ممبئی سے حیدرآباد خانگی بس سے سفر
دو کلو سونا کے زیور کا بیاگ غائب
حیدرآباد:28۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
خانگی بس کے ذریعہ ممبئی سے حیدرآباد کے سفر کے دؤران مسافر کا ایک ایسا بیاگ غائب پایا گیا ہے جس میں دو کلو سونا کے زیور موجود تھے۔جس کے بعد سونا کے اس بیوپاری نے پولیس میں شکایت درج کروائی ہے کہ ممبئی سے ایک خانگی بس کے ذریعہ حیدرآباد پہنچنے کے بعد اس کا بیاگ بس میں موجود نہیں تھا۔منگل 24 اگست کو پیش آنے والا یہ واقعہ آج منظر عام پر آیا ہے۔
ممبئی کے ایک مشہور جیولرس کے ملازمین گلاب مالی اور مکیش کاروبار کی غرض سے حیدرآباد کے تاجرین تک پہنچانے کے لیے بوریولی ممبئی سے دو کلو سونا کے زیورات لے کر ایک خانگی ٹراویلس کی بس کے ذریعہ 23 اگست،پیر کی رات حیدرآباد کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

اورمنگل کی صبح جب نیند سے جاگے تو وہ حیدرآباد کے حدود میں داخل ہوچکے تھے اور امیر پیٹ پر بس سے اترنے کے بعد اپنا لگیج لینے کے لیے تلاشی لی تو ان کا ایک بیاگ لاپتہ تھا جس میں سونا کے زیور موجود تھے۔
جس پر پریشان گلاب مالی نے ممبئی میں موجود اپنے مالک شراون گہلوٹ کو فون پر اس واقعہ کی اطلاع دی جس کے بعد شروان گہلوٹ حیدرآباد پہنچ گئے اور سیف آباد پولیس اسٹیشن میں سونا پرمشتمل بیاگ کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی۔
جہاں صفر ایف آئی آر درج کرتے ہوئے سیف آباد پولیس نے چونکہ امیر پیٹ پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں آتا ہے تو اس ایف آئی آر کو پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن کو منتقل کردیا۔
ڈٹیکٹیو انسپکٹر پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن ناگیا کے مطابق اس کیس کی تحقیقات کے سلسلہ میں کئی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ممبئی کے لیے روانہ ہوگئی ہیں۔
اور یہ پولیس ٹیمیں بوریولی ممبئی سے حیدرآباد کے امیر پیٹ تک سی سی کیمروں کے فوٹیج اور دیگر طریقوں سے تحقیقات میں مصروف ہیں۔
پولیس کو شبہ ہے کہ زیورات پرمشتمل بیاگ ممبئی یا پھر مہاراشٹرا کے حدود میں ہی اُڑالیا گیا ہوگا!!

