ماں کی طرح مریضوں کی خدمت کرنے والی نرسوں کی خدمات ناقابل فراموش: وزیراعلیٰ کے سی آر
حیدرآباد:12۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ نے کہا ہے کہ علاج کے دؤران انتہائی شفقت اور محبت کیساتھ ایک ماں کی طرح مریضوں کی خدمات کرنے والی نرسوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
آج انٹرنیشنل نرسیس ڈے کے مؤقع پر دفتر چیف منسٹر کے ٹوئٹر ہینڈل سے کیے گئے ٹوئٹ میں وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نےہسپتالوں میں خدمات انجام دینے والی نرسوں کو انٹرنیشنل نرسیس ڈے کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سسٹرس کی قربانیاں انسانی خدمات کی ایک اعلیٰ مثال ہوتی ہیں۔
اپنے ایک اور ٹوئٹ میں وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے لکھا ہے کہ موجودہ کوروناوباء کے دؤران افراتفری کے ماحول میں اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے کورونا وائرس متاثرین کی جانوں کو بچانے میں مصروف نرسوں کے اس احسان کا بدلہ نہیں چُکایا جاسکتا۔
چیف منسٹر کیرالا پینارائی وجیاین نے انٹرنیشنل نرسیس ڈے کے مؤقع پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ریاست کیرالا نرسوں کو تیار کرنے اور انہیں فراہم کرنے کا ایک ریکارڈ رکھتی ہے۔

اور کیرالا کی نرسیں نہ صرف ملک میں بلکہ پوری دنیا میں اپنی خدمات کا سکہ جمائے ہوئی ہیں اور موجودہ کورونا وباء کے دؤران اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ہماری جانیں بچانے میں آگے ہیں۔اور انٹرنیشنل نرسیس ڈے کے موقع پر میں ان نرسوں کو سیلوٹ کرتا ہوں۔
انٹرنیشنل نرسیس ڈے کے مؤقع پرچیف منسٹر دہلی اروند کجریوال بھی اپنے ٹوئٹ میں نرسوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ موجودہ کورونا وباء کے دؤران بھی نرسیں اور دیگر طبی عملہ فرنٹ لائن واریئرس کی طرح دن رات اپنی خدمات کے ذریعہ انسانی جانیں بچانے میں مصروف ہیں۔اروند کجریوال نے لکھا ہے اصل ہیرو یہی لوگ ہیں اور میں ان تمام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

