساتھ ہی ضلع کلکٹر نے ضلع وقارآباد کے تمام اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز کو ماسک اور سینی ٹائزر فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے گرام پنچایتوں اور این آرای جی ایس فنڈس کا استعمال کیا جائے۔

اس اجلاس میں محکمہ زراعت کے عہدیداروں کو ضلع کلکٹرکے۔نکھیلا نے ہدایت دی کہ خریف سیزن کے لیے کسانوں کو کھاد اور دیگر زرعی اشیا کی آسانی کے ساتھ فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ رعیتو بندھو اسکیم سے تمام کسان مستفید ہوں۔

ضلع کلکٹر نے محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں ہدایت دی کہ ضلع وقارآباد میں موجود 1,196 تالابوں اور پراجکٹس سے متعلق تفصیلی رپورٹ دی جائے۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضلع میں بھیڑ بکریوں کی تقسیم کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

ایس سی،ایس ٹی ، بی سی اور مائنارٹی طلبہ کے اسکالرشپس کی فوری اجرائی کی بھی ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔

اس اجلاس میں ضلع کلکٹر وقارآباد کے۔نکھیلا نے ضلع میں موجود سرکاری اسکولس،ہاسٹلس،اقامتی اسکولس کی تفصیلات بھی حاصل کرتے ہوئے تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ روزآنہ انجام دئیے جانے والے کاموں کی تفصیلات مقررہ فارمیٹ میں ان کے واٹس ایپ پر روانہ کی جائیں۔

ضلع کلکٹر نے تما م عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنی خدمات ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں اور عوام کو بہتر سرکاری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ضلع کلکٹر کے۔نکھیلا نے محکمہ برقی، معدنیات اور محکمہ باغبانی کے عہدیداروں کے ساتھ بھی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر چندریا،سی ای او ضلع پریشد جانکی ریڈی کے علاوہ تمام سرکاری محکمہ جات کے عہدیدار شریک تھے۔

بعدازاں ضلع کلکٹر کے۔نکھیلا نے پلے پرگتی پروگرام کے کاموں پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں خصوصی عہدیداران،تحصیلداران، ایم پی ڈی اوز اور ایم پی اوز شریک تھے۔اس اجلاس میں ضلع کلکٹر نے ہدایت دی کہ ڈپنگ یارڈس،رعیتو ویدیکا اور دیگر مقامات کے احاطوں میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے اور زیر التو کاموں کو جلد مکمل کرلیا جائے۔اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹران موتی لال، چندریا،ڈی آر ڈی او کرشنن، ڈسٹرکٹ پنچایت راج آفیسر رضوانہ،ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر وینو مادھو اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے