حیدرآباد میں گاڑیوں کے چالانات کی ادائیگی میں 50فیصد کی چھوٹ،جھوٹی خبر وائرل
حیدرآباد پولیس نے ٹوئٹر اور فیس بک پر اس کی تردیدکی،عوام سے کہا اس پر یقین نہ کریں
حیدرآباد: 04۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمس بالخصوص واٹس ایپ جھوٹ اور مذہبی منافرت کو ہوا دینے کا اڈہ بن کر رہ گئے ہیں۔
سوشل میڈیا کا استعمال اگر مثبت طریقہ سے کیا جائے توپریشانیوں اور مسائل کے انبار کے اس زمانے میں یہ تفریح کا ایک بہترین ذریعہ ہے کہ انسان کچھ دیر کے لیے اپنی پریشانیاں ،مسائل اور تھکن بھول جاتا ہے۔
لیکن سوشل میڈیا اب زیادہ تر لوگوں کی پریشانیوں اور مسائل میں اضافہ کا موجب بن رہا ہے۔دن بھر آنے والے پیغامات،دھمکیاں،نفرت انگیز بیانات اور منافرت آمیز نعرے لوگوں کو مزید خوفزدہ بنانے کا کام کررہے ہیں۔
وہیں دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارمس بالخصوص واٹس ایپ پر جھوٹ اور افواہیں اس طرح حقیقت کی چادر پہناکر پھیلائی جارہی ہیں کہ سادہ لوح لوگ اس کو سچ مان کر ” ثواب جاریہ” کی نیت سے اسے اپنے دوست احباب اور کئی گروپس میں فوری فارورڈ کرکے اطمینان کرلیتے ہیں کہ چلو آج ایک اچھا کام کرلیا۔(جبکہ ایسے معاملات میں پہلے تصدیق کرلینا ضروری ہوتا ہے)۔اب یہ جھوٹ دن رات گھومتا رہتا ہے لوگ اس پر یقین بھی کرلیتے ہیں۔

انگریزی اور تلگو میں دو ایسے ہی جھوٹ پر مبنی تراشے (کلپس) کل سے سوشل میڈیا خاص کر واٹس ایپ پر خوب وائرل کیے جارہے ہیں۔
معاملہ ہے حیدرآباد کے ان گاڑی مالکین کو دھوکہ دینے اور انہیں خوش کرنے کا!!
سوشل میڈیا پر وائرل ان تراشوں میں لکھا ہے کہ ” دسہرہ بمپر آفر،گاڑیوں کے زیر التوا (Pending E-challan) ای۔چالانات کی ادائیگی میں 50 فیصد چھوٹ کا موقع” اور اس سلسلہ میں حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے گوشہ محل اسٹیڈیم میں ایک میگا لوک عدالت کا انعقاد 4 اکتوبر تا 7 اکتوبر عمل میں لایا جارہا ہے "
اس سلسلہ میں آج حیدرآباد سٹی پولیس نے اپنے ٹوئٹر اور فیس بک اکاؤنٹ پر ان دونوں تراشوں کو پوسٹ کرتے ہوئے اس کی تردید کی ہے اور لکھا ہے کہ اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس حیدرآباد نے بھی وضاحت کی ہے کہ ایسی کوئی میگا لوک عدالت منعقد نہیں کی جارہی ہے اور سوشل میڈیا پر وائرل یہ خبر جھوٹی ہے۔
This Fake News is going viral on Social Media by saying that @HYDTP is going to conduct Megha Lok adalat with 50% discount Mela on Pending Trf Challans frm 4thOct to 7thOct in Goshamahal Stadium,but it is confirmed with the Trf wing they r not going to conduct any Discount Mela.. pic.twitter.com/s7zR0kXxmh
— Hyderabad City Police (@hydcitypolice) September 4, 2021
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ دراصل یہ آفرحیدرآباد ٹریفک پولیس نے اکتوبر 2016ء میں دیا تھا دکن کرانیکل کی ویب سائٹ پر دستیاب تفصیلات کے مطابق 5 اکتوبر 2016ء سے تین دن کے لیے گوشہ محل اسٹیڈیم میں میگا لوک عدالت منعقد کرتے ہوئے گاڑی مالکین کو چالانات کی ادائیگی میں 50 فیصد کی چھوٹ دی گئی تھی اس وقت 100 کروڑ روپئے کے چالانات وصول طلب تھے۔
ممکن ہے کہ چند غیر ذمہ دار افراد کی جانب سے 2016ء کے اخباری تراشے اب دوبارہ سوشل میڈیا پر پھیلادئیے گئے ہوں!!
اس طرح حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے تردید کے بعد گاڑی مالکین اس جھوٹی خبر پر یقین نہ کریں کہ چالانات کی ادائیگی کے لیے 50 فیصد کی چھوٹ دی جانے والی ہے اور میگا عدالت کا اگلے ماہ انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔اور ان تراشوں کو فارورڈ نہ کریں۔