کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو نے ٹریکٹر پر بیٹھ کر تین کلومیٹر کا سفر طئے کیا

کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو نے ٹریکٹر پر بیٹھ کر تین کلومیٹر کا سفر طئے کیا

بارش کے پیش نظر دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں کنٹرول روم کا قیام،عہدیداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت

وقارآباد/تانڈور:23۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

حلقہ اسمبلی تانڈور کی سڑکوں کی ابتر حالت سے جہاں تانڈور ٹاؤن کے عوام پریشان ہیں وہیں کئی مواضعات تک جانے والی سڑکیں بھی دیہی عوام کے لیے مصیبت کا باعث بنی ہوئی ہیں۔

ایسے میں آج کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو کو بھی یالال منڈل میں خراب سڑک کے باعث اپنی گاڑی چھوڑ کر تین کلومیٹر کا سفر ٹریکٹر پر بیٹھ کرنا پڑا۔

” کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو ٹریکٹر پر بیٹھ کر سفر کرتے ہوئے۔ ( ویڈیو ) "

 

دراصل آج ضلع کلکٹر پوسومی باسو یالال منڈل کے مواضعات سنگم خورد ، بینور اور اگنور میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کی غرض سے پہنچیں انہیں موضع سنگم خورد جانا تھا تاہم سڑک اس قابل نہیں تھی کہ ان کی گاڑی اس پر سے گزر پاتی کیچڑ آلود خراب سڑکوں کی حالت دیکھ کر خود ضلع کلکٹر حیران ہوگئیں اور اپنی گاڑی چھوڑکر ٹریکٹر پر سوار ہوکر موضع تک پہنچیں۔اس ٹریکٹر کی ٹرالی میں عہدیدار اور موضع کے قائدین سوار تھے۔ضلع کلکٹر نے اگنور اور بینور کا بھی دؤرہ کرتے ہوئے جاریہ کاموں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ٹریکٹر پر سفر کررہیں ضلع کلکٹر پوسومی باسو سے کسی نے مطالبہ کیا کہ وہ اس سڑک کی تعمیر کو یقینی بنائیں جس پر ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے کہا کہ سڑک کی تعمیر بہت پہلے منظور کی جاچکی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ حلقہ اسمبلی تانڈور میں کئی سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے سرکاری طور پر منظوری عمل میں لائی جاچکی ہے تاہم سیاسی داؤ پیچ ، گروپ بندی اور کنٹراکٹرس کی من مانی کے باعث کاموں کا آغاز نہیں ہورہا ہے!! جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔

بعدازاں ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان سڑکوں کی حالت فوری درست کی جائے۔

دوسری جانب ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے اپنے پریس نوٹ میں کہا ہے کہ ضلع وقارآباد میں بھی جاری شدید بارش کے پیش نظر عوام کسی بھی مسئلہ پر ٹول فری نمبر 6305954965 پر اطلاع دیں۔

اور شدید بارش کے پیش نظر دفتر کلکٹریٹ میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو 24؍گھنٹے اپنی خدمات انجام دے گا۔

ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے کہا ہے کہ بارش سے عوام کو کوئی مشکلات پیش نہ آئیں اس کے لیے جنگی خطوط پر اقدامات کیے جارہے ہیں اور بارش کے باعث پیش آنے والی مشکلات پر عہدیدار فوری اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو نے عہدیداروں اور عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ چوکس رہیں۔

وہیں کل شیواجی چوک پر خراب سڑک اور اس میں موجود گڑھوں کی وجہ سے دو مال بردار آٹوز کے اُلٹ جانے کے بعد رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی ہدایت پر ٹی آرایس قائدین نے جے سی بی مشین کی مدد سے آج شیواجی چوک تا سینٹ مارکس اسکول اس سڑک کی مرمت کرتے ہوئے گڑھوں کو بند کیا گیا۔ ساتھ ہی اندرا چوک اور دیگر مقامات پر بھی سڑکوں پر موجود گڑھوں کو بند کردیا گیا۔

اس موقع پر ٹی آرایس قائدین شاہی پور نرسملو ، ایم اے نعیم افو، سرینواس چاری ، محمد رضوان اور دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون 6 ماہ تانڈور کی تمام سڑکوں کو بہتر بنانے کیلئے رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی اقدامات کررہے ہیں۔