ہریانہ کے کرنال میں احتجاجی کسانوں پر پولیس کا لاٹھی چارج،متعدد کسان زخمی،آئی اے ایس آفیسر کا متنازعہ ویڈیو وائرل

قومی خبریں

ہریانہ کے کرنال میں احتجاجی کسانوں پر پولیس کا لاٹھی چارج
متعدد کسان زخمی،آئی اے ایس آفیسر کا متنازعہ ویڈیو وائرل

ہریانہ:28۔اگست(سحر نیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

ہریانہ کے کرنال میں احتجاجی کسانوں پر پولیس بربریت اور لاٹھی چارج کے باعث کئی کسان شدید زخمی ہوگئے ہیں دی۔ٹریبون کے مطابق اس پولیس لاٹھی چارج میں دس کسان زخمی ہوئے ہیں جس کے بعد وہاں حالات کشیدہ ہوگئے ہیں۔کسان بسترا ٹول پلازہ پر احتجاج کررہے تھے۔

کسانوں پر اس لاٹھی چارج اور کسانوں کے زخمی ہونے والا ویڈیو ” انسٹا گرام ” پر پوسٹ کرتے ہوئے سابق صدر کل ہند کانگریس و رکن پارلیمان راہول گاندھی نے لکھا ہے کہ ” ملک کو خوراک فراہم کرنے والا کسان اپنا خون بہانے سے نہیں ڈرتا،لیکن اب یہ ستیہ گرہ مختلف سطح پر ہوگا-ایک نیا جوش ، ایک نیا جوش-ہم عدم تشدد سے ناانصافی کو شکست دیں گے۔ روک سکتے ہو تو روک لو ، زرعی قانون واپس لو! "

اسی دؤران سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر 2018 بیاچ کے آئی اے ایس آفیسر آیوش سنہا کا ایک ایسا ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں وہ پولیس کو ہدایت دے رہے ہیں کہ ” ہر احتجاجی کو پکڑو اور ان کے پیچھے مارو ” !!

Photos Credit : Twitter

آیوش سنہا کوکرنال میں ڈیوٹی مجسٹریٹ SDM کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے،اس وائرل ویڈیو میں آیو ش سنہا یہ کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ "سب کو اٹھا اٹھا کے مارنا پیچھے سے ،میرے پاس ایک بھی بندہ نکل کر نہیں آنا چاہئے،اگر آئے تو اس کا سر پھوٹا ہوا ہونا چاہئے،”

قبل ازیں چیف منسٹر ہریانہ منوہر لال کھٹر اور ریاستی بی جے پی صدر اوپی دھناکھرریاستی سطح کی پارٹی میٹنگ میں شرکت کے لیے جانے والے تھے کہ احتجاجی کسانوں نے نیشنل ہائی وے 44 کو بسترا ٹول پلازہ کے قریب بند کردیا۔

جہاں بڑی تعداد میں پولیس کو متعین کیا گیا تھا کسانوں اور پولیس کے درمیان پہلے پتھراؤ کی بھی اطلاع ہے جس کے بعد پولیس نے دؤڑا دؤڑاکر کسانوں پر لاٹھی چارج کیا اور بسترا ٹول پلازہ کو اپنے حصار میں لے لیا۔کسانوں کے احتجاج کے پیش نظر کرنال، پانی پت اور انبالہ کے ٹول گیٹس کو بند کردیا گیا ہے۔

چیف منسٹر ہریانہ منوہر لال کھٹر نے کہا کہ کوئی بھی کسی کے بھی پروگرام میں مداخلت نہ کرے اور کسانوں کو موقع دیا گیا ہے کہ وہ جمہوری طریقہ سے پرامن طور پر اپنا احتجاج کریں۔

پولیس لاٹھی چارج کے خلاف کسانوں نے جلمنا ، اسندھ اور نسنگ میں سڑکوں کو بلاک کردیا ہے۔وہیں جھجر میں کسانوں نے پولیس لاٹھی چارج کے خلاف دہلی۔ روہتک شاہراہ کو بھی بلاک کردیا ہے۔

جنرل سیکریٹری کانگریس رندیپ سنگھ سرجے والا نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ” کھٹر حکومت کسانوں کے ساتھ جنرل ڈائر جیسا سلوک کر رہی ہے۔پہلے مودی۔کھٹر حکومتوں نے زراعت کو تین کالے قوانین سے کھیتی کا خون کیا،اب بی جے پی۔ جے جے پی کسانوں کا خون بہارہی ہے "۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے