وقار آباد ضلع میں ٹاسک فورس کے دھاوے،تین لاکھ روپئے مالیتی چینی مانجھا ضبط
ممنوعہ مانجھا فروخت کرنے والوں کے خلاف ہوگی کارروائی،ضلع ایس پی کوٹی ریڈی کا انتباہ
وقارآباد: 14۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآباد ضلع مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے انتباہ دیاہے کہ جاریہ سنکرانتی تہوار کے دوران حکومت کی جانب سے ممنوع قرار دیا گیا چینی مانجھا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ضلع ایس پی مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے بتایا کہ دو دنوں کے دؤران ضلع ٹاسک فورس پولیس نے ضلع وقارآباد اور کوڑنگل کے مختلف مقامات پر دھاوے منظم کرتے ہوئے 2 لاکھ 97 ہزار 500 روپئے مالیتی ممنوعہ چینی مانجھا ضبط کیا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ اس طرح ٹاسک فورس نےوقارآباد پولیس اسٹیشن کے حدود میں 2 لاکھ 2 ہزار 500 روپئے مالیتی چینی مانجھاکے 81 ڈبے ضبط کرلیےگئے ہیں۔جبکہ کوڑنگل پولیس اسٹیشن کے حدود میں چینی مانجھا کے 38 ڈبے ضبط کئے گئے ہیں جن کی مالیت 95 ہزار روپئے ہے۔اور ان دونوں کارروائیوں میں پولیس نے مانجھا فروخت کرنے والے بیوپاریوں کے خلاف کیس درج رجسٹر کرلیے ہیں۔
ایس پی وقارآباد ضلع نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے بتایاکہ چینی مانجھا مونوفیلمنٹ فشنگ لائن سے بنایا جاتاہے،جسے پگھلاکر پولیمرکیساتھ ملایا جاتا ہے۔دھاگہ بنانے کے بعد اس پر کانچ کے باریک ٹکڑے لپیٹ دیے جاتے ہیں۔اور سال 2017 میں نیشنل گرین ٹریبونل(این جی ٹی) کی جانب سے ملک بھر میں ان مانجھوں کی فروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پتنگ اڑانے کے لیے استعمال ہونے والا یہ ممنوعہ چینی مانجھا اورمصنوعی تار جانوروں اور انسانوں کو یکساں نقصان پہنچاتی ہیں۔ضلع ایس پی مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی نے ضلع کے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پتنگ اڑانے والے اپنے بچوں کو اس بات سے واقف کر وائیں۔اور بالخصوص دو پہیوں کی گاڑیاں چلانے والے بھی سڑکوں اور گلیوں میں ایسے مانجھوں اور پلاسٹک دھاگوں کا خاص خیال رکھیں۔ایس پی وقارآباد ضلع نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے برادران وطن کو تلسنکرانتی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہرتہوار آپسی بھائی چارہ اور قومی یکجہتی کے ساتھ مناتے ہوئے ایک دوسرے کی خوشیوں میں شامل ہوتے ہوئے امن و امان کو مزید فروغ دیں۔


