"میں ہوں نہ"!
گاندھی ہسپتال میں زیر علاج کوویڈمتاثرین سے ملاقات کے دؤران چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کا تیقن
حیدرآباد:19۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے تلنگانہ کے سب سے بڑے کوویڈ ہسپتال میں تبدیل سکندرآباد میں موجود گاندھی ہسپتال پہنچ کر وہاں زیر علاج کوویڈ متاثرین سے راست بات چیت کی اور انہیں تیقن دیا کہ ان کے علاج کیلئے ” میں ہوں نہ ” چیف منسٹر نے ان کوویڈ متاثرین سے کہا کہ وہ ہمت اور حوصلہ کیساتھ رہیں اور حکومت انہیں ہر ممکنہ طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے۔
سرکاری ہسپتالوں میں کوویڈ متاثرین کے علاج اور انہیں دی جانے والی دیگر سہولتوں کا مشاہدہ کرنے اور کوویڈ متاثرین کو حوصلہ دینے کیساتھ ساتھ عوام میں کوروناوائرس کے متعلق پائے جانے والے خوف اور مختلف اندیشوں کو دور کرنے کی غرض سے چیف منسٹر کے۔ چندراشیکھر راؤ آج دوپہرخود گاندھی ہسپتال پہنچ گئے۔

گاندھی ہسپتال کے کوویڈ وارڈس کا زائداز ایک گھنٹہ تک دؤرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤنے زیر علاج کوویڈ متاثرین سے راست بات چیت کی انہیں دی جانے والی طبی سہولتوں کے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔
اس دؤران چیف منسٹر کے۔ چندراشیکھر راؤ نے گاندھی ہسپتال کے آئی سی یو وارڈس جہاں کوویڈ متاثرین زیر علاج ہیں،شعبہ ایمرجنسی،آؤٹ پیشنٹ وارڈس کے علاوہ چند جنرل وارڈس کا بھی معائنہ کیا۔
چیف منسٹر کے۔ چندراشیکھر راؤ خود کوویڈ مریضوں کے بیڈس تک پہنچے ، ان سے بات کی ،ان کے ناموں اور مقامات سے واقفیت اور انکی صحت سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

جنرل وارڈس میں بھی چیف منسٹر نے زیر علاج مختلف مریضوں سے بات کی اور انہیں حوصلہ دیتے ہوئے پوچھا کہ ہسپتال میں ان کا علاج بہتر طریقہ سے ہورہا ہے یا نہیں ؟
چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤنے ان مریضوں سے پوچھا کہ انہیں ہسپتال میں جو غذاء فراہم کی جارہی ہے اس کا معیار کیسا ہے؟ اور اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹرس کو ہدایت دی کہ ان تک پہنچنے والی شکایتوں کو وہ فوری طورپر حل کریں۔
دو دن قبل بشمول حیدرآباد ریاست کے 48 سرکاری ہسپتالوں میں 324 میٹرک ٹن آکسیجن کے حامل پلانٹس قائم کرنے کی چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ کی ہدایت کے بعد گاندھی ہسپتال میں قائم کیے گئے فی منٹ 2,000 لیتر آکسیجن تیار کرنے والے آکسیجن پلانٹ کا بھی چیف منسٹر کے۔ چندرا شیکھر راؤ نے تفصیلی مشاہدہ کیا۔اس موقع پر چیف منسٹر نے سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہسپتال راجہ راؤ سے اس آکسیجن پلانٹ کی کارکردگی اور آکسیجن کے معیارسے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔

اپنے اس گاندھی ہسپتال کے دؤرہ کے دؤران چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے گاندھی ہسپتال میں خدمات انجام دے رہے ڈاکٹرس، کنٹراکٹ نرسوں اور جونیئر ڈاکٹرس سے بھی بات چیت کی اور انہیں اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کوویڈ مریضوں کا علاج کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی خدمات کی ستائش کی اور تیقن دیا کہ انہیں جو بھی مسائل درپیش ہیں وہ حل کیے جائیں گے۔
اور چیف منسٹر نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام کیلئے کھڑا ہونے کی بالخصوص نوجوان ڈاکٹروں کی ذمہ داری ہے۔چیف منسٹر کے۔ چندرا شیکھر راؤ نے اس موقع پر محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جونیئر ڈاکٹرس اور نرسوں کے مسائل اور مطالبات پر مشتمل رپورٹ فوری انہیں روانہ کی جائے۔
چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کا دؤرہ گاندھی ہسپتال : (ویڈیو )
چیف منسٹر کے۔ چندراشیکھر راؤ کے اس دورہ گاندھی ہسپتال کے موقع پر ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ہریش راؤ،ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار، سیکریٹری محکمہ صحت سید علی مرتضیٰ رضوی آئی اے ایس،سیکریٹری چیف منسٹر وخصوصی عہدیدار برائے کوویڈ راج شیکھر ریڈی ،او ایس ڈی چیف منسٹر گنگادھر ،ڈی ایم ای رمیش ریڈی ، سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہسپتال راجہ راؤ،کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کماراور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔

